ہفتہ, مارچ 21, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 418

نیپال کے وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی سفارش کا فیصلہ

0
نیپال کے وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی سفارش کا فیصلہ
نیپال کے وزیراعظم کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی سفارش کا فیصلہ

کاٹھمنڈو پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق آج صبح اولی حکومت کی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں صدر کو وفاقی پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کاٹھمنڈو: نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے اتوار کے روز غیر متوقع طور پر سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے صدر بدیادیوی بھنڈاری کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا۔

’کاٹھمنڈو پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق آج صبح اولی حکومت کی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں صدر کو وفاقی پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر توانائی برشمین پن نے کہا ’’آج کی میٹنگ میں کابینہ نے صدر کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا‘‘۔

مسٹر اولی پر آئنی کونسل ایکٹ سے متعلق ایک آرڈیننس واپس لینے کا دباؤ تھا جسے انہوں نے منگل کو جاری کیا تھا جس پر صدر نے اپنی منظوری بھی دی تھی۔

چینی کیمیکل پلانٹ میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک، 4 زخمی

0

چین میں ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکہ ہونے سے 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق رات 12:46 بجے اینڈا شہر کے ایک کیمیکل پلانٹ میں پیش آیا۔ دھماکے کے بعد پلانٹ میں آگ لگ گئی، جسے اس دن صبح تک بجھایا نہیں جاسکا۔

بیجنگ: چین کے شمال مشرقی صوبے ہیئلونگ ژیانگ میں ایک کیمیائی پلانٹ میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق رات 12:46 بجے اینڈا شہر کے ایک کیمیکل پلانٹ میں پیش آیا۔ دھماکے کے بعد پلانٹ میں آگ لگ گئی، جسے اس دن صبح تک بجھایا نہیں جاسکا۔

ابتدائی اطلاعات میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی جبکہ دو افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ آج صبح لاپتہ افراد کی لاشوں کی تلاشی کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہوگئی۔ اس واقعہ میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

دھماکے کی وجوہات کے بارے میں معلوم کیا جارہا ہے۔ وزارت ماحولیات کی ایک ٹاسک فورس نے ماحول میں کسی بھی مضر کیمیائی مادے کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لئے دھماکے کی جگہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

یوپی: خاتون اساتذہ کا 2 سالہ اور مرد اساتذہ کا 5 سالہ خدمات کے بعد ہوگا تبادلہ

0
یوپی: خاتون اساتذہ کا 2 سالہ اور مرد اساتذہ کا 5 سالہ خدمات کے بعد ہوگا تبادلہ
یوپی: خاتون اساتذہ کا 2 سالہ اور مرد اساتذہ کا 5 سالہ خدمات کے بعد ہوگا تبادلہ

اترپردیش کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لئے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خواتین اور مرد امیدوار 18 تا 22 دسمبر کے درمیان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

پریاگ راج: اترپردیش کے سرکاری اسکولوں کے ٹیچروں کے لئے جاری ہدایات میں بیسک ایجوکیشن کونسل نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے خاتون ٹیچر کو 2 سال اور مرد ٹیچر کو 5 سال کی خدمات پوری کرنے کے بعد انہیں بین ضلعی تبادلہ کا فائدہ دیا جائے گا۔

بیسک ایجوکیشن کونسل کے سکریٹری پرتاپ سنگھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ خاتون ٹیچر جو شادی کے بعد تبادلے کا فائدہ لے چکی ہیں دوبارہ تبادلے کا فائدہ نہیں لے سکتی ہیں۔ خواتین اور مرد امیدوار 18 تا 22 دسمبر کے درمیان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ درخواست فارم دینے کے بعد 22 تا 24 دسمبر کے درمیان ضلع سطح پر کاؤنسلنگ اور آن لائن تصدیق ہوگی۔ 26 دسمبر کو بی ایس اے کی جانب سے کاؤنسلنگ کے بعد ڈاٹا لاک کیا جائے گا۔

این آئی سی کی جانب سے درخواست فارم کی بنیاد پر 26 دسمبر کو فہرست تیار کی جائے گی۔ 29 دسمبر کو این آئی سی کی جانب سے تیار فہرست کا جائزہ لیا جائےگا اور 30 دسمبر کو تبادلے کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ جمعہ ہی سے تبادلے کے آن لائن درخواست دینے کے سلسلے کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس ضمن میں بیسک ایجوکیشن کونسل نے تبادلے کے لئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کے شکوک وشبہات نہ ہوں اور جو امیدوار اس کے اہل ہیں اور اپنا تبادلہ چاہتے ہیں وہ فارم پر کرسکیں۔

شوبھندو ادھیکاری 9 ممبران اسمبلی کے ساتھ امت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں ہوئے شامل

