جمعرات, اپریل 2, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 171

منی پور کابینہ نے گورنر سے پھر کی اسمبلی اجلاس بلانے کی سفارش، 29 اگست سے اجلاس طلب کیے جانے کا امکان

0
منی-پور-کابینہ-نے-گورنر-سے-پھر-کی-اسمبلی-اجلاس-بلانے-کی-سفارش،-29-اگست-سے-اجلاس-طلب-کیے-جانے-کا-امکان

شمال مشرقی ریاست منی پور میں فی الحال تشدد کے واقعات تھم گئے ہیں۔ اس کے باوجود تین مہینے بعد بھی وہاں حالات معمول پر نہیں آ پا رہے ہیں۔ اُدھر امپھال-دیماپور قومی شاہراہ (این ایچ 2) پر ناقہ بندی منگل کو دوسرے دن بھی جاری رہی، جبکہ سیکورٹی فورسز نے امپھال-جریبام قومی شاہراہ (این ایچ 37) پر گاڑیوں کی آمد و رفت کو سہولت آمیز بنانے کے لیے سیکورٹی کور فراہم کیا ہے۔

اس درمیان منی پور کابینہ نے ایک بار پھر آج یعنی منگل کو گورنر انوسوئیا اوئیکے سے سفارش کی ہے کہ 29 اگست کو اسمبلی کا مانسون اجلاس بلایا جائے۔ یعنی 29 اگست کو اسمبلی اجلاس طلب کیے جانے کے امکانات روشن ہیں۔ حالانکہ اس سے قبل ریاستی کابینہ نے 4 اگست کو بارہویں منی پور اسمبلی کا چوتھا اجلاس 21 اگست کو بلانے کے لیے گورنر سے اسی طرح کی سفارش کی تھی، لیکن اب تک اس سلسلے میں کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ دفتر نے منگل کے روز ایک پوسٹ کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 21 اگست 2023 کو عزت مآب وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کی صدارت میں ریاستی کابینہ نے 29 اگست کو 12ویں منی پور اسمبلی (مانسون اجلاس) کا چوتھا اجلاس بلانے کا فیصلہ لیا۔ دراصل اس اہم اجلاس میں پورا امکان ہے کہ ریاست میں جاری نسلی تشدد اور اس سے جڑے ایشوز پر بحث ہوگی۔ کابینہ کی سفارشات کے باوجود گورنر کے رسمی طور سے اجلاس نہیں بلانے کے بعد سیاسی تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ گزشتہ اسمبلی اجلاس مارچ میں ہوا تھا اور اصولوں کے مطابق ہر چھ ماہ میں کم از کم ایک اسمبلی اجلاس منعقد کیا جانا چاہیے۔ سابق وزیر اعلیٰ اوکرام ایبوبی سنگھ کی قیادت میں کانگریس قانون ساز پارٹی نے 26 جولائی کو گورنر سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران آئین کے آرٹیکل (1)174 کے تحت اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

کانگریس لیڈران منی پور میں صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ اوکرام ایبوبی سنگھ کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ ریاستی اسمبلی موجودہ اتھل پتھل پر بحث کرنے کے لیے سب سے مناسب پلیٹ فارم ہے۔ یہاں معمول والی حالت بحال کرنے کی تدبیریں اور مشورے پیش کیے جا سکتے ہیں اور بحث کی جا سکتی ہے۔ تین بار وزیر اعلیٰ رہے اوکرام ایبوبی سنگھ نے کہا کہ اگر چھ مہینے میں اسمبلی اجلاس نہیں ہوگا تو منی پور میں آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔ کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر اوکرام ایبوبی سنگھ نے ایک پارٹی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھنے میں نہیں ملتا کہ کابینہ کی گزارش کے باوجود گورنر نے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا۔

دوسری طرف برسراقتدار بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی سمیت 10 قبائلی اراکین اسمبلی اور کئی دیگر قبائلی تنظیموں کے ساتھ 12 مئی سے قبائلیوں کے لیے ایک الگ انتظامیہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ قبائلی اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ وہ سبھی سیکورٹی اسباب سے امپھال میں اسمبلی اجلاس میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ واضح رہے کہ 3 مئی کو ریاست میں نسلی تشدد بھڑکنے کے بعد سے 160 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں اور 600 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

چندریان-3 چاند کی سطح پر لینڈنگ کے لیے پوری طرح تیار، لیکن نتیجہ خیز ثابت ہوں گے آخر کے 20 منٹ!

0
چندریان-3-چاند-کی-سطح-پر-لینڈنگ-کے-لیے-پوری-طرح-تیار،-لیکن-نتیجہ-خیز-ثابت-ہوں-گے-آخر-کے-20-منٹ!

