جمعرات, مارچ 26, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 90

پنجاب: بی جے پی لیڈر من پریت بادل کی تلاش میں 6 ریاستوں میں ویجی لینس ٹیم کی چھاپہ ماری، 64 دن سے لاپتہ

0
پنجاب:-بی-جے-پی-لیڈر-من-پریت-بادل-کی-تلاش-میں-6-ریاستوں-میں-ویجی-لینس-ٹیم-کی-چھاپہ-ماری،-64-دن-سے-لاپتہ

چنڈی گڑھ: پنجاب ویجی لینس ٹیم بی جے پی لیڈر اور پنجاب کے سابق وزیر خزانہ من پریت بادل کی تلاش میں 6 ریاستوں میں چھاپے مار رہی ہے۔ چھاپوں کے لیے ٹیمیں پنجاب، ہماچل پردیش، ہریانہ، دہلی، اتراکھنڈ اور راجستھان پہنچ چکی ہیں۔

درحقیقت منگل کو ہی ایک عدالت نے من پریت سنگھ بادل کے خلاف پنجاب کے بٹھنڈہ ضلع میں جائیداد کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔

یہ من پریت سنگھ بادل کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ویجی لینس کو شبہ ہے کہ من پریت ملک چھوڑ کر بیرون ملک جا سکتا ہے۔ من پریت بادل کی جانب سے پیشگی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر آج سماعت ہوگی۔

ویجی لینس ٹیم نے سال 2021 میں سابق ایم ایل اے سروپ چند سنگلا کی شکایت کی بنیاد پر جانچ شروع کی تھی۔ ماڈل ٹاؤن میں پلاٹ کی خریداری کے معاملے میں ویجی لینس ٹیم گزشتہ کئی ماہ سے کارروائی کر رہی تھی۔ منپریت بادل گزشتہ 64 دنوں سے لاپتہ ہیں اور ان پر گرفتاری کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

لکھنؤ میں زیر تعمیر ’ملٹی لیول پارکنگ‘ کی دیوار گرنے سے حادثہ، دو افراد ہلاک

0
لکھنؤ-میں-زیر-تعمیر-’ملٹی-لیول-پارکنگ‘-کی-دیوار-گرنے-سے-حادثہ،-دو-افراد-ہلاک

لکھنؤ: یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پی جی آئی کے سیکٹر 12 علاقے میں کالندی پارک کے قریب زیر تعمیر اپارٹمنٹ کا ایک حصہ اچانک گر گیا۔ اس کی وجہ سے کئی مزدور ملبے میں دب گئے۔ جبکہ دو افراد ہلاک ہو گئے۔

موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ جمعرات کی دوپہر کو زیر تعمیر اپارٹمنٹ کے تہہ خانے کی جے سی بی سے کھدائی کی گئی تھی۔ جس کی وجہ سے عمارت کو نقصان پہنچا اور رات گئے اس کا کچھ حصہ گر گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ آخری اطلاع موصول ہونے کت ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکالنے کا کام جاری تھا اور 14 افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔

ایشیائی کھیل: ہندوستان نے نشانہ بازی میں ایک طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا

0
ایشیائی-کھیل:-ہندوستان-نے-نشانہ-بازی-میں-ایک-طلائی-اور-ایک-چاندی-کا-تمغہ-جیتا

ہانگزو: ہندوستانی نشانہ بازوں نے چین میں جاری 19ویں ایشیائی کھیلوں میں جمعہ کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم ایونٹ میں ایک طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا۔

ایشوریہ پرتاپ سنگھ، سوپنل اور اکھل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 50 میٹر رائفل تھری پوزیشنز مینز ٹیم ایونٹ میں 1769 کا اسکور بنا کر طلائی تمغہ جیتا۔ جبکہ چین کے لنشو، ہاو اور جیا منگ کی جوڑی کو چاندی کے تمغے اور کوریا کے کھلاڑی کو کانسی کے تمغے سے اکتفا کرنا پڑا۔

خواتین کے زمرے کے ایک دیگر مقابلے میں 10 میٹر ایئر پسٹل خواتین کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں ایشا سنگھ، پلک اور دیویا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1731 کے اسکور کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ چین کی رینکسنگ، لی اور نان کی جوڑی نے پہلی پوزیشن کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔

اجین عصمت دری معاملہ: پولیس نے کلیدی ملزم کو کیا گرفتار، فرار ہونے کی کوشش میں زخمی!

