بدھ, اپریل 8, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 204

یوکرین کے صدر کا روس پر ‘توانائی دہشت گردی’ کا الزام

0
یوکرین کے صدر کا روس پر 'توانائی دہشت گردی' کا الزام
یوکرین کے صدر کا روس پر 'توانائی دہشت گردی' کا الزام

یوکرین کے صدر کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران یوکرین کے ایک تہائی پاور اسٹیشن مبینہ طور پر تباہ ہو چکے ہیں، اسی وجہ سے یوکرین کی حکومت کو شہریوں سے کم سے کم بجلی استعمال کرنے کی درخواست کرنا پڑی

کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس پر ’توانائی کی دہشت گردی‘ کا سہارا لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے روسی فوجیوں کو مدد ملتی ہے۔

صدر زیلنسکی کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران یوکرین کے ایک تہائی پاور اسٹیشن مبینہ طور پر تباہ ہو چکے ہیں، اسی وجہ سے یوکرین کی حکومت کو شہریوں سے کم سے کم بجلی استعمال کرنے کی درخواست کرنا پڑی۔ جمعرات کو اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یوکرین کے توانائی کی تنصیبات پر روسی حملوں کے بعد 4.5 ملین لوگ بجلی کے بغیر اندھیرے میں رہ رہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں روس نے یوکرین میں بجلی کی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حکام نے بڑے جنوبی شہر کھیرسن سے روسی فوجیوں کے انخلاء کی پیش گوئی کی ہے۔

صدر زیلنسکی نے مزید کہا کہ آج رات تقریباً 45 لاکھ صارفین کو عارضی طور پر توانائی کی فراہمی سے منقطع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی افواج کا توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا اس کی ’کمزوری‘ کی علامت ہے کیونکہ روسی فوج اگلے مورچوں پر زیادہ زمین پر قبضہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے توانائی کی دہشت گردی کا سہارا لینا ہمارے دشمن کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یوکرین کو میدان جنگ میں نہیں ہرا سکتے، اس لیے وہ ہمارے لوگوں کو اس طرح توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ وہ یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے۔

ہم ترکی کے شکر گزار اور ممنونِ احسان ہیں: امریکہ

0
ہم ترکی کے شکر گزار اور ممنونِ احسان ہیں: امریکہ
ہم ترکی کے شکر گزار اور ممنونِ احسان ہیں: امریکہ

نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ روس کی، یوکرینی اناج کی برآمد سے متعلق، اقوام متحدہ بحیرہ اسود اناج سمجھوتے کی طرف واپسی ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے۔ ہم، سمجھوتے کو بحال رکھنے کے لئے ادا کردہ کردار پر ترکی کے شکر گزار ہیں

واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے ہم، اناج راہداری سمجھوتے کو بحال رکھنے کے لئے ادا کردہ کردار پر ترکی کے شکر گزار ہیں۔

ترکی میڈیا کے مطابق امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے معمول کی پریس کانفرنس سے خطاب میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے یہ شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ روس کی، یوکرینی اناج کی برآمد سے متعلق، اقوام متحدہ بحیرہ اسود اناج سمجھوتے کی طرف واپسی ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے۔ ہم، سمجھوتے کو بحال رکھنے کے لئے ادا کردہ کردار پر ترکیہ کے شکر گزار ہیں۔ مسٹر پرائس نے کہا ہے کہ ‘اناج راہداری سمجھوتہ’ دنیا کے لئے ناگزیر اہمیت رکھتا ہے۔ ہم، اس سمجھوتے کی طفیل اس وقت تک یوکرین سے 10 ملین میٹرک ٹن اناج نکال چُکے ہیں۔

انہوں نے اناج کی ترسیل کے دوبارہ آغاز کے لئے ترکیہ کی کوششوں کی طرف توجہ مبذول کروائی اور ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ”ہم اپنے ترک اتحادیوں کی کوششوں کو تہہ دِل سے سراہتے ہیں۔ ہم نے ترکی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو اپنے جذبہ احسان مندی سے آگاہ کیا ہے”۔

نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ یہ سمجھوتہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے تیار کیا لیکن سمجھوتے کو عملی شکل ترکی کی طرف سے سنجیدہ سطح کے تعاون اور بعد ازاں یوکرین اور روس کے اتفاق سے مِلی۔ اس سمجھوتے کو دوبارہ پٹری پر چڑھانے کی وجہ سے ہم سیکرٹری جنرل انتونیو گٹیرس اور ترکیہ کے شکر گزار اور ممنونِ احسان ہیں۔

اگر گجرات میں حکومت بنتی ہے تو کانگریس ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں دے گی: کھڑگے

0
اگر گجرات میں حکومت بنتی ہے تو کانگریس ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں دے گی: کھڑگے
اگر گجرات میں حکومت بنتی ہے تو کانگریس ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں دے گی: کھڑگے

کانگریس نے گجرات کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کرتے ہیں تو وہ ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں دے گی اور کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے ساتھ بجلی مفت فراہم کی جائے گی

نئی دہلی: کانگریس نے گجرات کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کرتے ہیں تو وہ ایل پی جی سلنڈر 500 روپے میں دے گی اور کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے ساتھ بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ریاستی اسمبلی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد کہا کہ گجرات کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور ووٹر کانگریس کو واحد آپشن سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کے لوگوں کا کانگریس پر اعتماد بڑھ گیا ہے اور سات کروڑ گجراتی بہنیں اور بھائی تبدیلی کا آپشن صرف کانگریس کو سمجھتے ہیں۔ گجرات پردیش کانگریس بھی ریاست کے لوگوں کے جذبات کے مطابق کام کر رہی ہے اور اس کے لیے اس نے آٹھ وعدوں کا اعلان کیا ہے۔

مسٹر کھڑگے نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ گجرات کانگریس نے حکومت سازی پر عوام کو راحت فراہم کرنے کے لئے جن آٹھ وعدوں کا اعلان کیا ہے ان میں "500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر، 300 یونٹ تک بجلی مفت، 10 لاکھ روپے تک کا علاج اور ادویات مفت شامل ہیں۔ کسانوں کے لیے تین لاکھ روپے تک کے قرضوں کی معافی، سرکاری ملازمتوں میں کنٹریکٹ سسٹم بند اور 300 روپے کا بے روزگاری الاؤنس، تین ہزار سرکاری انگلش میڈیم اسکول کھولنے، کوآپریٹو سوسائٹی میں دودھ پر پانچ روپے فی لیٹر سبسڈی اور کورونا کی وجہ سے جان گنوانے والے تین لاکھ افراد کے لواحقین کو چار لاکھ روپے کا معاوضہ بھی شامل ہے۔

چھتیس گڑھ کے سینئر صحافی رمیش نیر کا انتقال

0
چھتیس گڑھ کے سینئر صحافی رمیش نیر کا انتقال
چھتیس گڑھ کے سینئر صحافی رمیش نیر کا انتقال

سینئر صحافی اور کئی سرکردہ اخبارات کے ایڈیٹر رمیش نیر کا آج 82 برس کی عمر میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا

رائے پور: چھتیس گڑھ کے سینئر صحافی اور کئی سرکردہ اخبارات کے ایڈیٹر رمیش نیر کا آج انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً 82 برس تھی۔

مسٹر نیر کی طبیعت گزشتہ کئی دنوں سے ناساز تھی، علاج کے دوران شام کو ان کا انتقال ہوگیا۔ مسٹر نیر کا شمار ریاست کے تجربہ کار اور نامور صحافیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی موت سے چھتیس گڑھ میں صحافت کے ایک دور کا خاتمہ ہوگیا۔

مسٹر نیر کو ہندی کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان پر بھی یکساں عبور حاصل تھا۔ انہوں نے ہندی کے ساتھ ساتھ انگریزی اخبارات میں بھی کام کیا۔ مسٹر نیر نے یگدھرما، نوبھارت، دینی بھاسکر، دیش بندھو، سمویت شیکھر جیسے اخبارات کے ساتھ ساتھ چنڈی گڑھ سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار دی ٹریبیون اور نئی دہلی سے شائع ہونے والی چوتھی دنیا کے ایڈیٹر بھی رہے۔

