منگل, مارچ 24, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 63

آپریشن اجئے: 230 ہندوستانیوں کو لے کر رات 9 بجے اسرائیل سے روانہ ہوگا خصوصی طیارہ

0
آپریشن-اجئے:-230-ہندوستانیوں-کو-لے-کر-رات-9-بجے-اسرائیل-سے-روانہ-ہوگا-خصوصی-طیارہ

اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان جنگ جاری ہے۔ اس درمیان ہندوستانی حکومت نے اسرائیل سے وطن واپسی کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانیوں کے لیے ’آپریشن اجئے‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت پہلا خصوصی چارٹر طیارہ جمعرات کی شب ہندوستانیوں کو لے کر بین گورین ہوائی اڈے سے ہندوستان کے لیے روانہ ہوگا۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق چارٹر طیارہ ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘ کے طرز پر 230 ہندوستان کو لے کر جمعرات کی شب 9 بجے اسرائیل سے روانہ ہوگا۔ اس سفر کا مکمل خرچ ہنددوستانی حکومت برداشت کرے گی۔

آپریشن اجئے کے تحت اس طیارہ کا انتظام ایسے لوگوں کی مدد کے لیے کیا جا رہا ہے جو اسرائیل سے ہندوستان لوٹنے کے خواہش مند ہیں اور طیارہ خدمات دستیاب نہیں ہونے کے سبب لوٹ نہیں پا رہے ہیں۔ ایئر انڈیا نے اسرائیل-حماس جنگ شروع ہونے کے بعد 7 اکتوبر کو ہی اپنی ہوائی خدمات ملتوی کر دی تھیں اور اب تک شروع نہیں ہوئی ہیں۔

اس درمیان اسرائیل میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ کی طرف سے وہاں مقیم ہندوستانیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہندوستانی سفارتخانہ، تل ابیب، اسرائیل میں اپنا رجسٹریشن کرائیں۔ سفارتخانہ کے ساتھ رجسٹریشن کرنے سے انھیں وہ سہولیات فراہم کی جا سکیں گی جو ایمرجنسی حالات میں ضروری ہوں گی۔ سفارتخانہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کرنے سے ہمارے ای میل نیٹورک کے ذریعہ مختلف واقعات کے بارے میں جانکاری بھی مل سکے گی۔

بی جے پی اپنے کیڈر کی بات نہیں سنتی، اس لیے 15 سیٹوں تک محدود ہو گئی: بھوپیش بگھیل

0
بی-جے-پی-اپنے-کیڈر-کی-بات-نہیں-سنتی،-اس-لیے-15-سیٹوں-تک-محدود-ہو-گئی:-بھوپیش-بگھیل

اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی چھتیس گڑھ میں سیاسی پارہ چڑھنے لگا ہے۔ برسراقتدار پارٹی کانگریس پھر سے اقتدار میں واپسی کو لے کر پراعتماد ہے، وہیں بی جے پی اقتدار میں واپسی کی کوششیں کر رہی ہے۔ حالانکہ پارٹی کی حالت ریاست میں اچھی نہیں بتائی جا رہی ہے۔ اسی درمیان چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی کو لے کر کہا کہ وہ خود کو کیڈر پر مبنی پارٹی بتاتی ہے، لیکن وہ کیڈر کا غلط استعمال کرتی ہے۔ اگر وہ کیڈر کی بات سنتی ہوتی تو حکومت میں 15 سال رہنے کے بعد 15 سیٹوں تک نہیں محدود ہوتی۔

کانگریس کی میٹنگ میں حصہ لینے کے مقصد سے دہلی روانہ ہونے سے قبل بگھیل نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کہتی ہے وہ کیڈر بیس پارٹی ہے، وہ کیڈر سے کہتی ہے کہ وہ ان کے لیے ووٹ یکجا کرنے کا کام کرے، لیکن کیڈر کی بات نہیں سنتی۔ اگر اپنے کیڈر کی وہ بات سن لیتے تو 15 سال اقتدار میں رہنے کے بعد 15 سیٹ تک محدود نہیں ہوتے۔ یہاں ماتھر صاحب کی بھی نہیں چلی اس لیے ان کا بھی آنا بند ہو گیا۔‘‘

جب نامہ نگاروں نے بھوپیش بگھیل سے سوال کیا کہ ریاست میں اسمبلی انتخاب کا اعلان ہو چکا ہے، کانگریس اپنے امیدواروں کی فہرست کب جاری کرے گی؟ تو بگھیل نے کہا کہ ’پتری پکش‘ کے بعد 15 اکتوبر کو امیدواروں کی فہرست جاری ہو سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے وقت کی کمی کے باعث عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی

