اتوار, مئی 10, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 433

دہلی میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید سخت اقدامات، پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کی مانگ

0

 

دہلی حکومت نے مرکزی حکومت کو ایک تجویز بھیجی ہے جس میں محدود سطح پر پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر سے نمٹنے کے لیے کیجریوال حکومت سخت اقدامات کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ جس میں کچھ علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور شادی بیاہ کی تقریبات میں شرکاء کی تعداد 50 تک محدود رکھنے پر غور کیا جارہا ہے۔

وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز اس کا اشارہ کیا۔ مسٹر کیجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کو ایک تجویز بھیجی ہے جس میں محدود سطح پر پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

اگر اس تجویز پر منظوری مل جاتی ہے تو زيادہ انفیکشن والے علاقوں میں پھر سے تالا بندی کی جاسکتی ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ کچھ بازاروں میں دیوالی کے تہوار کے دوران بہت لاپرواہی سامنے آئی۔ بازار آنے والے لوگوں نے نہ تو ماسک پہن رکھے تھے، نہ ہی سماجی دوری کی پابندی کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اگر بازاروں میں ماسک پہننے اور معاشرتی فاصلے کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جاتا ہے اور وہ جگہ ایک کورونا وائرس کی ہاٹ اسپاٹ بن سکتی ہے تو ان بازاروں کو پھر سے محدود وقفے کے لیے بند کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس طرح کی تجویز مرکز کو بھیجی جارہی ہے۔

شادی کی تقریبات میں مہمانوں کی تعداد 200 تک رکھنے کی اجازت تھی لیکن کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر ان کی تعداد 50 تک محدود کرنے کی تجویز لیفٹیننٹ گورنر کو ارسال کردی گئی ہے۔

وزیر صحت نے کل ہی کہا تھا "پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کا کوئی ارادہ نہیں”

قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کل ہی کہا تھا کہ پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

 

مسٹر اروند کجریوال نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال معمول پر آنے سے ازدواجی تقاریب میں مہمانوں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 200 کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں بستروں کی تعداد کافی ہے، لیکن آئی سی یو والے بستروں کی کمی ہے جس کے لئے مرکزی حکومت نے مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "تمام حکومتیں مل کر کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کام کر رہی ہیں، لیکن سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ لوگوں کو خیال رکھنا چاہئے۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد بغیر ماسک کے گھوم رہی ہے۔ میری اپیل ہے کہ براہ کرم ماسک پہنیں اور سماجی دوری کی پابندی کریں”۔

اتوار کے روز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ایک اعلی سطح کی میٹنگ میں دہلی حکومت کو 750 آئی سی یو بیڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دہلی کے اندر کورونا وائرس نومبر کے مہینے میں زیادہ خوفناک صورت اختیار کرتا جارہا ہے۔ نئے متاثرین کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 99 افراد کی موت ہوچکی ہے، جو ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر کی یومیہ تعداد سے زیادہ ہے۔ نومبر میں اب تک، کورونا وائرس سے دہلی میں 1100 سے زیادہ افراد فوت ہوچکے ہیں۔

گڈ گورننس کی حقیقت چھپانے کے لیے زندہ جلانے کے معاملے کو دبا دیا گیا: راہل

0

راہل گاندھی نے بہار کے حاجی پور ڈیٹ لائن سے چھپی ایک خبر کو ٹوئٹر پر پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کا ماحول خراب نہ ہو اس لیے پولیس نے لڑکی کو زندہ جلانے کا معاملہ دبا دیا۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بہار کے ضلع ویشالی میں لڑکی کو زندہ جلانے کا معاملہ پس پشت ڈالنے کے سلسلے میں حکومت کو سخت ہدف تنقید بنایا۔ منگل کے روز انہوں نے کہا کہ انتخابی مفادات کے لیے ’گڈ گورننس‘ کی نقلی بنیاد کھسکنے سے بچانے کے لیے غیر انسانی اقدام زیادہ بڑا جرم اور خطرناک روش ہے۔

مسٹر گاندھی نے کہا یہ واقعہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ہوا تھا اور ریاستی حکومت نے ’گڈ گورننس‘ کی اپنی جھوٹی تشہیر پر پردہ ڈالنے اور ووٹرز کو گمراہ کرنے کے لیے خطرناک قدم اٹھایا ہے۔

مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا، ’کس کا جرم زیادہ خطرناک ہے۔ جس نے یہ غیر انسانی فعل کیا یا جس نے انتخابی فائدے کے لیے اسے چھپایا تاکہ اس ’کُشاسن‘ (بد حکمرانی) پر اپنے جھوٹے ’سُشاسن‘ (بہتر حکمرانی) کی بنیاد رکھ سکے؟‘

