اتوار, مارچ 22, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 409

بی جے پی کے احتجاجی مظاہرے کی کسانوں نے کی شدید مخالفت

0

کسانوں کی مخالفت پر مسٹر اشونی شرما نے کہا کہ جمہوریت میں جس آئین نے لوگوں کو احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنی بات رکھنے کی اجازت دی ہے، اسی آئین نے بی جے پی کو احتجاج کرنے کی اجازت دی ہے۔

جالندھر: پنجاب میں بگڑتی امن و قانون کی صورتحال اور موجودہ سیاسی حالت پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی احتجاجی ریلی کی کسان تنظیموں نے شدید مخالفت کی۔

بی جے پی کے ریاستی صدر اشونی شرما سمیت دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ مقامی کمپنی باغ چوک پر امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور موجودہ سیاسی صورتحال کے سلسلے میں آج احتجاجی مظاہرہ کرنے پہنچے تھے۔ اس کی اطلاع موصول ہوتے ہی سیکڑوں کسانوں نے احتجاجی مظاہرے کی مخالفت کرنا شروع کر دی۔

کسانوں کو احتجاجی مظاہرے کے مقام تک پہنچنے سے روکنے کے لئے پولیس نے ٹرک کھڑے کردیئے اور سڑک پر بیریکیڈس لگائے، لیکن کسانوں نے بریکیڈس توڑ کر احتجاجی مقام تک پہنچنے کی کوشش کی۔ اس دوران کسانوں کی پولیس کے ساتھ دھکا مکی بھی ہوئی۔ کسانوں نے بی جے پی کے احتجاجی مقام کے نزدیک سڑک پر دھرنا لگا دیا۔

بی جے پی کے ریاستی صدر مسٹر شرما دوسرے راستے سے احتجاج کے مقام پر پہنچے۔ انہوں نے میڈیا سے دوری بنائے رکھی۔ کسانوں کی مخالفت پر مسٹر شرما نے کہا کہ جمہوریت میں جس آئین نے لوگوں کو احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنی بات رکھنے کی اجازت دی ہے، اسی آئین نے بی جے پی کو احتجاج کرنے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کسانوں کا احترام کرتی ہے لیکن مخالفت کرنے والے کسان نہیں ہوسکتے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے 13 اضلاع میں کوؤں میں ہوئی برڈ فلو کی تصدیق

0
مدھیہ پردیش کے 13 اضلاع میں کوؤں میں ہوئی برڈ فلو کی تصدیق
مدھیہ پردیش کے 13 اضلاع میں کوؤں میں ہوئی برڈ فلو کی تصدیق

مدھیہ پردیش کے 13 اضلاع میں کوؤں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ 9 جنوری تک ریاست کے 27 ضلعوں میں تقریباً 1100 کوؤں اور جنگلی پرندوں کی موت کی اطلاع حاصل ہوئی ہے۔

بھوپال: مدھیہ پردیش میں مویشی پروری کے محکمے نے 9 جنوری تک ریاست کے 13 ضلعوں میں کوؤں میں برڈ فلو ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مویشی پروری کے محکمے سے موصول معلومات کے مطابق مدھیہ پردیش کے اندور، مندسور، آگرہ، نیمچ، دیواس، اجین، کھنڈوہ، کھرگون، گنا، شیوپوری، راج گڑھ، شاجا پور اور ویدیشا ضلعوں میں کوؤں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوچکی ہے۔

9 جنوری تک ریاست کے 27 ضلعوں میں تقریباً 1100 کوؤں اور جنگلی پرندوں کی موت کی اطلاع حاصل ہوئی ہے۔ مختلف ضلعوں سے 32 نمونے نیشنل ہائی سیکیورٹی ڈیسیز ریسرچ لیب بھوپال کو جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔ مرغی پالنے والوں میں غیر ضروری شبہ کی حالت پیدا نہ ہو اس کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ سبھی ضلعوں میں بیماری کے کنٹرول کی کارروائی مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق جاری ہیں۔