مسٹر نیر کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ چھتیس گڑھ کے فخر اور ملک کے نامور صحافی نیر کی موت صحافت کے میدان میں ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے قلم سے ریاست کے مفاد کے لیے کام کیا۔‘‘

سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی اور ہندی گرنتھ اکیڈمی کے سابق صدر مسٹر نیر کا انتقال صحافت کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ایشور آنجہانی کی آتما کو شانتی دے اور سوگوار خاندان کو اس مشکل گھڑی میں صبر و جمیل عطا فرمائے۔

شیئر بازار میں گراوٹ

0
شیئر بازار میں گراوٹ
شیئر بازار میں گراوٹ

شیئر بازار میں آج مسلسل چار دنوں کی تیزی کا خاتمہ ہوگیا

ممبئی: عالمی مارکیٹ میں ملے جلے رجحان کے درمیان مقامی سطح پر ٹیلی کام، آئی ٹی، آٹو، رئیلٹی اور ٹیک سمیت 14 گروپوں میں فروخت سے شیئر بازار میں آج مسلسل چار دنوں کی تیزی کا خاتمہ ہوگیا۔

بی ایس ای کا تیس حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 61 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح سے 215.26 پوائنٹس گر کر 60906.09 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 62.55 پوائنٹس گر کر 18082.85 پوائنٹس پر آگیا۔

اسی طرح بڑی کمپنیوں کے ساتھ درمیانی کمپنیوں میں فروخت کا رجحان رہا تاہم چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں تیزی رہی۔ مڈ کیپ 0.12 فیصد گر کر 25,591.11 پوائنٹس جبکہ اسمال کیپ 0.23 فیصد بڑھ کر 28,956.28 پوائنٹس پر پہنچ گئی۔

اس مدت کے دوران بی ایس ای پر 14 گروپس فروخت ہوئے جبکہ باقی پانچ میں تیزی رہی۔ سی ڈی 0.49، آئی ٹی 0.55، ٹیلی کام 1.31، یوٹیلٹیز 0.63، آٹو 0.75، بینکنگ 0.36، کیپٹل گڈز 0.44، کنزیومر ڈیوریبلز 0.40، پاور 0.65، ریئلٹی 1.01 اور ٹیک گروپ 1.00 فیصد کم ہوئے۔

بین الاقوامی سطح پر ملا جلا رجحان رہا۔ برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 0.18 فیصد، جرمنی کا ڈیکس اور جاپان کا نکئی 0.06 فیصد گرا، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 2.41 فیصد اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ 1.15 فیصد بڑھ گیا۔

آسام میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا

0
آسام میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا
آسام میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا

بھارت جوڑو یاترا دھوبری سے شروع ہو کر بارپیتا، نلباری، کامروپ، گوہاٹی، موریگاؤں، ناگاؤں، گولاگھاٹ، جورہاٹ، سیواساگر، ڈبروگڑھ اور تینسکیا سے ہوتا ہوا سادیا پہنچے گا

گوہاٹی: کانگریس نے اپنی ملک گیر مہم کے ایک حصے کے طور پر منگل کو آسام کے دھوبری ضلع میں بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یاترا سینئر لیڈروں کی موجودگی میں ہند-بنگلہ دیش سرحد سے متصل گولک گنج سے شروع ہوئی۔ یہ یاترا دھوبری سے شروع ہو کر بارپیتا، نلباری، کامروپ، گوہاٹی، موریگاؤں، ناگاؤں، گولاگھاٹ، جورہاٹ، سیواساگر، ڈبروگڑھ اور تینسکیا سے ہوتا ہوا سادیا پہنچے گا۔

اس موقع پر کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور آسام یونٹ کے انچارج جتیندر سنگھ، اے پی سی سی کے صدر بھوپین کمار بورا، لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ پردیوت بوردولوئی اور ریاست کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔

یاترا کے آغاز سے قبل پارٹی لیڈروں نے مندر، چرچ، مسجد اور گرودوارہ میں پوجا کی۔

روس نے یوکرین پر ایک ہی دن میں 50 سے زائد میزائل حملے کئے

0
روس نے یوکرین پر ایک ہی دن میں 50 سے زائد میزائل حملے کئے
روس نے یوکرین پر ایک ہی دن میں 50 سے زائد میزائل حملے کئے