0
اجین-عصمت-دری-معاملہ:-پولیس-نے-کلیدی-ملزم-کو-کیا-گرفتار،-فرار-ہونے-کی-کوشش-میں-زخمی!

بھوپالمدھیہ پردیش پولیس نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ اجین میں ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کرنے کے معاملہ میں کلیدی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ شخص کی شناخت اُجین کے رہائشی بھرت سونی کے طور پر کی گئی ہے۔ قبل ازیں جمعرات کو اجین کے ایس پی سچن شرما نے کہا تھا کہ کل پانچ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک کو بدھ کو جبکہ چار کو جمعرات کو حراست میں لیا گیا تھا۔

سچن شرما نے بتایا کہ متاثرہ ستنا ضلع کی رہائشی ہے۔ پولیس انسپکٹر اجے کمار نے بتایا کہ گرفتار مرکزی ملزم نے پولیس کی حراست سے فرار ہونے کی کوشش کی، اسی دوران وہ سیمنٹ کی دیوار سے ٹکرا گیا۔ جس کے بعد اسے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ملزم کو موقع پر لے جایا گیا تو اس نے بھاگنے کی کوشش کی۔

اجے کمار نے مزید کہا، ’’ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس والوں نے اس کا تعاقب کیا۔ اسی دوران وہ سیمنٹ کی دیوار سے ٹکرانے سے زخمی ہو گیا۔‘‘ ملزم کا تعاقب کرنے والا ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تاہم ملزم کو قابو کر لیا گیا۔ جب صحافیوں نے افسر سے سوال کیا کہ ملزم پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ اس پر گولی چلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم سیمنٹ کی دیوار سے ٹکرا گیا تھا۔

متاثرہ کے اہل خانہ نے 24 ستمبر کو گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔ لڑکی نے ستنا سے اجین کا سفر کیا ہے۔ اس واقعہ نے ریاست مدھیہ پردیش میں ایک سیاسی تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔

اپوزیشن کانگریس نے ریاست میں بی جے پی حکومت کے تحت امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھائے ہیں۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، جو کہ مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم کی قیادت کر رہی ہیں، نے اس واقعہ کے لیے بی جے پی حکومت پر تنقید کی ہے۔

مودی حکومت نے ہندوستان کے نوجوانوں کی امیدوں اور خوابوں کو کچل دیا، خودکشیوں میں اضافہ: جے رام رمیش

0
مودی-حکومت-نے-ہندوستان-کے-نوجوانوں-کی-امیدوں-اور-خوابوں-کو-کچل-دیا،-خودکشیوں-میں-اضافہ:-جے-رام-رمیش

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات نے بے روزگاری کے مسئلہ پر وزیر اعظم مودی پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ہندوستان کے نوجوانوں کی امیدوں اور خوابوں کو کچل دیا ہے اور اس کی وجہ سے خودکشی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

جے رام رمیش نے کہا کہ مودی حکومت خودکشی کی معلومات کو چھپانے کے لیے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے ڈیٹا میں ہیرا پھیری کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن معاشی پالیسیوں نے درحقیقت تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کم کر دئے ہیں۔

جے رام رمیش نے مزید کہا کہ مودی حکومت کا اگلا قدم نوجوانوں کی خودکشی کی شرح کو چھپانے کے لیے 2022 کے لیے این سی آر بی کے ڈیٹا میں ہیرا پھیری کرنا ہے۔ آنند وہار ٹرمینل پر راہل گاندھی کی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کی ڈگریوں کے حامل افراد سمیت تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد رسمی ملازمت حاصل کرنے سے قاصر ہے اور غیر رسمی ملازمتیں کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے ساتھ ساتھ چھپی ہوئی کم روزگاری ہندوستان میں ایک سنگین مسئلہ ہے۔ ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے 2021-22 کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ رسمی شعبے میں روزگار 2019-20 کے مقابلے میں 5.3 فیصد کم تھا۔ 20-2019 اور 2021-22 کے درمیان رسمی آجروں کی تعداد میں بھی 10.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

عظیم پریم جی یونیورسٹی کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ 2021-22 میں 25 سال سے کم عمر کے 42 فیصد گریجویٹس بے روزگار تھے۔ سینٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی (سی ایم آئی ای) کے اعداد و شمار کے مطابق، مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ملازمتوں میں 2016-17 اور مارچ 2023 کے درمیان 31 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