0
سپریم-کورٹ-نے-وقت-کی-کمی-کے-باعث-عمر-خالد-کی-درخواست-ضمانت-پر-سماعت-ملتوی-کر-دی

نئی دہلی. سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کیس میں جے این یو کے سابق اسکالر اور کارکن عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات کو ملتوی کر دی۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، وقت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس بیلا ترویدی اور دیپانکر دتہ کی بنچ نے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ عمر خالد نے گزشتہ سال ضمانت مسترد کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسپیشل لیو پٹیشن دائر کی ہے۔ خالد کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ وہ 20 منٹ میں دکھا سکتے ہیں کہ خالد کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں نہیں بنتا۔

کپل سبل نے عدالت سے جمعرات کو سماعت پر غور کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا، ’’وہ ایک نوجوان طالب علم ہے، پی ایچ ڈی ہولڈر ہے، تین سالوں سے سلاخوں کے پیچھے ہے، یہ ہو رہا ہے۔‘‘

دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو نے کہا کہ ملزمان کی طرف سے عبوری درخواستیں داخل کرنے کی وجہ سے مقدمے کی سماعت میں تاخیر ہوئی۔ وہ الزامات عائد کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

سبل نے جواب میں کہا کہ کیس میں پانچ ضمنی چارج شیٹ داخل کی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس میں تین شریک ملزمان نتاشا ناروال، دیونگانا کلیتا اور آصف اقبال تنہا کو ضمانت مل گئی ہے۔

خالد دہلی فسادات کیس میں تین سال سے زیادہ عرصے سے سلاخوں کے پیچھے ہے۔ انہیں بڑی سازش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے لیے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت الزامات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے فروری 2020 میں دہلی فرقہ وارانہ تشدد ہوا تھا۔

اسرائیل-حماس جنگ کے درمیان ہندوستان کی کئی ریاستوں میں الرٹ، ’جمعہ‘ کے پیش نظر خاص احتیاط!

0
اسرائیل-حماس-جنگ-کے-درمیان-ہندوستان-کی-کئی-ریاستوں-میں-الرٹ،-’جمعہ‘-کے-پیش-نظر-خاص-احتیاط!

حماس کے ذریعہ اسرائیل پر حملہ اور پھر اسرائیل کے اعلانِ جنگ نے پوری دنیا میں ایک کھلبلی پیدا کر دی ہے۔ خصوصاً مسلم طبقہ اسرائیل سے ناراض ہے اور فلسطین کو لے کر ہمدردی کا جذبہ رکھتا ہے۔ اس کے پیش نظر سبھی کی نگاہیں 13 اکتوبر یعنی جمعہ پر مرکوز ہیں، کیونکہ جگہ جگہ نمازِ جمعہ کے بعد اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان میں بھی 13 اکتوبر کو جمعہ کے پیش نظر کئی ریاستوں میں الرٹ والا ماحول ہے اور خصوصی احتیاط کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مغربی ایشیا کے کئی ممالک میں جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کیے جانے کا امکان ہے۔ ہندوستان میں ممکنہ مظاہروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے دہلی-این سی آر، تلنگانہ، کیرالہ، یوپی، مہاراشٹر، راجستھان، تمل ناڈو، جموں و کشمیر اور کرناٹک وغیرہ ریاستوں میں سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ پر ہیں۔ مرکزی حکومت کے بھروسہ مند ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل-حماس جنگ کے شروع ہونے کے بعد سے ہی ملک میں سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہیں۔ دہلی-این سی آر اور دوسری ریاستوں میں جمعہ کے روز خصوصاً نمازِ جمعہ کے بعد خاص احتیاط برتنے کے لیے کہا گیا ہے۔ نماز کے بعد لوگوں کو کسی ایک جگہ پر جمع نہیں ہونے دیا جائے گا اور کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہرے سے منع کیا جائے گا۔

اس درمیان دہلی پولیس نے اسرائیلی سفارتخانہ کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ چاندنی چوک علاقے میں بھی پولیس کے ذریعہ نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ سرکاری رہائش کے باہر اضافی پولیس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ نئی دہلی کے پہاڑ گنج علاقے میں یہودیوں کی عبادت گاہ ’چباڑ ہاؤس‘ پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

بلقیس بانو کے 11 قصورواروں کو دی گئی چھوٹ معاملے پر سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا

0
بلقیس-بانو-کے-11-قصورواروں-کو-دی-گئی-چھوٹ-معاملے-پر-سپریم-کورٹ-نے-اپنا-فیصلہ-محفوظ-رکھا

سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملے میں قصورواروں کی وقت سے پہلے رِہائی کو چیلنج دینے والی عرضیوں پر اپنا حکم محفوظ رکھ لیا ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت اور گجرات حکومت کو معاملے میں قصورواروں کی سزا کم کرنے سے متعلق اصل ریکارڈ 16 اکتوبر تک جمع کرنے کی ہدایت دی۔

جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس اُجول بھوئیاں کی بنچ نے بلقیس بانو کے وکیل اور مرکزی حکومت، گجرات حکومت اور مفاد عامہ عرضی داخل کرنے والوں کے وکلا کی دلیلیں سننے کے بعد بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور اس کے گھر والوں کے سات اراکین کے قتل کے 11 قصورواروں کی سزا معاف کرنے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر اپنا حکم محفوظ رکھ لیا۔

گجرات حکومت کی طرف سے قصورواروں کو دی گئی چھوٹ کو چیلنج کرنے والی بلقیس بانو کی عرضی کے علاوہ سی پی آئی (ایم) لیڈر سبھاشنی علی، آزاد صحافی ریوتی لول اور لکھنؤ یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر روپ ریکھا ورما کی عرضیوں سمیت کئی دیگر مفاد عامہ عرضیاں بھی داخل کی گئی تھیں۔ ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھی قصورواروں کی سزا میں چھوٹ اور وقت سے پہلے رِہائی کے خلاف مفاد عامہ عرضی داخل کی ہے۔

واضح رہے کہ گودھرا ٹرین آتش زدگی واقعہ کے بعد پیدا فرقہ وارانہ فسادات کے خوف سے بھاگتے وقت بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔ اس وقت بلقیس بانو 21 سال کی تھیں اور پانچ مہینے کی حاملہ تھیں۔ فسادات میں مارے گئے ان کے اہل خانہ کے سات اراکین میں ان کی تین سال کی بیٹی بھی شامل تھی۔

زیرودھا کے شریک بانی نکھل کامت 37 سال کی عمر میں بنے ہندوستان کے سب سے کم عمر ارب پتی

0
زیرودھا-کے-شریک-بانی-نکھل-کامت-37-سال-کی-عمر-میں-بنے-ہندوستان-کے-سب-سے-کم-عمر-ارب-پتی

نئی دہلی: معروف اسٹاک بروکر زیرودھا کے شریک بانی نکھل کامت 37 سال کی عمر میں ہندوستان کے سب سے کم عمر ارب پتی بن گئے ہیں۔ ہندوستان کے 100 امیر ترین افراد کی فوربس کی نئی فہرست کے مطابق بھائی نتن اور نکھل کامت 5.5 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ ملک کے امیر ترین افراد میں 40 ویں نمبر پر ہیں۔

فوربس نے کہا، ’’ان کی مجموعی مالیت 45,754.50 کروڑ روپے ہے اور اس سال امیروں کی فہرست میں وہ 18 مقامات اوپر ہوئے ہیں۔‘‘ کامت برادران نے 2010 میں زیرودھا کی بنیاد رکھ کر ایکویٹی سرمایہ کاری میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔ اس ہفتے کے شروع میں دونوں کو 2023 کے لیے ہورون انڈیا کی امیروں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

نتن اور نکھل کامت بالترتیب 35,300 کروڑ اور 23,100 کروڑ روپے کی مجموعی مالیت کے ساتھ 42 ویں اور 81 ویں نمبر پر ہیں۔ دریں اثنا، زیرودھا نے مالی سال 2022-23 کے لیے 6,875 کروڑ روپے کی آمدنی اور 2,907 کروڑ روپے کے منافع کی اطلاع دی ہے، جس میں 38.5 فیصد اور 39 فیصد کا اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مالی سال 2022 کے دوران کمپنی نے 4,964 کروڑ روپے کی آمدنی اور 2,094 کروڑ روپے کے منافع کی اطلاع دی تھی۔ ایک بلاگ پوسٹ میں نتن کامت نے کہا کہ نئی ڈسکاؤنٹ بروکریج فرموں سے سخت مقابلے کے باوجود کمپنی آن بورڈنگ اور مینٹیننس فیس کو برقرار رکھے گی۔