ضلع آگرہ میں مرغی بازار کی دکانوں سے ٹیول اسویو کے ایک نمونے میں برڈ فلو وائرس پائے جانے کے بعد یہاں مرغی بازار کو احتیاط کے پیش نظر آئندہ سات روز کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرغیوں اور انڈوں وغیرہ کی حفاظت کی کارروائی ضلع انتظامیہ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ ضلع سیہور، بالاگھاٹ، دموہ، اجین، بیتول، بھنڈ سے نیشنل ہائی سیکیورٹی ڈیسیز ریسرچ لیب بھوپال کو جانچ کے لئے بھیجے گئے نمونوں میں برڈ فلو وائرس نہیں پایا گیا ہے۔

پینس، بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں کریں گے شرکت، ٹرمپ کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے کرسکتے ہیں 25 ویں ترمیم کا استعمال

0
پینس، بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں کریں گے شرکت، ٹرمپ کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے کرسکتے ہیں 25 ویں ترمیم کا استعمال
پینس، بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں کریں گے شرکت، ٹرمپ کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے کرسکتے ہیں 25 ویں ترمیم کا استعمال

مسٹر بائیڈن نے پینس کو اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ وہیں بائیڈن نے رخصت پذیر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔

واشنگٹن: امریکہ کے سبکدوش ہونے والے نائب صدر مائیک پینس نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ وہیں مائیک پینس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے 25 ویں ترمیم کے استعمال سے انکار نہیں کیا ہے۔

اے بی سی نیوز چینل نے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ قبل ازیں بائیڈن نے پینس کو اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ اسی دوران مسٹر بائیڈن نے رخصت پذیر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی بات ہے۔

سی این این نے ذرائع کے حوالہ سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر مسٹر ٹرمپ کا طرز عمل مزید بے قابو ہو گیا تو انہیں 25 ویں ترمیم کے تحت عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے۔

امریکہ میں 25 ویں ترمیم کے ذریعہ صدر کو عہدہ سے ہٹائے جانے کیلئے نائب صدر اور اکثریتی کابینہ کو اختیار حاصل ہے.

قابل ذکر ہے کہ جو بائیڈن 20 جنوری کو امریکی صدر کے عہدے کا حلف لیں گے۔

ملک میں 16 جنوری سے کورونا وائرس کی ٹیکہ کاری مہم کا ہوگا آغاز

0
ملک میں 16 جنوری سے کورونا وائرس کی ٹیکہ کاری مہم کا ہوگا آغاز
ملک میں 16 جنوری سے کورونا وائرس کی ٹیکہ کاری مہم کا ہوگا آغاز

16 جنوری سے کورونا وائرس کی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز ہوگا سب سے پہلے تقریبا تین کروڑ طبی عملہ اور صف اول میں تعینات اہلکاروں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے خلاف ٹیکہ کاری مہم 16 جنوری سے شروع ہوگی اور سب سے پہلے تقریبا تین کروڑ طبی عملہ اور صف اول میں تعینات اہلکاروں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

حکومت کی طرف سے یہاں ہفتہ کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کووڈ – 19 کی صورتحال اور ویکسین کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ آنے والے تہواروں کے پیش نظر لوہری، مکر سنکرانتی، پونگل، ماگھ بیہو وغیرہ کے بعد 16 جنوری 2021 سے ٹیکے لگانے کا کام شروع کیا جائے گا۔

ہیلتھ سروس اور فرنٹ لائن پر تعینات افراد کے بعد 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور 50 سال سے کم عمر کے ان افراد کو ویکسین کے لیے ترجیح دی جائے گی جو کسی سنگین بیماری میں مبتلا ہیں۔ ایسے لوگوں کی تعداد تقریبا 27 کروڑ ہے۔

حکومت نے کہا کہ "قومی ریگولیٹر نے دو ٹیکوں (کووی شیلڈ اور کو ویکسین) کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے، جو حفاظت اور مدافعتی نظام کی کسوٹی پر کھرا اترے ہیں۔