منی پور تشدد: ہجوم نے وزیر اعلیٰ کے آبائی گھر پر بولا دھاوا، سکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنایا

0
منی-پور-تشدد:-ہجوم-نے-وزیر-اعلیٰ-کے-آبائی-گھر-پر-بولا-دھاوا،-سکیورٹی-فورسز-نے-حملہ-ناکام-بنایا

نئی دہلی/امپھال: ایک ہجوم نے جمعرات کی رات ریاستی راجدھانی امپھال کے مضافات میں منی پور کے وزیر اعلی این بیرین سنگھ کے خالی آبائی مکان پر حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ وادی میں سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود پیش آیا۔ سکیورٹی فورسز نے ہوائی فائرنگ کر کے بھیڑ کو منتشر کر دیا۔ خیال رہے کہ این بیرین سنگھ امپھال کے وسط میں ایک الگ محفوظ سرکاری رہائش گاہ میں رہتے ہیں۔

ایک پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا، ’’امپھال کے ہنگانگ علاقے میں وزیر اعلیٰ کے آبائی مکان پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ سیکورٹی فورسز نے ہجوم کو گھر سے تقریباً 100-150 میٹر دور روک دیا۔‘‘ پولیس افسر نے کہا، ’’اس رہائش گاہ میں کوئی نہیں رہتا، تاہم یہاں حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’لوگوں کے دو گروپ مختلف سمتوں سے آئے اور وزیراعلیٰ کے آبائی مکان کے قریب پہنچ گئے، تاہم انہیں روک دیا گیا۔‘‘

ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) اور ریاستی پولیس فورسز نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے کئی راؤنڈ فائر کیے۔ حکام نے مرئیت کو کم کرنے اور مظاہرین کے لیے آگے بڑھنا مشکل بنانے کے لیے پورے علاقے میں بجلی کاٹ دی۔ انہوں نے بیرین سنگھ کے گھر کے قریب مزید رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔

مظاہرین نے قریبی سڑک پر ٹائر بھی نذر آتش کئے۔ ایمبولینسوں کو جائے وقوعہ پر دیکھا گیا، حالانکہ کوئی زخمی نہیں ہوا۔ منی پور میں طلبا نے دو نوجوانوں کی ہلاکت پر منگل اور بدھ کو پرتشدد احتجاج کیا تھا۔ ہجوم نے جمعرات کی صبح امپھال مغربی ضلع میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور دو گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔

سکیورٹی فورسز کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپ کے بعد کل دو اضلاع امپھال ایسٹ اور ویسٹ میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ ان مظاہرین میں زیادہ تر طلباء تھے۔

بھارت میں تقریباً ایک سال سے کوئی چینی سفیر نہیں

0
بھارت-میں-تقریباً-ایک-سال-سے-کوئی-چینی-سفیر-نہیں

اگلے ماہ نئی دہلی میں چینی سفارت خانے میں کسی سفیر کی عدم موجودگی کے ایک برس مکمل ہو جائیں گے۔ 1976 کے بعد سفیروں کی تعیناتی کا یہ طویل ترین وقفہ ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں موجودہ سردمہری کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کا ایک اور ثبوت گذشتہ دنوں ملا جب بھارت نے چین کے قومی دن کے موقع پر منعقد تقریب میں مہمان کے طور پر کسی وزیر کے بجائے درمیانے درجے کے ایک اہلکار کو بھیجا۔

اس معاملے سے واقف حکام کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ چین نے نئی دہلی میں اپنے سفارت خانے میں نئے سفیر کی تعیناتی کے لیے ابھی تک کسی معاہدے یا رسمی معاہدے کی درخواست نہیں کی ہے اور اس معاملے پر کسی طرح کی سرگرمی کے آثار بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔ بھارت میں آخری چینی سفیر سن وائی ڈونگ نے گزشتہ سال 26 اکتوبر کو اپنی مدت مکمل کی تھی۔ بعد میں وہ چین کے تین نائب وزرائے خارجہ میں سے ایک کے طورپر مقرر کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے حالیہ مہینوں نے جاپان اور امریکہ کے لیے نئے سفیرو ں کا تقرر کیا لیکن بھارت کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا گیا کہ اس عہدے کو کب پر کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں نئی دہلی میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس میں شی جن پنگ نے خود شرکت کرنے کے بجائے وزیر اعظم لی کیانگ کو بھیجا تھا۔