کرناٹک ہائی کورٹ نے نیٹ پی جی کٹ آف کو صفر کرنے پر مرکز کو نوٹس جاری کیا

0
کرناٹک-ہائی-کورٹ-نے-نیٹ-پی-جی-کٹ-آف-کو-صفر-کرنے-پر-مرکز-کو-نوٹس-جاری-کیا

بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے جمعرات کو میڈیکل کونسلنگ کمیٹی (ایم سی سی) کے نیٹ پی جی کوالیفائنگ فیصد کو صفر کرنے کے حالیہ فیصلے کے بارے میں مرکز کو نوٹس جاری کیا۔ اس فیصلے کو ہبلی کے وکیل ڈاکٹر ونود کلکرنی نے چیلنج کیا تھا۔ چیف جسٹس پرسنا بی ورالے اور جسٹس کرشنا ایس دکشت کی سربراہی میں ایک ڈویژن بنچ نے مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود، ایم سی سی اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیا۔

ایک حیران کن اعلان میں نیٹ پی جی امتحان سے میڈیکل کی تعلیم کے لیے پوسٹ گریجویٹ سیٹیں مختص کرنے کے لیے ذمہ دار ایم سی سی نے کہا کہ اس سال خالی سیٹوں کے لیے اہلیت صفر فیصد رہے گی۔ یہ پہلا موقع ہے جب اہلیت کے کٹ آف کو مکمل طور پر ہٹا دیا گیا ہے کیونکہ اس نے 2017 میں دیگر تمام میڈیکل داخلہ امتحانات کی جگہ لے لی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ کونسلنگ کے دو راؤنڈ کے بعد بھی اس وقت ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں 13000 سے زیادہ سیٹیں خالی ہیں۔

عرضی گزار نے نشاندہی کی کہ 10 سال تک نیٹ پی جی امتحان کے لیے کٹ آف 50 فیصد تھا۔ عرضی میں کہا گیا، ’’کم از کم 50 فیصد کے خاتمے سے متعلق نوٹیفکیشن 20 ستمبر 2023 کو شائع کیا گیا تھا۔ ایم سی سی کے حکم کے بعد کوئی بھی طالب علم جس نے نیٹ پی جی میں حصہ لیا تھا، اپنی پسند کی سیٹ حاصل کر سکتا ہے۔ اگر یہ نتیجہ ہے تو یہ ملک ڈاکٹر پیدا کرنے والی فیکٹری بن جائے گا!‘‘

عرضی گزار نے عرض کیا تھا کہ اس سلسلے میں ایم سی سی کی طرف سے جاری کردہ حکم کو واپس لینے کی ہدایت کی جانی چاہئے اور پہلے کے 50 فیصد کٹ آف مارکس کے مطابق بھی ہدایات دی جانی چاہئے، جہاں ایک امیدوار نے نیٹ پی جی امتحان میں 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہے۔

بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر: قصوروار عارض خان کو سزائے موت دینے سے دہلی ہائی کورٹ نے کیا انکار

0
بٹلہ-ہاؤس-انکاؤنٹر:-قصوروار-عارض-خان-کو-سزائے-موت-دینے-سے-دہلی-ہائی-کورٹ-نے-کیا-انکار

بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر معاملہ میں آج دہلی ہائی کورٹ نے انتہائی اہم فیصلہ صادر کیا۔ عدالت نے قصوروار عارض خان کے لیے سنائی گئی سزائے موت کے فیصلہ کو بدل دیا ہے اور اب اسے عمر قید کی سزا بھگتنی ہوگی۔ یہ فیصلہ جسٹس سدھارتھ مردُل کی بنچ نے سنایا ہے۔ دراصل بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر کے دوران دہلی پولیس کے انسپکٹر موہن چند شرما کا قتل کر دیا گیا تھا جس کا قصوروار عارض خان کو ٹھہرایا گیا ہے۔

عارض خان کے لیے موت کی سزا سے متعلق فیصلہ سنائے جانے کے بعد مخالفت میں ایک عرضی داخل کی گئی تھی۔ اس عرضی پر سماعت کے دران عارض کے وکیل نے سزائے موت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کے موکل عارض خان کی اصلاح نہیں کی جا سکتی، اور اگر اصلاح کی کوئی گنجائش نہیں ہے تو بھی عمر قید کی سزا کا اصول ہے۔