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس نے پچاس سے زائد میزائل حملے کیے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے

کریمیا: یوکرین کے خلاف جنگ میں جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے روس نے ایک ہی دن میں یوکرین پر 50 میزائل حملے کر ڈالے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس نے پچاس سے زائد میزائل حملے کیے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

یوکرین فوج نے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ روس نے مختلف اوقات میں میزائل حملے کیے جن میں اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ چوالیس میزائل فضا میں تباہ کئے گئے جبکہ چھ میزائل یوکرین کے مختلف شہروں میں جا گرے۔

دارالحکومت کیف میں گرنے والے میزائلوں کے باعث بجلی کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا اور کم وبیش ساڑھے تین لاکھ گھروں کی بجلی معطل ہوگئی، بجلی معطل ہونے سے اسی فیصد شہری پانی سے محروم ہوگئے۔

روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ پاور گرڈ حملے کریمیا پر کیے گئے ڈرون حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے تصدیق کی کہ روسی میزائلوں اور ایرانی ڈرونز نے یوکرین کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے روس کے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

گجرات کے موربی میں قتل کے لیے بی جے پی کی بدعنوانی ذمہ دار: سسودیا

0
گجرات کے موربی میں قتل کے لیے بی جے پی کی بدعنوانی ذمہ دار: سسودیا
گجرات کے موربی میں قتل کے لیے بی جے پی کی بدعنوانی ذمہ دار: سسودیا

آج ایک پریس کانفرنس میں مسٹر سسودیا نے کہا کہ موربی میں بی جے پی کی بدعنوانی کی وجہ سے سینکڑوں لوگ اور معصوم بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور بی جے پی واس کے لیڈر اس پر خاموش ہیں

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ گجرات کے موربی حادثے میں جو حقائق سامنے آئے ہیں ان سے یہ واضح ہے کہ یہ حادثہ نہیں قتل ہے اور اس کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بدعنوانی ہے۔

آج ایک پریس کانفرنس میں مسٹر سسودیا نے کہا کہ موربی میں بی جے پی کی بدعنوانی کی وجہ سے سینکڑوں لوگ اور معصوم بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور بی جے پی واس کے لیڈر اس پر خاموش ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ موربی پل کی تعمیر نو کا ٹھیکہ گھڑی بنانے والی کمپنی کو کیوں دیا گیا؟ جبکہ اس کمپنی نے کبھی پل نہیں بنایا۔ اسے پل بنانے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ اتنے بڑے اور اہم کام کا ٹھیکہ بغیر ٹینڈر کے کسی کمپنی کو کیوں دیا گیا؟

ایف آئی آر میں کمپنی اور کمپنی کے مالک کا نام کیوں نہیں؟

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس کا جواب دینا چاہئے کہ ٹینڈر جاری کئے بغیر کسی ناتجربہ کار کمپنی کو ایسا ٹھیکہ دینے کے لئے کس نے کتنے پیسے کھائے؟ پل کو آٹھ ماہ میں دوبارہ تعمیر کیا جانا تھا۔ کیا وجہ تھی کہ انہوں نے پانچ مہینے میں ہی ایک ناقص پل بنا کر شروع کر دیا۔

بی جے پی کو بتانا چاہئے کہ اس نے اس کمپنی اور اس کے مالکان سے کتنا چندا لیا ہے اور اس کمپنی کے مالکان کی بی جے پی لیڈروں کے کن لیڈران سے قربت ہے؟ اتنے بڑے حادثے اور اتنی اموات کے باوجود درج کی گئی ایف آئی آر میں کمپنی اور کمپنی کے مالک کا نام کیوں نہیں ہے؟ انہیں کیوں اور کس کے دباؤ میں بچایا جا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ گجرات کے موربی میں ہوئے حادثے سے پورا ملک ہل گیا۔ اس حادثے میں سینکڑوں لوگ اور معصوم بچے مارے گئے۔ پچھلے دو دنوں میں سامنے آنے والے حقائق سے صاف ہے کہ یہ حادثہ نہیں قتل ہے اور اس حادثے کے پیچھے بی جے پی کی بدعنوانی ہے۔