کانگریس 15 جنوری کو بطو ’کسانوں کا یوم حقوق‘ منائے گی

0
کانگریس 15 جنوری کو بطور ’کسانوں کا یوم حقوق‘ منائے گی
کانگریس 15 جنوری کو بطور ’کسانوں کا یوم حقوق‘ منائے گی

کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کسانوں کے تئیں کبھی کوئی حکومت اتنی بے دردی سے پیش نہیں آئی ہے۔ 

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کسانوں کے ساتھ بے رحمی سے پیش آکر ان کے حقوق کو کچل رہی ہے لہٰذا پارٹی 15 جنوری کو ’کسانوں کے یوم حقوق‘ کے طور پر منائے گی اور ریاستی ہیڈکوارٹر میں راج بھون کا محاصرہ کرے گی۔

کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کارکنان 15 جنوری کو ’کسانوں کے یوم حقوق‘ کے بطور کسانوں کے مطالبے کی تکمیل کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے اور اس کے لیے ریاست اور ضلع سطح پر دھرنا اور مظاہرے کا پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنان ’کسانوں کے یوم حقوق‘ کے دوران ریلی اور دھرنا منعقد کرنے کے بعد تمام ریاستی ہیڈکوارٹر میں راج بھون کے لیے مارچ کریں گے اور پورے ملک میں راج بھون کا محاصرہ کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کسانوں کے تئیں کبھی کوئی حکومت اتنی بے دردی سے پیش نہیں آئی ہے۔ حکومت میٹنگ پہ میٹنگ کر کے کسانوں کو تھکانا چاہتی ہے لیکن کسان تھکنے کو تیار نہیں ہیں۔ وہ نہ جھکنے والے ہیں اور نہ ہی رکنے والے ہیں۔

مہاراشٹر کے بھنڈارہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، 10 نوزائیدہ ہلاک

0
مہاراشٹر کے بھنڈارہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، 10 نوزائیدہ ہلاک
مہاراشٹر کے بھنڈارہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، 10 نوزائیدہ ہلاک

اسپتال ذرائع کے مطابق صبح نو بجے کے قریب چائلڈ کیئر وارڈ میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسپتال کے عملے نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی جس مین سات بچوں کو ہی بچایا جاسکا، بقیہ 10 بچے ہلاک ہوگئے۔

پونے: مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارہ کے ایک سرکاری اسپتال میں ہفتہ کے روز خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 10 نوزائیدہ بچے دم توڑ گئے۔

اسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر پرمود کھنڈاتے نے بتایا کہ چائلڈ کیئر وارڈ میں ایک سے تین ماہ تک کی عمر کے 17 بچوں کو رکھا گیا تھا۔ آج صبح ایک نرس نے دیکھا کہ اس وارڈ سے دھواں نکل رہا ہے، اس واقعہ کی ڈاکٹروں کو فوراً اطلاع دی گئی۔ اسپتال کے عملے نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی جس مین سات بچوں کو ہی بچایا جاسکا، بقیہ 10 بچے ہلاک ہوگئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق صبح نو بجے کے قریب چائلڈ کیئر وارڈ میں آگ بھڑک اٹھی۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن خدشہ ہے کہ یہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر کھنڈاتے نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ حادثے میں زندہ بچ جانے والے سات بچوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے وزیر صحت صحت راجیش ٹوپے اور ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا اور اس واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔

ٹرمپ کی ٹویٹ کی دوسری کوشش ٹوئٹر انتظامیہ نے بنادی ناکام، ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک

0
ٹرمپ کی ٹویٹ کی دوسری کوشش ٹوئٹر انتظامیہ نے بنادی ناکام، ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک
ٹرمپ کی ٹویٹ کی دوسری کوشش ٹوئٹر انتظامیہ نے بنادی ناکام، ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک

موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئے گئے ٹوئٹس کو ٹوئٹر نے فوری طور پر بلاک کردیا ہے اور اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسرے سرکاری اکاؤنٹ ’پوٹس‘ سے ٹویٹ کی کوشش ٹوئٹر نے ناکام بنادی۔ امریکی صدر کی جانب سے کئے گئے ٹوئٹس کو ٹوئٹر نے فوری طور پر بلاک کردیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق پوٹس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی متعدد ٹوئٹس کو فوری بلاک کردیا گیا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے ’پوٹس‘ اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ٹوئٹس میں ٹرمپ نے ٹیک کمپنی، ڈیموکریٹس پر تنقید کی تھی۔ ٹرمپ کے ٹویٹ میں کہا ٹوئٹر کا پابندی لگانا کمیونیکیشن ایکٹ 230 کی خلاف ورزی ہے۔

ٹرمپ کا نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے انکار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹس میں نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ امریکی ایوان نمائندگان نے جو بائیڈن کی بطور امریکی صدر فتح کی توثیق کردی ہے اور اب ٹرمپ کے اقتدار کے چند روز ہی باقی ہیں۔

امریکی صدر نے ٹویٹ میں کہا کہ 20 جنوری کو نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔

موجودہ امریکی صدر کی نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں جانے سے انکار کے بعد یہ امریکہ کی 152 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ کسی نے اپنے پیش رو کی تقریب میں شرکت نہ کی ہو۔

خیال رہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن 20 جنوری کو عہدے کا حلف لیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مستقل طور پر بلاک

امریکہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق فسادات کو مزید بڑھاوا دینے کے خدشے کے پیش نظر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بند کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 7 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ 12 گھنٹے کے لئے بلاک کردیا گیا تھا اور ساتھ ہی انہیں پابندی کی وارننگ بھی دے دی گئی تھی۔

اس حوالہ سے ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے 3 ٹویٹ ڈیلیٹ کیے گئے ہیں اور ان کا اکاؤنٹ 12 گھنٹوں کیلئے بلاک کردیا گیا ہے۔

کینیڈا میں فائزر ویکسین لگوانے والے ڈاکٹروں کی موت کی جانچ ہو رہی ہے: محکمہ صحت

0

فلوریڈا کے ماؤنٹ سینائی میڈیکل سینٹر کے امراض نسواں کے ماہر ڈاکٹر گریگوری مائیک کا 18 دسمبر کو ویکسین کے قطرے لینے کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔

اوٹاوا: کینیڈا کے محکمہ صحت عامہ نے کہا ہے کہ فائزر ویکسین کا ٹیکہ لگوانے والے ڈاکٹر کی موت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ہیڈی نیکیلمین نے گذشتہ منگل کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ان کے شوہر فلوریڈا کے میامی بیچ میں واقع ماؤنٹ سینائی میڈیکل سینٹر کے امراض نسواں کے ماہر ڈاکٹر گریگوری مائیک کا 18 دسمبر کو ویکسین کے قطرے لینے کے بعد انتقال ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر مائیک کی قطرے پلانے کے تین دن بعد موت ہوگئی۔ جمعہ کے روز کینیڈا کے محکمہ صحت نے بتایا کہ ہم اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

دوسری طرف بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے لئے امریکی مراکز نے بدھ کے روز کہا کہ اسے ڈاکٹر مائیک کی موت کے بارے میں معلوم ہے۔

جرمنی میں ایک بایوٹیک کمپنی کے ساتھ ویکسین تیار کرنے والی امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، حالانکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا خیال ہے کہ فلوریڈا کے ڈاکٹر کی موت میں اس ویکسین کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ہندوستان کو اب مودی ٹرمپ دوستی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا: کانگریس

0
ہندوستان کو اب مودی ٹرمپ دوستی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا: کانگریس
ہندوستان کو اب مودی ٹرمپ دوستی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا: کانگریس