ایک بھارتی ذرائع کا کہنا تھا، "یہ محض اتفاق نہیں بلکہ یہ ایک دانستہ فیصلہ ہے جو چین کے سوچے سمجھے انداز کا حصہ ہے۔ انہوں نے ماضی میں کئی سفیروں کا تقرر کیا ہے اور بالخصوص ایسے وقت جب کہ سربراہ مملکت کا بھارت کا دورہ متوقع ہو۔” انہوں نے مزید کہا کہ، "بھارت میں چینی سفیر کو تعینات نہیں کرنے کے حوالے سے دیگر قیاس بھی کیے جاسکتے ہیں لیکن یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ بھارت کی جانب سے صورت حال کو غیر معمولی اور کشیدہ قرار دینا بھی سفیر کو تعینات نہ کرنے کی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔”

بھارت اور چین کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا ایک اور ثبو ت پیر کے روز نئی دہلی میں اس وقت دیکھنے کو ملا جب چین کے قومی دن کی تقریب میں بھارتی حکومت کا کوئی وزیر شریک نہیں ہوا۔ پروٹوکول کے مطابق حکومت نئی دہلی میں واقع سفارت خانوں اور ہائی کمیشنوں کے ذریعہ منعقد کیے جانے والے قومی دن کے موقع پر بالعموم کابینہ درجہ کے کسی وزیر یا وزیر مملکت کے عہدے پر فائز کسی شخص کو بھیجتی ہے۔

پیر کے روز جب چین کے قومی دن کی تقریبات منعقد کی گئی تھیں اسی دن سعودی عرب کے قومی دن کی تقریب بھی منعقد ہوئی تھی جس میں کابینی وزیر سمرتی ایرانی نے شرکت کی تھی۔ لیکن چینی سفارت خانے کی تقریب میں وزارت خارجہ میں مشرقی ایشیا کے جوائنٹ سکریٹری گورنگ لال داس شریک ہوئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گورنگ لال داس نے حال ہی میں تائیوان میں بھارتی نمائندے کے طورپر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ چین، جاپان اور کوریا کے شعبے کے جوائنٹ سکریٹری کے طورپر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

جاپان، امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ بھارت میں بھی چینی سفیر کے عہدہ کو کافی اہم سمجھا جاتا ہے۔ یہ چینی سفارت کاروں کے لیے تعیناتی کی سب سے زیادہ پسندیدہ پوسٹنگ میں سے ایک ہے کیونکہ یہاں تعینات کیے جانے والے سفیر کو نائب وزیر خارجہ کے عہدے کے مساوی سمجھا جاتا ہے۔ نئی دہلی میں آخری چینی سفیر سن وائی ڈونگ اور ان کے پیش رو لیو ژاوہوئی دونوں کو ہی چین میں نائب وزیر خارجہ بنایا گیا۔

گزشتہ برس اکتوبر میں وائی ڈونگ کے جانے کے بعد سے چینی سفارت خانہ ناظم الامور ما جیا کی سربراہی میں کام کررہا ہے۔ 1976کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اتنے طویل عرصے تک نئی دہلی میں کوئی چینی سفیر نہیں ہے۔ چین میں بھارت کے سابق سفیر اشوک کانتھا کا کہنا ہے کہ "یہ چین کی طرف سے پیغام ہے کہ وہ تعلقات کی موجودہ حالت سے مطمئن نہیں ہے۔”

خیال رہے کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تعطل کی وجہ سے سن 1962 میں بھارت او رچین کے درمیان جنگ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات کم ترین سطح پر ہیں۔ اس وقت لداخ سیکٹر میں دونوں ملکوں نے تقریباً 60000 فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

تلنگانہ اسمبلی انتخاب سے قبل بی آر ایس کو لگا زوردار جھٹکا، 3 سینئر لیڈران کانگریس میں شامل

0
تلنگانہ-اسمبلی-انتخاب-سے-قبل-بی-آر-ایس-کو-لگا-زوردار-جھٹکا،-3-سینئر-لیڈران-کانگریس-میں-شامل

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب ان کی پارٹی بی آر ایس کے 3 سینئر لیڈران کانگریس میں شامل ہو گئے۔ تلنگانہ اسمبلی انتخاب سے قبل بی آر ایس کے لیے یہ بری خبر ہے، کیونکہ جو لیڈران کانگریس میں شامل ہوئے ہیں ان میں سے ایک کو آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے امیدوار بنایا گیا تھا۔