اِسرو کے سائنسداں اس وقت چندریان-3 پر سخت نگاہ بنائے ہوئے ہیں۔ 23 اگست 2023 کو اِسرو یعنی انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن چاند پر فتح کا پرچم لہرانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بدھ کے روز جب وکرم لینڈر چاند کی سطح پر لینڈ کرے گا تو اس کے ساتھ اِسرو ایک تاریخ رقم کر دے گا۔ لیکن لینڈنگ سے ٹھیک پہلے کے 20 منٹ نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

سبھی کو بدھ کی شام 6 بج کر 4 منٹ (حالانکہ یہ وقت بدل بھی سکتا ہے) کا بے صبری سے انتظار ہے۔ یہ وہ وقت ہوگا جب ہندوستان تاریخ رقم کرنے کے دہانے پر ہوگا اور اس دوران 20 منٹ بے حد اہم ہوں گے۔ چاند پر فتح حاصل کرنے کی ہندوستانی مہم کو پوری دنیا براہ راست دیکھے گی اور سبھی کی نگاہیں اس 20 منٹ پر ہی ہوں گی جب وکرم لینڈر چاند کی سطح پر لینڈ کرنے کی تیاری کر رہا ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ 23 اگست کو جب لینڈر وکرم چاند کی طرف آگے بڑھنا شروع کرے گا، اس وقت اس کی رفتار 1.68 کلومیٹر فی سیکنڈ یعنی 6048 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ یعنی جس رفتار سے طیارہ ہوا میں پرواز کرتا ہے، یہ اس سے دس گنا زیادہ رفتار ہے۔ اس کے بعد لینڈر وکرم کی رفتار دھیمی ہونی شروع ہوگی اور اس وقت وہ چاند کی سطح کی طرف افقی انداز میں بڑھے گا۔ اسے رف بریکنگ فیز کہا جاتا ہے، جو کہ 11 منٹ تک چلے گا۔ اس کے بعد لینڈر وکرم عمودی ہوگا، جسے فائن بریکنگ فیز کہا جاتا ہے۔

چاند کی سطح سے 800 میٹر اوپر ہونے پر افقی اور عمودی لینڈر کی رفتار صفر ہو جائے گی تو لینڈر وکرم کے ہوور چاند پر لینڈنگ کے لیے جگہ تلاش کریں گے۔ 150 میٹر کی دوری پر لینڈر وکرم پھر سے ہووَر کو روکے گا اور مناسب لینڈنگ والی جگہ کو دیکھے گا۔ اس کے بعد یہ اپنے دو انجنوں اور پیروں کے ساتھ لینڈ کرے گا۔ جیسے ہی لینڈر کے پیر چاند کی سطح کو چھوئیں گے، انجن بند ہو جائے گا اور یہی وہ وقت ہوگا جب چندریان-3 کی سافٹ لینڈنگ کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔

عوام کو ابھی اور رُلائے گی مہنگائی! وزارت مالیات کی رپورٹ میں راحت کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی

0
عوام-کو-ابھی-اور-رُلائے-گی-مہنگائی!-وزارت-مالیات-کی-رپورٹ-میں-راحت-کی-کوئی-امید-نظر-نہیں-آ-رہی

مہنگائی کے محاذ پر عوام کے لیے اچھی خبر سامنے نہیں آ رہی ہے۔ وزارت مالیات نے جو اشارے دیے ہیں اس سے لگتا ہے کہ لوگوں کو آنے والے وقت میں بھی مہنگی شرحوں پر سامان خریدنے کو مجبور ہونا پڑے گا۔ وزارت مالیات نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مہنگائی کا دباؤ بنا رہ سکتا ہے، ایسے میں مرکزی حکومت اور آر بی آئی کو اسے لے کر بے حد محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے منگل کو ماہانہ معاشی تجزیاتی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یہ باتیں کہی گئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے خوردنی اشیاء کی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے پہلے سے ہی احتیاطی اقدام کیے ہیں، جس سے تازہ اسٹاک کی آمد کے ساتھ بازار میں قیمتوں کا دباؤ جلد ہی کم ہونے کا امکان ہے۔ حالانکہ ساتھ ہی اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر صنعتی پالیسیوں کے سرگرم عمل کی حالت میں امکانات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایکسٹرنل سیکٹر کی نگرانی کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ ایکسپورٹ سروس لگاتار بہترین کارکردگی پیش کر رہا ہے اور ایسا جاری رہنے کا امکان ہے۔ گھر سے کام کرنے کی ترجیح بنی ہوئی ہے جو عام طور پر گلوبل کیپبلٹی سنٹر کے پھیلاؤ میں ظاہر ہوتی ہے۔ لیکن ساتھ ہی وسط مدت میں ہندوستانی سروسز کے ایکسپورٹ کی طلب اور روزگار پر آرٹیفیشیل انٹلیجنس جیسی نئی تکنیکوں کے اثر کی نگرانی کرنا بھی اہم ہے۔