وزیر اعظم نریندر مودی نے احمدآباد میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ جبکہ کسی دوسرے ملک کے صدارتی انتخابات کے لیے اس طرح کی ریلی کا انعقاد خارجہ پالیسی کے خلاف ہوتی ہے۔ اب چونکہ ٹرمپ کی شکست پر مہر لگ چکی ہے، اس لیے ٹرمپ مودی دوستی کا خمیازہ مستقبل میں ہندوستان کو بھگتنا پڑے گا۔

ممبئی: امریکی جمہوریت کو تہہ و بالا کرنے والے گزشتہ کل کے واقعے کے ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ جیسے غیر ذمہ دار شخص کے لیے لاکھوں روپئے خرچ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے احمدآباد میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ جبکہ کسی دوسرے ملک کے صدارتی انتخابات کے لیے اس طرح کی ریلی کا انعقاد خارجہ پالیسی کے خلاف ہوتی ہے، لیکن ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کے لیے خارجہ پالیسی کے تمام اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس طرح کی ریلی کا انعقاد کیا۔ اب چونکہ ٹرمپ کی شکست پر مہر لگ چکی ہے، اس لیے ٹرمپ و مودی کی دوستی کا خمیازہ مستقبل میں ہندوستان کو بھگتنا پڑے گا۔ یہ باتیں آج یہاں کانگریس کے ترجمان و سابق ایم ایل اے اننت گاڈگل نے کہی ہیں۔

گاڈگل نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں نئے سرے سے کورونا پھیلنے کی شروعات ہونے کے باوجود وہاں کے وزیراعظم کو یومِ جمہوریہ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا تھا۔ انگلینڈ کے وزیراعظم نے اب وہ دورہ بھی رد کردیا ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کو شرمندگی اٹھانی پڑ رہی ہے۔

اس کے علاوہ ہندوستان کے پڑوسی ممالک نیپال، سری لنکا و بھوٹان کے سیاسی حالات نیز ان ممالک پر چین کی بڑھتے اثرات کی وجہ سے مودی کی خارجہ پالیسی کی ناکامی واضح ہوچکی ہے۔

اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کے سبب آٹھویں دور کی بات چیت پھر بے نتیجہ

0
اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کے سبب آٹھویں دور کی بات چیت پھر بے نتیجہ
اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کے سبب آٹھویں دور کی بات چیت پھر بے نتیجہ

حکومت نے واضح طور پر کہا ہے کہ قوانین کو واپس لینا ممکن نہیں ہے۔ حالانکہ حکومت قوانین میں ترمیم کے لیے تیار ہے۔ کسان رہنماؤں نے کہا کہ اپنی تحریک جاری رکھیں گے اور حکومت تینوں زرعی اصلاحاتی قوانین کو واپس نہیں لیا تو وہ 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔

نئی دہلی: کسان تنظیموں اور حکومت کے مابین آٹھویں دور کی بات چیت فریقین کے اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کے سبب جمعہ کے روز پھر بے نتیجہ رہی۔ فریقین حالانکہ 15 جنوری کو پھر بات چیت کرنے پر راضی ہو گئے میٹنگ شروع ہونے سے قبل کسان رہنماؤں نے کہا کہ اپنی تحریک جاری رکھیں گے اور حکومت تینوں زرعی اصلاحاتی قوانین کو واپس نہیں لیا تو وہ 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔

دوسری جانب حکومت نے واضح طور پر کہا ہے کہ قوانین کو واپس لینا ممکن نہیں ہے۔ حالانکہ حکومت قوانین میں ترمیم کے لیے تیار ہے۔

غورطلب ہے کہ کسانوں اور حکومت کے مابین ساتویں دور کی بات چیت بھی بے نتیجہ ثابت ہوئی تھی۔

اسے بھی پڑھیں:

راہل نے شہریوں کو کسان تحریک سے جڑنے کی اپیل کی، اویسی نے کہا کسانوں کو دبا رہی ہے بی جے پی