کانگریس کے رہنما نے اس ٹویٹ کے ساتھ بہار کے حاجی پور ڈیٹ لائن سے چھپی ایک خبر کو پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کا ماحول خراب نہ ہو لہٰذا پولیس نے لڑکی کو زندہ جلانے کا معاملہ دبا دیا۔

احتیاطی تدابیر نے کورونا کی دھماکہ خیز صورتحال کو روکا: مارکل

0

انجیلا مارکل نے کہا کہ جرمنی میں احتیاطی تدابیر نے کورونا کی دھماکہ خیز صورتحال کو روکا ہے۔ ہمیں ابھی بھی لمبا راستہ طے کرنا ہے۔ ملک میں دو نومبر سے مہینے کے آخر تک خفیف لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

برلن: جرمنی کی چانسلر انجیلا مارکل نے کہا کہ ملک میں احتیاطی تدابیر کے نفاذ سے کورونا وائرس ’کووِڈ – 19‘ کی دھماکہ خیز صورتحال کو روکنے میں مدد ملی ہے اور افسران آئندہ ہفتے کی کاروائی کا فیصلہ کریں گے۔

محترمہ مارکل نے پیر کے روز جرمن خطوں کے سربراہوں کے ساتھ ملک میں پھیلی کووِڈ – 19 وبا کی صورتحال پر مذاکرہ کیا۔ اس دوران سخت تدابیر کے لیے عام اتفاق رائے نہ ہو سکا لیکن رابطوں کو محدود کرنے کے لیے شہریوں پر سختی کرنے کی سفارشات کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ عبوری جائزہ کے لیے یہ ایک اچھا فیصلہ ہے، ہم آئندہ میٹنگ میں طویل مدتی حل پر گفتگو کریں گے۔

میٹنگ کے بعد محترمہ مارکل نے صحافیوں سے کہا، ’ہمیں ابھی بھی لمبا راستہ طے کرنا ہے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ ہم نے دھماکہ خیز اضافے کو روک دیا اور اس سے ہم سبھی خوش ہیں‘۔

قابل ذکر ہے کہ جرمنی میں دو نومبر سے مہینے کے آخر تک خفیف لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

پاکستان: سڑک حادثے میں آٹھ افراد ہلاک، 11 زخمی

0

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک وین کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد: پاکستان میں خیبر پختونخوا صوبے کے ضلع نوشہرہ میں پیر کے روز ایک وین گہری کھائی میں جا گری جس سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی اور دیگر 11 افراد زخمی ہو گئے۔ 

نوشہرہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور ولی خان نے میڈیا کو آج یہاں بتایا کہ ایک گھماؤدار موڑ پر وین ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا جس سے یہ حادثہ ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، راحت اور بچاؤ ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال میں داخل کروایا۔

اس حادثے میں ایک خاتون اور ایک بچے سمیت آٹھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

نتیش نے ساتویں مرتبہ لیا بہار کے وزیراعلیٰ عہدے کا حلف

0

نتیش کے بعد بی جے پی کے لیڈر تارکشور پرساد اور رینودی اور جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری، بجندر پرساد یادو، اشوک چودھری اور میوالال چودھری نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی موجود تھے۔

پٹنہ: قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے لیڈر نتیش کمار نے آج ساتویں مرتبہ بہار کے وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیا۔ مسٹر کمار کو گورنر ہاﺅس میں منعقدہ ایک سادی تقریب میں گورنر پھاگو چوہان نے وزیراعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔

مسٹر کمار کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر تارکشور پرساد اور رینودی اور جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری، بجندر پرساد یادو، اشوک چودھری اور میوالال چودھری نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔

اس کے بعد جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کی شیلا کماری، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سنتوش کمار سمن، ویکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے مکیش سہنی، بی جے پی کے منگل پانڈے، امریندر پڑتاپ سنگھ، رام پریت پاسوان، جیویش کمار اور رام صورت رائے کو وزیر کے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا گیا۔

اس موقع پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے، بہار کونسل کے چیئر مین اودھیش نارائن سنگھ، سابق نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی، بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس، بی جے پی بہار معاملوں کے انچارج بھوپندر یادو سمیت این ڈی اے میں شامل جے ڈی یو، بی جے پی، ہم اور وی آئی پی کے نومنتخب اراکین اسمبلی موجود تھے۔

ادھر حلف برداری تقریب کا اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی)، کانگریس، سی پی آئی ایم ایل، سی پی آئی اور سی پی آئی ایم نے بائیکا ٹ کیا ہے۔