0

شوبھندو ادھیکار ی نے آج ترنمول کانگریس سے 21 سالہ رشتہ ختم کرتے ہوئے 9 ممبران اسمبلی کے ساتھ امت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ ترنمول کانگریس سے دوری بنانے کے بعد پہلی مرتبہ ممتا بنرجی کے خلاف جارحانہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آپ پہلے نمبر پر نہیں ہوں گے۔ آپ دوسرے نمبر پر ہیں۔

کلکتہ: سابق ریاستی وزیر شوبھندو ادھیکار ی نے آج ترنمول کانگریس سے 21 سالہ رشتہ ختم کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں مدنی پور میں عوامی جلسے میں بی جے پی میں شامل ہوگئے۔

ترنمول کانگریس سے دوری بنانے کے بعد پہلی مرتبہ ممتا بنرجی کے خلاف جارحانہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آپ پہلے نمبر پر نہیں ہوں گے۔ آپ دوسرے نمبر پر ہیں۔ شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ میری ماں گائتری دیوی ہے میں کبھی بھی ماں سے غدار نہیں ہوسکتا ہے۔ شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ امت شاہ ملک کے وزیر داخلہ ہیں۔ وہ میرے بڑے بھائی ہیں اور میں ان کا چھوٹا بھائی ہوں۔ امت شاہ نے جو وعدے کئے ہیں اس کو انہوں نے پورا کیا ہے۔

شوبھندو ادھیکاری نے کہا کہ میں نے بنگال کی ترقی کے لئے ترنمول کانگریس چھوڑا ہے۔ میں بنگال کی سرزمین کا قرض دار ہوں اور اس کو ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔ گزشتہ دس سالوں میں بنگال میں ترقی روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عہدہ کی لالچ میں بی جے پی میں شامل نہیں ہوا ہوں۔ بطور کارکن بی جے پی میں کام کرتا رہوں گا۔ ایک ایک بوتھ پر جاؤں گا۔ میں پارٹی کا جھنڈا اور دیوار لکھنے کو تیار ہوں۔

امت شاہ کو باہری کہنے پر انہوں نے کہا کہ پہلے ہم ہندوستانی ہیں پھر بنگالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلکتہ اور دہلی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے ابھیشیک بنرجی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کو بھتیجا تباہ کردے گا۔

بی جے پی میں شامل ہونے والے ممبران اسمبلی

شوبھندو ادھیکاری کے ساتھ سنیل منڈل (ممبر پارلیمنٹ)، دسرتھ ترکے (سابق ممبر)، بنسری میتی (ایم ایل اے، نارتھ کانتی، مشرقی میدنا پور) ، تاپسی منڈل (ایم ایل اے، ہلدیہ، مشرقی میدنی پور)، اشوک ڈنڈا (ایم ایل اے، تملوک، مشرقی مدنی پور)، سددیپ مکھرجی (ایم ایل اے، پرولیا)، بسجیت کندو (ایم ایل اے، کالنا)، ساکت پنجا (ایم ایل اے، مشرقی بردوان)، شیلبھدرا دت (ممبر اسمبلی بارک پور، شمالی 24 پرگنہ)، دیپالی بسواس (ایم ایل اے)، گزول ( مالدا)، سکرا منڈا (ایم ایل اے، نگرکاٹا، جلپائی گورڑی)، شیام پرساد مکھرجی (سابق وزیر) بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔

بہار: پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم میں دھوکہ دہی کا انکشاف

0

مرکزی حکومت کی جاری کی گئی مستفید افراد کی فہرست میں ضلع سمستی پور کے ایک ہزار 593 انکم ٹیکس دہندگان کسانوں نے فرضی طریقے سے پی ایم کسان سمان ندھی اسکیم کا فائدہ لیا ہے۔ مرکزی حکومت نے مستفید کسانوں کے کھاتوں کا جب آدھار کارڈ سے لنک کرکے سافٹ ویئر کے ذریعہ تحقیقات کی تب اس بڑے فراڈ کا انکشاف ہوا۔

سمستی پور: بہار کے ضلع سمستی پور میں پردھان منتری کسان سمان نیدھی اسکیم کے تحت دھوکہ دہی کرکے انکم ٹیکس ادا کرنے والے کسانوں کے ذریعہ کروڑوں روپے لینے کے معاملے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر وکاس کمار نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ضلع کے 225153 کسانوں کو پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا کا فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے مستفید کسانوں کے کھاتوں کا جب آدھار کارڈ سے لنک کرکے سافٹ ویئر کے ذریعہ تحقیقات کی تب اس بڑے فراڈ کا انکشاف ہوا۔