کانگریس نے اپنے آفیشیل ایکس ہینڈل پر بی آر ایس لیڈران کے پارٹی میں شامل ہونے کی تصدیق کی ہے۔ کانگریس کے ایکس ہینڈل پر بی آر ایس لیڈران کے کانگریس میں شامل ہونے کی کچھ تصویریں شیئر کی گئی ہیں اور ساتھ میں لکھا گیا ہے کہ ’’کانگریس کے نظریہ اور مفاد عامہ کی پالیسیوں سے متاثر ہو کر مینام پلی ہنومنت راؤ جی، ویمولا ویریشم جی اور مینام پلی روہت جی نے کانگریس صدر کھڑگے جی کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ کانگریس کنبہ میں آپ کا استقبال ہے۔ آئیے ملک کے مفاد کے ہدف کی طرف مل کر قدم بڑھائیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ مینام پلی ہنومنت راؤ بی آر ایس پارٹی سے رکن اسمبلی ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخاب میں انھیں پارٹی کی طرف سے ملکاج گری انتخابی حلقہ سے امیدوار بھی بنایا گیا تھا۔ اس کے باوجود انھوں نے بی آر ایس چھوڑ کر کانگریس کا دامن تھامنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے ساتھ بیٹے مینام پلی روہت نے بھی کانگریس کی رکنیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ جہاں تک ویمولا ویریشم کا معاملہ ہے، وہ بی آر ایس سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور وہ تلنگانہ میں ایک مضبوط لیڈر تصور کیے جاتے ہیں۔

دارالحکومت دہلی میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا عید میلاد النبی

0
دارالحکومت-دہلی-میں-عقیدت-و-احترام-کے-ساتھ-منایا-گیا-عید-میلاد-النبی

نئی دہلی: عید میلاد النبی کے مبارک موقع پر دہلی کے مختلف علاقوں میں جلوس اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے دعاء بھی کی۔ مرکزی انجمن عید میلاد النبیؐ کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس سے قبل ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماوں نے شرکت کر بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

آج صبح چوک باڑہ ہندو راؤ میں مرکزی انجمن عید میلاد النبیؐ کی جانب سے جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کے بعد مولانا آزاد عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری دنیا کو امن و امان، بھائی چارہ، یکجہتی کا پیغام دیا۔ آج پھر موقع آیا ہے کہ ہم اس پیغام کو عام کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان تو یہ تھی کہ آپ زخم کھا کر بھی دعائیں دیتے کیونکہ رب نے آپ کو رحمت العالمین بنا کر بھیجا تھا۔

دہلی حکومت میں وزیر عمران حسین نے اس موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک دن ہم سب کے لیے عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم برائیوں سے خود کو روکیں اور اسلام اور پیغمبر اسلام کے پیغام کو دنیا تک پہنچائیں۔ ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے کہا کہ خدا اور رسو لؐ کے احکامات پر چل کر زندگی گزارنا ہی دنیا و آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے دلوں میں عشق رسول کا چراغ روشن کریں۔

رکن اسمبلی عبدالرحمن نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت مقدس ہے اور ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم اپنے اعمال کو بہتر کریں اور سب کی بھلائی کے لیے کام کریں۔ کونسلر سلطانہ آباد نے مبارک باد دیتے ہوئے انجمن کی کاوشوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نظامت کے فرائض ساجد رضا نے انجام دیئے۔ اس دوران انجمن کے صدر حاجی محمد احمد، کنوینر حاجی محمد شمیم قریشی، حاجی مہربان قریشی، جان عالم، سابق کونسلر عمران اسمعیل، محمد اسلم، فرزان قریشی، سابق رکن اسمبلی راجیش جین، کونسلر ساریکا چودھری، محمد فہیم، سوامی نارنگ، عآپ لیڈر زینت خاں، مصطفی قریشی، ضیاء عاشقین، کمل، محمد سبحان، سیحان، عبد الناصر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ صلاۃ وسلام دعاء کے بعد جلسہ ختم ہوا۔