اتر پردیش کے کئی اضلاع میں بارش و ژالہ باری

0

اترپردیش کے متھرا، علی گڑھ، اٹاوہ، فیروزآباد، قنوج، کانپور، اناؤ اور لکھنؤ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران متھرا سمیت کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔

لکھنؤ: اترپردیش کے کئی اضلاع میں اتوار کی شام سے ہی ہورہی بارش سے آسمان میں چھائی دھول اور مطلع صاف ہوگیا اور لوگوں کو گلابی ٹھند کا احساس ہونے لگا ہے وہیں کچھ ایک مقامات پر ہوئی ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔

متھرا، علی گڑھ، اٹاوہ، فیروزآباد، قنوج، کانپور، اناؤ اور لکھنؤ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران متھرا سمیت کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ ہوئی بارش سے کئی درخت گر گئے جس سے بجلی سہولیات میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اچانک ہوئی بارش سے ائیر کوالٹی انڈکس میں بہتری درج کی گئی ہے۔ پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے باریک دھول اور مٹی کے ذرات پانی میں دھل گئے۔ تو وہیں بے موسم بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔ کھیتوں میں پانی بھرنے سے سبزیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ گیہوں کی بوائی کرنے والے کسانوں کے ماتھوں پر شکن کر بل آگئے ہیں۔

نائب وزیراعلیٰ کی دعویداری چھوڑنے کے بعد سشیل مودی نے کہا ”کارکن کا عہدہ تو کوئی نہیں چھین سکتا“

0

سشیل مودی کی جگہ کٹیہار کے رکن اسمبلی تارکشور پرساد کو بی جے پی قانون سا ز پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ مسٹر مودی کے ٹویٹ سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ ان سے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ چھین لیا گیا ہے۔

پٹنہ: بہار میں نتیش کمار کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے اس بار ناخوش دلی سے اپنی دعویداری چھوڑ نے کے بعد کہا کہ کارکن کا عہدہ کوئی چھین نہیں سکتا۔

مسٹرمودی نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کر کے آج خود اس کی جانکاری دی کہ ان کی جگہ کٹیہار کے رکن اسمبلی تارکشور پرساد کو بی جے پی قانون سا ز پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا ”تارکشور جی کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر بہت بہت مبارک باد“۔

اس کے بعد مسٹر مودی نے جذباتی ٹویٹ میں کہا ”بی جے پی اور سنگھ پریوار نے مجھے چالیس سالوں کے سیاسی سفر میں اتنا دیا کہ شاید کسی کو نہیں ملا ہوگا۔ آئندہ جو بھی ذمہ داری ملے گی اسے بخوبی ادا کروں گا۔ کارکن کا عہدہ تو کوئی چھین نہیں سکتا“۔

مسٹر مودی سے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ چھین لیا گیا

بی جے پی کی جانب سے ابھی باضابطہ طور پر یہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ مسٹر نتیش کمار کی قیادت میں بننے والی حکومت میں نائب وزیراعلیٰ کون ہوگا لیکن مسٹر مودی کے ٹویٹ سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ ان سے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ چھین لیا گیا ہے۔ عام طور پر بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر ہی اب تک مسٹر نتیش کمار کی حکومت میں نائب وزیراعلیٰ رہا ہے۔

غور طلب ہے کہ پانچ جنوری 1952 کو پیدا ہوئے مسٹر سشیل کمار مودی پچاس دنوں کے بعد 69 سال کے ہوجائیں گے اور آئندہ اسمبلی انتخاب تک ان کی عمر قریب 74 سال ہوگی۔ ممکن ہو اسی وجہ سے بی جے پی کی مرکزی قیادت بہار میں مسٹر مودی کو پھر سے نائب وزیراعلیٰ نہیں بنانا چاہتی ہے۔ لیکن مسٹر مودی بہار میں بی جے پی کے قد آور لیڈر ہیں اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پسند بتائے جاتے ہیں اس لئے بی جے پی کو فیصلہ لینے میں دشواری ہورہی تھی اور اس لئے اس کا فیصلہ مسٹر مودی پر ہی چھوڑ دیا تھا۔

بی جے پی ذرائع کے مطابق مسٹر مودی کو راجیہ سبھا رکن بنا کر مرکز کی سیاست میں بھیجا جائے گا۔ قیاس آرئی کی جارہی ہے کہ مسٹر مودی کو لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے صدر رام ولاس پاسوان کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی مرکزی کابینہ میں جگہ دی جاسکتی ہے۔

نتیش کمار کل ساتویں مرتبہ وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے

0

نتیش کمار نے گورنر پھاگو چوہان کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر کے لوٹنے کے بعد کہا کہ گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیش کش کی ہے۔ کل شام 4.00 سے 4.30 بجے کے درمیان گورنر ہاﺅس میں وہ وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔

پٹنہ: قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) قانون ساز پارٹی کے نومنتخب لیڈر مسٹر نتیش کمار کل ساتویں مرتبہ بہار کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔

مسٹر کمار نے گورنر پھاگو چوہان کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر کے لوٹنے کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر انہیں منتخب کئے جانے کی جانکاری انہوں نے گورنر کو دی۔ گورنر نے انہیں حکومت سازی کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل شام 4.00 سے 4.30 بجے کے درمیان گورنر ہاﺅس میں وہ وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے۔

این ڈی اے لیڈر نے کہا کہ کل ان کے ساتھ کچھ وزیر بھی حلف لیں گے۔ ان کی فہرست آج ہی یا کل صبح گورنر ہاﺅس بھیج دی جائے گی۔ ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا کل کابینہ کی حلف میں سبھی حلیف جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی اس پر انہوں نے کہا کہ چاروں جماعتوں کے لیڈران میٹنگ کر کے اس پر فیصلہ لیں گے۔

حلف تقریب کے بعد نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلانے کیلئے ہوگی میٹنگ

مسٹر کمار نے کہا کہ کل حلف تقریب کے بعد کابینہ کی میٹنگ ہوگی اور اس میں اسمبلی اجلاس کے متعلق فیصلہ لیا جائے گا تاکہ نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلائی جاسکے۔

این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر مسٹر کمار نے نائب وزیراعلیٰ کے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ اس کے بارے میں جلد ہی آپ کو پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پھر سے کام کرنے کا موقع دیا ہے۔ اچھے طریقے سے کام کرنا پڑے گا۔ نئی حکومت میں کہیں کوئی کمی نہیں رہے اس کی ہم لوگ کوشش کریں گے۔

مسٹر نتیش کمار کے گورنر ہاﺅس سے لوٹنے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی بھی گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کر کے لوٹے۔ مسٹر راج ناتھ سنگھ سے بھی جب نائب وزیراعلیٰ کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی بھی نام بتانے سے انکار کیا۔ ان سے جب نامہ نگاروں نے دوبارہ پوچھا کہ کیا مسٹر سشیل کمار مودی ہی پھر سے نائب وزیراعلیٰ ہوں گے تب انہوں نے کہا کہ جب اس پر فیصلہ ہوگا تو پتہ چل جائے گا۔

نتیش کمار جے ڈی یو قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب

0

مسٹر کمار کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی چار شریک پارٹیوں کی میٹنگ میں این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخابی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وہ آج گورنر سے ملیں گے اور حکومت کی تشکیل کا دعوی یش کریں گے۔

پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار ایک بار پھر قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب ہوئے۔

وزیراعلی کی سرکاری رہائش گاہ ایک آنے مارگ پر جے ڈی یو کے نومنتخب ممبران اسمبلی اور ایم ایل سی کی آج ہوئی میٹنگ میں مسٹر نتیش کمار کو اتفاق رائے سے پارٹی کی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔

مسٹر کمار کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی چار شریک پارٹیوں کی میٹنگ میں این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخابی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وہ آج گورنر سے ملیں گے اور حکومت کی تشکیل کا دعوی یش کریں گے۔

اس میٹنگ میں جے ڈی یو کی ریاستی صدر واششٹھ نارائن سنگھ، ریاستی ایگزیکٹو صدر اشوک چودھری، جنرل سکریٹری آر سی پی سنگھ اور سینئر لیڈر بیجیندر پرساد یادو بھی موجود تھے۔

مدھوبنی: ٹرک کی زد میں آکر تین افراد کی موت، ایک دیگر زخمی

0

مدھوبنی ضلع میں ہفتہ کی رات، ایک ٹرک دو لوگوں کو کچل کر بھاگ رہا تھا، اسی دوران اس نے سریسب گاؤں میں بھی دو لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے میں تین لوگوں کی موت جبکہ ایک دیگر زخمی ہوگیا۔

مدھوبنی: بہار میں مدھوبنی ضلع کے بونی پٹی تھانہ علاقے میں ٹرک کی زد میں آکر تین افراد کی موت اور ایک دیگر شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایا کہ سنیچر کی رات بلاک روڈ میں ایک ٹرک دو لوگوں کو کچل کر بھاگ رہا تھا، اسی دوران اس نے سریسب گاؤں میں بھی دو لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس حادثے میں تین لوگوں کی موت جبکہ ایک دیگر زخمی ہوگیا۔

مہلوکین کی شناخت سشیل رام، امیش کمار یادو اور وشنو ٹھاکر کے طور پر کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زخمی کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کی جانکاری ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے کے لئے بھیج دی ہیں۔