مرکزی حکومت کی جاری کی گئی مستفید افراد کی فہرست میں ضلع سمستی پور کے ایک ہزار 593 انکم ٹیکس دہندگان کسانوں نے فرضی طریقے سے اس اسکیم کا فائدہ لیا ہے۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا کا فائدہ لے رہے ان کسانوں سے رقم واپس لینے کے لئے نوٹس جاری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع کے 1593 مستفید افراد میں سے 9 انکم ٹیکس ادا کرنے والے کاشتکاروں نے اس اسکیم کے تحت لی گئی 76 ہزار روپے کی رقم ڈی بی ٹی کے ذریعہ حکومت ہند کو واپس کردی ہے۔ محکمہ زراعت کو غلط معلومات دے کر اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے کسانوں کو نوٹس جاری کرکے کہا گیا ہے کہ اسکیم کے تحت ملی رقم مقررہ حد کے اندر لوٹا دیں۔ اگر جو کاشتکار رقم واپس نہیں کریں گے تو ان کے خلاف سرٹیفکیٹ کیس درج کرائے جائیں گے۔

افغانستان: خوفناک دھماکے میں 15 بچے ہلاک، دیگر 20 زخمی

0

غزنی کے صوبائی گورنر کے ترجمان وحید اللہ جمعہ زادہ نے بتایا کہ ایک شخص بیٹری رکشہ چلا رہا تھا اور اس کے گاؤں میں داخل ہوتے ہی بچوں نے اسے گھیر لیا۔ اسی دوران یہ دھماکہ ہوا۔ جس میں 15 بچے ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ گاؤں کے ایک ایسے گھر کے قریب ہوا جہاں قرآن خوانی کی تقریب ہورہی تھی۔ 

کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں ہوئے ایک خوفناک دھماکے میں 15 بچے ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوگئے۔
افسران اور پولیس ذرائع نے ہفتہ کے روز بتایا کہ غزنی کے ضلع گیلان میں جمعہ کے روز ہوئے زبردست دھماکے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

چند عینی شاہدین نے بتایا کہ ممکنہ طور پر یہ بچے ایک خریدار کو ہتھیار بیچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تبھی اس میں یہ دھماکہ ہوگیا۔ طالبان دہشت گردوں نے بھی کہا ہے کہ یہ دھماکہ حادثاتی طور پر ہوا ہے۔

یہ دھماکہ گاؤں کے ایک ایسے گھر کے قریب ہوا جہاں قرآن خوانی کی تقریب ہورہی تھی۔

غزنی کے صوبائی گورنر کے ترجمان وحید اللہ جمعہ زادہ نے بتایا کہ ایک شخص بیٹری رکشہ چلا رہا تھا اور اس کے گاؤں میں داخل ہوتے ہی بچوں نے اسے گھیر لیا۔ اسی دوران یہ دھماکہ ہوا۔ ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ قطر کی راجدھانی دوحہ میں افغانی حکام اور طالبان کے مابین بات چیت شروع ہونے کے باوجود ملک میں تشدد جاری ہے۔

امریکہ شیئر بازار میں چینی کمپنیوں کی راہیں ہوئیں مشکل

0

امریکی صدر نے ایک ایسے قانون پر دستخط اور منظوری دے دی ہے جس کے نتیجے میں چینی کمپنیوں پر امریکی اسٹاک مارکیٹ میں کام کرنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔ اس قانون کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ میں کام کرنے والی کمپنیوں کو یہ بتانا ہوگا کہ اس کا مالک کون ہے اور اس کو چلاتا کون ہے۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایسے قانون پر دستخط اور منظوری دے دی ہے جس کے نتیجے میں چینی کمپنیوں پر امریکی اسٹاک مارکیٹ میں کام کرنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔ وہائٹ ​​ہاؤس نے جمعہ کو ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔

ریلیز کے مطابق 18 دسمبر 2020 کو صدر نے ایس 945 پر دستخط اور منظوری دی، جو غیر ملکی کمپنیوں کے احتساب کا تعین کرتی ہے، جس میں غیر ملکی حکومت کے زیر ملکیت یا ان کے زیر کنٹرول کمپنیوں کو بھی ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ ساتھ سخت حفاظتی قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔ آڈٹ کے طے شدہ معیارات کے پیش نظر پبلک کمپنی اکاؤنٹس سپروائزر بورڈ سے بھی منظوری لینی ہوگی۔

امریکی کانگریس کے ایوان زیریں اور ایوان نمائندگان نے اس ماہ اس قانون کی منظوری دی، جبکہ سینیٹ نے اسے مئی میں ہی منظور کرلیا تھا۔ اس قانون کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ میں کام کرنے والی کمپنیوں کو یہ بتانا ہوگا کہ اس کا مالک کون ہے اور اس کو چلاتا کون ہے۔