مسٹر سسودیا نے کہا کہ بی جے پی کو ان پانچ سوالوں کا جواب دینا ہوگا۔ کیونکہ یہ 150 لوگ اور معصوم بچے حادثے سے نہیں مرے بلکہ قتل ہوئے ہیں۔

جاپان میں ہم جنس پرست جوڑوں کے لیے سرٹیفکیٹ اسکیم

0
جاپان میں ہم جنس پرست جوڑوں کے لیے سرٹیفکیٹ اسکیم
جاپان میں ہم جنس پرست جوڑوں کے لیے سرٹیفکیٹ اسکیم

ایک سروے میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ جاپانی عوام کی اکثریت ہم جنس پرست جوڑوں کی حامی ہے، سال 2021 میں کیے گئے سروے کے مطابق 57 فیصد لوگ اس کے حق میں ہیں جبکہ 37 فیصد اس کے خلاف

ٹوکیو: جاپان نے ہم جنس پرست جوڑوں کے لیے ایک پارٹنرشپ سرٹیفکیٹ اسکیم شروع کی ہے جس سے انہیں پہلی بار کچھ عوامی خدمات کے لیے شادی شدہ جوڑوں کے طور پر مانا جاسکتا ہے۔

کچھ لوگوں کو امید ہے کہ یہ جاپان بھر میں مساوات کو اپنانے کی طرف ایک قدم ہو سکتا ہے۔ جاپان اس وقت ترقی یافتہ ممالک کے جی-7 گروپ میں واحد ملک ہے جو ہم جنس یونینوں کو تسلیم نہیں کرتا۔

اکثریت ہم جنس شادی کی حامی

ایک سروے میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ جاپانی عوام کی اکثریت ہم جنس شادی کی حامی ہے۔ سال 2021 میں جاپان کے سماجی نشریاتی ادارے این ایچ کے کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق 57 فیصد لوگ اس کے حق میں ہیں جبکہ 37 فیصد اس کے خلاف۔

وسیع حمایت کے باوجود، جاپان میں اوساکا کی ایک ضلعی عدالت نے اس سال کے شروع میں فیصلہ سنایا تھا کہ ہم جنس شادی پر موجودہ پابندی آئینی تھی۔ اس کے بعد اکتوبر میں، حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک مقامی نمائندے نوبورو وتنبے نے ہم جنس شادی کو قابل نفرت قرار دیا تھا۔ ان تبصروں کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اساہی سنبن نیوز سائٹ کے مطابق، ٹوکیو میٹروپولیٹن ایریا میں شروع کی جارہی اسکیم کو پہلی بار سال 2015 میں اس کے ایک ضلع میں قائم کیا گیا تھا، جو میٹروپولیٹن علاقے کے مغرب میں مزید نو وارڈز اور چھ شہروں تک پھیل گئی تھی۔ نئی میٹروپولیٹن وسیع اسکیم دارالحکومت کے تمام علاقوں اور 1.4 کروڑ لوگوں تک پہنچے گی۔

جاپان میں آٹھ دیگر صوبوں میں متعارف کرائی گئی پارٹنرشپ سرٹیفکیٹ ہاؤسنگ، ادویات اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں ہم جنس پرستوں کو شادی شدہ جوڑوں کی طرح برتاؤ کرنے کی اجازت دے گی، لیکن یہ گود لینے، وراثت اور میاں بیوی کے ویزا جیسے امورمیں مدد نہیں کرے گی۔

ٹوکیو میں رہنے یا کام کرنے والا 18 سال سے زیادہ عمر کا کوئی بھی فرد اس کے لئے درخواست دے سکتا ہے، جس میں جمعہ تک 137 درخواستیں جمع کی جاچکی ہیں۔

ہماچل پردیش: کانگریس اقتدار میں آتے ہی ہر سال ایک لاکھ نوکریاں دے گی: پرینکا

0
ہماچل پردیش: کانگریس اقتدار میں آتے ہی ہر سال ایک لاکھ نوکریاں دے گی: پرینکا
ہماچل پردیش: کانگریس اقتدار میں آتے ہی ہر سال ایک لاکھ نوکریاں دے گی: پرینکا

پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ جس دن ہماچل پردیش میں کانگریس کی حکومت بنے گی، کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا

شملہ: کانگریس کی اسٹار کمپینر اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ جس دن ہماچل پردیش میں کانگریس کی حکومت بنے گی، کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جو کہہ رہی ہے وہ کرکے دکھائے گی۔

پیر کو منڈی کے پڈل گراؤنڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ گاندھی نے کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو وہ ہر سال ایک لاکھ نوکریاں اور پانچ سالوں میں پانچ لاکھ نوکریاں دے گی۔

اس سے قبل ریلی میں پہنچنے سے پہلے انہوں نے بابا بھوت ناتھ مندر میں ماتھا ٹیکا۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ہر پانچ سال بعد حکومت بدلنے کی جو روایت آپ نے بنائی ہے اسے مت بدلیں۔ یہ ایک اچھی روایت ہے۔ اس سے لیڈروں کا دماغ درست رہتا ہے۔ ہماچل ثقافت اور روایات کی ریاست ہے۔

محترمہ گاندھی نے الزام لگایا کہ گجرات سے لے کر ہماچل پردیش تک عوام بی جے پی کی ناکام پالیسیوں سے ناراض ہیں۔ بی جے پی کی قیادت والی حکومتوں کی پالیسیاں صرف اپنے صنعتکار دوستوں کے لیے ہیں۔ کسانوں کو اپنی فصلوں کی قیمتیں مقرر کرنے کا حق نہیں ہے۔ ان کا فیصلہ صنعتکار کررہے ہیں۔ ایسے حالات میں عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ یہ سیاست ہماچل پردیش میں پچھلے پانچ سالوں سے چل رہی ہے۔ کیا آپ انہیں مزید پانچ سال دیں گے؟ کیا بی جے پی نے آپ سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں؟

ہماچل پردیش میں سرکاری محکموں میں 63 ہزار آسامیاں خالی

انہوں نے سابق وزیر اعلی ویربھدر سنگھ کے کاموں کو بھی گنوایا اور کہا کہ بی جے پی کے وزیر اعلی منڈی ضلع سے ہیں لیکن انہوں نے یہاں کچھ نہیں بنایا، صرف خود غرضی کی سیاست کی ہے۔ چھتیس گڑھ میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ حکومت کے قیام کے پہلے ہی دن پورا ہوگیا۔ ہماچل پردیش میں سرکاری محکموں میں 63 ہزار آسامیاں خالی ہیں۔ انہیں بھرا نہیں جارہا ہے، اس پر حکومت نے فوج میں بھرتی کی اگنی ویر اسکیم لا کر نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ دودھ، دہی، آٹا، سرسوں کے تیل اور سیب کے باغات کی پیکنگ میٹریل پر ٹیکس عائد کیا گیا۔

انہوں نے کانگریس امیدواروں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اندرا کو ہماچل پردیش سے پیار اور لگاؤ ​​تھا۔ گاؤں گاؤں میں ان کی دادی کی باتیں ہوتی ہیں۔ ان کے انتقال کے بعد ملک کی سیاست بدل گئی۔ آج پیسہ اور میڈیا کا غلبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماچل پردیش کی تشکیل ہورہی تھی تو کئی لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔ بہت سے لوگ کہتے رہے کہ پہاڑی ریاست نہیں چلے گی۔ محترمہ اندرا گاندھی اور یشونت سنگھ پرمار نے ہماچل پردیش بنایا۔ یہاں وقف کرنے کی روایت ہے۔ ہماچل کے لوگوں میں خوداری ہے، روایت ہے، وہ اسے بدل نہیں سکتے۔ پانچ سال حکومت بدلنے کی روایت بہت اچھی ہے۔ لیڈروں کو ان کی حقیقت کا پتہ چل جاتا ہے۔

قبل ازیں محترمہ واڈرا نے اسٹیج پر محترمہ اندرا گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد گجرات کے موربی میں ہونے والے حادثے پر غم کا اظہار کیا اور اسٹیج پر ہی خاموشی اختیار کرتے ہوئے مرنے والوں کی روحوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