جلسہ کے بعد جلوس روانہ ہوا۔ جو باڑہ ہندو راؤ سے ہوتا ہوا پہاڑی دھیرج، بارہ ٹوٹی، صدر بازار، قطب روڈ، کھاری باؤلی، فتحپوری، لا ل کنواں، چاؤڑی بازار ہوتے ہوئے جامع مسجد پر ختم ہوا۔ بارہ ٹوٹی چوک پر حاجی مہربان قریشی کی جانب سے جلوس کا پرتپاک خیرم مقدم کیا گیا۔ منتظمین کو شال اور پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا گیا۔ اسی طرح راستے میں عمران حسین، مرزا جاوید علی وغیرہ نے جلوس کا استقبال کیا۔ جامع مسجد پر رکن اسمبلی شعیب اقبال اور ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے جلوس کا استقبال کیا۔ بعد نماز مغرب جامع مسجد میں صلاۃ و سلام کے بعد جلوس ختم ہوا۔

شمال مشرقی دہلی کے علاقوں میں بھی عید میلاالنبی کے جلوس نکالے گئے اور مذہبی رہنماؤں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں شامل کرنے پر زور دیا۔ مصطفی آباد کے برج پوری علاقے میں نوری انجمن کمیٹی نے ایک پروگرام منعقد کیا جس میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر علی مہدی نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی اور کہا کہ اگر ہمیں کامیاب ہونا ہے تو پیغمبر اسلام سرکار دو جہاں حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کہ بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ہمیں امن، محبت، بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ نبی کی سنت ہے، نبی نے ہمیں ہر ایک بات بتائی ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے۔ اسی لیے ہمیں نبی کی سیرت پڑھنے اور ان کے عمل کو اپنی روزانہ کی زندگی میں شامل کرنا چاہئے۔

کانگرس لیڈر حاجی محمد خوشنود نے اس موقع پر کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی ہمارے لیے ایک نمونہ ہے جس پر چل کر ہم دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج ہم عہد کریں کہ روزانہ نبی کی سنت اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں گے اور دوسروں کو بھی اس کی دعوت دیں گے۔

مودی حکومت کی بات نہیں مانے گا میزورم، میانمار کے پناہ گزینوں کا بایومیٹرک ڈاٹا جمع کرنے سے انکار

0
مودی-حکومت-کی-بات-نہیں-مانے-گا-میزورم،-میانمار-کے-پناہ-گزینوں-کا-بایومیٹرک-ڈاٹا-جمع-کرنے-سے-انکار

میرزورم حکومت نے میانمار کے پناہ گزینوں سے متعلق آج ایک انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے جو مرکز کی مودی حکومت کے خلاف جا رہا ہے۔ دراصل میزورم حکومت نے مودی حکومت کی ایک ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے ریاست میں میانمار کے پناہ گزینوں کا بایومیٹرک ڈاٹا جمع نہیں کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں سال اپریل میں مرکزی وزارت داخلہ نے میزورم اور منی پور دونوں کی حکومتوں کو اپنی اپنی ریاستوں میں غیر قانونی پناہ گزیوں کے بایومیٹرک اور دیگر تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ یہ دونوں ریاستیں میانمار کی سرحد سے ملتی ہیں، اسی وجہ سے مرکزی حکومت نے ہدایت جاری کی تھی۔

جون ماہ میں مرکزی حکومت نے ریاستوں کو ہدایت دی تھی کہ مہم ستمبر کے آخر تک مکمل ہو جانا چاہیے۔ اس نے دونوں ریاستوں کو ایک منصوبہ تیار کرنے اور عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت دی۔ میزورم حکومت نے میانمار میں فوج کی کارروائی سے بھاگ رہے پناہ گزینوں کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ اس نے پہلے بھی سرحد بند کرنے کے مرکزی حکومت کے احکامات کو نظر انداز کیا تھا۔

میزورم کی بات کریں تو اس شمال مشرقی ریاست میں رواں سال اسمبلی انتخاب بھی ہونے ہیں۔ اب جبکہ جورمتھانگا کی قیادت والی میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف) حکومت نے کہا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کا بایومیٹرک ڈاٹا جمع نہیں کرے گی۔ اس کے علاوہ منی پور حکومت نے بھی وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ منی پور نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے افسروں کی مدد سے 29 جولائی کو عمل شروع کیا، لیکن وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ وہ مرکز سے مدت کار ایک سال بڑھانے کے لیے کہیں گے، کیونکہ جاری تشدد کے سبب اس عمل میں تاخیر ہو رہی ہے۔