دہلی پولیس کی طرف سے پیش اسپیشل پبلک پرازیکیوٹر راجیش مہاجن نے اس معاملے میں دلیل دی کہ ایک وردی پہنے پولیس افسر کا قتل غیر معمولی واقعہ ہے۔ ایسے میں قصوروار کو سزائے موت ملنی چاہیے۔ عارض کی سماجی جانچ اور نفسیاتی تجزیہ کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ جیل میں عارض خان کا رویہ غیر اطمینان بخش رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ساکیت کورٹ نے 8 مارچ 2021 کو عارض خان کو قصوروار ٹھہرایا تھا اور 15 مارچ 2021 کو موت کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد سزائے موت کی تصدیق کے لیے معاملہ دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا تھا۔ حالانکہ اب عدالت نے واضح کر دیا کہ عارض کو سزائے موت نہیں دی جائے گی۔

گنگا جل پر 18 فیصد جی ایس ٹی! کھڑگے کی پی ایم مودی پر تنقید، لوٹ مار اور منافقت کی انتہا قرار دیا

0
گنگا-جل-پر-18-فیصد-جی-ایس-ٹی!-کھڑگے-کی-پی-ایم-مودی-پر-تنقید،-لوٹ-مار-اور-منافقت-کی-انتہا-قرار-دیا

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو مقدس گنگا کے پانی پر مبینہ طور پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی لوٹ مار اور منافقت کی انتہا ہے۔

کھڑگے نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ہندی میں ایک پوسٹ میں کہا ’’مودی جی! ایک عام ہندوستانی کے جنم سے لے کر زندگی کے آخر تک موکش فراہم کرنے والی ماں گنگا کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ یہ اچھی بات ہے کہ آپ آج اتراکھنڈ میں ہیں لیکن آپ کی حکومت نے مقدس گنگا کے پانی پر ہی 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کر دیا!‘‘

انہوں نے کہا کہ آپ نے ایک بار بھی نہیں سوچا کہ گنگا کا پانی گھروں تک پہنچانے والوں پر کتنا بوجھ پڑے گا، یہ آپ کی حکومت کی لوٹ مار اور منافقت کی انتہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے یہ تبصرہ ایسے وقت میں کیا ہے جب وزیر اعظم مودی اتراکھنڈ کے دورے پر ہیں۔

ایودھیا کے دھنّی پور میں بننے والی مسجد کے لیے ممبئی سے بھیجی جائے گی پہلی اینٹ!

0
ایودھیا-کے-دھنّی-پور-میں-بننے-والی-مسجد-کے-لیے-ممبئی-سے-بھیجی-جائے-گی-پہلی-اینٹ!

بابری مسجد انہدام معاملہ میں سپریم کورٹ نے مسلم فریق کو جو 5 ایکڑ زمین دینے کا فیصلہ سنایا تھا، اس جگہ پر مسجد بنانے سے متعلق سرگرمیاں تیز ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ ایودھیا کے دھنّی پور گاؤں میں ملک کی سب سے بڑی مسجد بنانے کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے لیکن کچھ کاغذی کارروائی میں تاخیر کی وجہ سے اب تک مسجد تعمیر کا کام شروع نہیں ہو سکا ہے۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ممبئی میں ہو رہی ایک اہم میٹنگ میں مسجد تعمیر سے متعلق کچھ بڑے فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آج ممبئی واقع رنگ شاردا ہال میں ہو رہی میٹنگ کی صدارت حاجی عرافات شیخ کر رہے ہیں اور سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر فاروقی بھی اس میٹنگ کا حصہ ہیں۔ میٹنگ میں دھنّی پور میں تعمیر ہونے والی مسجد کا خاکہ، اس کا نام اور دیگر امور پر فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ میٹنگ میں بڑی تعداد میں علماء حضرات شریک ہیں جو کہ مختلف امور پر اپنی بات رکھیں گے۔

موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کئی گھنٹوں تک چلنے والی اس میٹنگ کے بعد ایودھیا میں بننے والی مسجد کی پہلی جھلک سامنے آ سکتی ہے۔ حالانکہ مسجد کے ماڈل کی تصویر بہت پہلے ہی سامنے آ چکی ہے۔ ممکن ہے اس میں کچھ رد و بدل بھی کیا جائے۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا جائے گا کہ مسجد تعمیر کے لیے پہلی اینٹ ممبئی سے بھیجی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ دھنّی پور گاؤں ایودھیا کے شری رام مندر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایودھیا میں شری رام مندر تو بن کر تقریباً تیار ہے، لیکن مسجد تعمیر کا کام ابھی تک شروع بھی نہیں ہو سکا ہے۔ اب ممبئی میں ہو رہی میٹنگ کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مسجد تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