بی جے پی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات، ممتا حکومت کو سپریم کورٹ کا نوٹس

0

مغربی بنگال میں جھوٹے مقدمات کے خلاف بی جے پی لیڈروں کی عرضیوں پر سپریم کورٹ نے ممتا سرکار کو نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے بی جے پی کے رہنماؤں کے خلاف کوئی بھی قابل سزا کارروائی پر فی الحال روک لگا دی ہے۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات کی بابت جمعرات کے روز ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔

جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس رشی کیش رائے کی بینچ نے بی جے پی رہنماؤں ارجن سنگھ، سوربھ سنگھ، پرنو کمار سنگھ اور کیلاش وجے ورگیہ کی عرضیوں پر سنوائی کے دوران ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔

عدالت عظمیٰ نے بی جے پی کے رہنماؤں کے خلاف کوئی بھی قابل سزا کارروائی پر فی الحال روک لگا دی ہے اور معاملے کی سنوائی آئندہ ماہ تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

افغانستان میں امریکہ کا فراہم کردہ اربوں ڈالر کے سکیورٹی آلات غائب

0
افغانستان میں امریکہ کا فراہم کردہ اربوں ڈالر کے سکیورٹی آلات غائب
افغانستان میں امریکہ کا فراہم کردہ اربوں ڈالر کے سکیورٹی آلات غائب

افغانستان (سی ایس ٹی سی۔اے) کو مئی 2019 سے اپریل 2020 تک 365 دنوں کے دوران دستیاب تفصیلات میں صرف 40 فیصد سامان پایاگیاہے۔

واشنگٹن: افغانستان میں سلامتی دستوں کو امریکہ کے محکمہ دفاع کے ذریعہ فراہم کیے گئے اربوں ڈالر کے فوجی آلات غائب ہیں اور انکا پتہ نہیں چلاہے۔

افغانستان کے تعمیرنو سے متعلق خصوصی انسپکٹر جنرل نے ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ جمعرات کو جاری کی گئی رپورٹ میں ایس آئی جی آر نے بتایاکہ افغانستان (سی ایس ٹی سی۔اے ) کو مئی 2019 سے اپریل 2020 تک 365 دنوں کے دوران دستیاب تفصیلات میں صرف 40 فیصد سامان پایاگیاہے۔

اس کے علاوہ سی ایس ٹی سی ۔اے کو دیے گئے 12681آلات میں میں سے کم سے کم 678 نہیں ملے ہیں۔

امریکہ کے نیو کلائی سیکیورٹی سمیت اہم محکموں پر بڑا سائبر حملہ: رپورٹ

0

رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے نیو کلائی سیکیورٹی سمیت اہم محکموں پر بڑا سائبر حملہ کرکے ہیکروں نے خفیہ معلومات حاصل کی ہے۔ اس سائبر حملے سے امریکی وزارت دفاع پینٹاگون، وزارت تجارت، ہوم لینڈ سیکیورٹی، خزانہ اور قومی ادارہ صحت بھی متاثر ہوئے ہیں۔

واشنگٹن: امریکہ کے نیو کلائی ہتھیاروں کی ذمہ داری سنبھالنے والے نیشنل نیوکلیئر سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (این این ایس اے) اور محکمہ توانائی کے نیٹ ورک پر بڑا سائبر حملہ کرکے ہیکروں نے خفیہ معلومات حاصل کی ہے۔
امریکی میڈیا کمپنی پولیٹیکو نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں ان محکموں کے عہدیداروں کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
رپورٹ کے مطابق فیڈرل انرجی ریگولیٹری کمیشن (ایف ای آر سی) اور الاموس نیشنل لیبارٹریوں کے علاوہ محکمہ توانائی کے متعدد دفاتر کے نیٹ ورک میں بھی مشکوک سرگرمیوں کا پتہ چلا ہے.
امریکہ کی سائبر سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی (سی آئی ایس اے) نے اس سے قبل جمعرات کے روز حکومت کے تمام محکموں کو متنبہ کرتے ہوئے بڑے سائبر حملے کے تعلق سے جانکاری دی تھی۔ اس سائبر حملے سے امریکی وزارت دفاع پینٹاگون، وزارت تجارت، ہوم لینڈ سیکیورٹی، خزانہ اور قومی ادارہ صحت بھی متاثر ہوئے ہیں۔
روزنامہ واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اے پی ٹی 29 نامی ہیکنگ گروپ اس سائبر حملے کا ذمہ دار ہے۔ اس گروپ کو ڈیوک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اس کا تعلق مبینہ طور پر روس سے ہے۔ امریکہ میں روسی سفارتخانے نے میڈیا کے ان دعووں کو مسترد کردیا ہے۔