رپورٹ میں آگے کہا گیا ہے کہ امریکی بانڈ ییلڈ میں اضافہ کے سبب عالمی شیئر بازاروں میں گراوٹ کا جوکھم ہے اور آگے مانیٹری سکتی کا اندیشہ ابھرتی معیشتوں میں شیئر بازاروں کو متاثر کرے گا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ "میکرو اکونومک حالات میں تقریباً ایک سال کی کمی کے بعد وسیع معاشی استحکام کو بنائے رکھنا ایک اہم پالیسی پر مبنی مقصد کی شکل میں واپس آ سکتا ہے۔”

مدھیہ پردیش میں کھڑگے نے کیے کئی اعلانات، 500 روپے میں رسوئی گیس سلنڈر اور 100 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ

0
مدھیہ-پردیش-میں-کھڑگے-نے-کیے-کئی-اعلانات،-500-روپے-میں-رسوئی-گیس-سلنڈر-اور-100-یونٹ-بجلی-مفت-دینے-کا-وعدہ

مدھیہ پردیش کے ساگر میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کئی اہم وعدے کیے۔ انھوں نے کہا کہ "میں وعدہ کرتا ہوں کہ جب کانگریس حکومت میں آئے گی تو کسانوں کو قرض سے راحت ملے گی، رسوئی گیس سلنڈر 500 روپے میں فراہم کیا جائے گا، خواتین کو 1500 روپے ماہانہ دیے جائیں گے، سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن منصوبہ نافذ کیا جائے گا، 100 یونٹ تک مفت بجلی ملے گی اور 200 یونٹ بجلی کے لیے نصف بل کی ادائیگی کرنی ہوگی، ہم ریاست میں ذات پر مبنی مردم شماری بھی کرائیں گے۔”

کانگریس صدر نے اپنے خطاب میں پی ایم مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان پر خوب حملے کیے۔ انھوں نے کہا کہ انتخاب آئے ہیں اس لیے بی جے پی کو سَنت روی داس یاد آ گئے۔ کھڑگے نے مرکزی اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خامیاں شمار کرائیں اور اس سے عوام کو پہنچنے والے نقصانات کی طرف بھی اشارہ کیا۔ ساگر میں 100 کروڑ روپے خرچ کر تعمیر کرائے جا رہے سَنت روی داس مندر کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انتخاب ہے اس لیے بی جے پی کو سَنت روی داس کی یاد آ گئی۔ ریاست میں 20 سال سے شیوراج سنگھ وزیر اعلیٰ ہیں اور مرکز میں 9 سال سے نریندر مودی وزیر اعظم ہیں، لیکن انھیں کبھی سَنت روی داس کی یاد نہیں آئی۔ اب الیکشن ہے، اس لیے ان کی یاد آ گئی ہے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کا مقصد ساگر میں کسی ادارہ کو بنانا نہیں ہے بلکہ ووٹ کیسے کھینچے جائیں، یہ ان کی کوشش کا حصہ ہے۔ کھڑگے نے وعدہ کیا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بننے پر سَنت روی داس کے نام پر یونیورسٹی کی بنیاد ڈالی جائے گی۔

کانگریس کے قومی صدر نے آئین کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر اور سَنت روی داس کی جنم بھومی کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ چند لوگ آئین کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ ہو ہی نہیں سکتا، کیونکہ ملک کی 140 کروڑ کی آبادی اس کے تحفظ کے لیے زندہ ہے۔

کھڑگے نے ساگر میں اپنے خطاب کے دوران واضح لفظوں میں کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے پر ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ ایسا کرنے سے یہ پتہ چل سکے گا کہ کون کون پسماندہ اور غریب ہیں، کتنے لوگ بے زمین ہیں اور ان کی ترقی کیسے کی جائے۔ کھڑگے نے مرکزی اور ریاستی حکومت کو عوام مخالف ٹھہرایا۔ ساتھ ہی کہا کہ انتخاب آتے ہیں تو یہ ووٹ پانے کے لیے کچھ بھی کرنے لگتے ہیں۔ مدھیہ پردیش ہر معاملے میں پسماندہ ہے اور یہاں جو حکومت ہے، وہ اراکین اسمبلی کی چوری کر کے بنائی گئی ہے۔ انھوں نے کانگریس ریاستی صدر کمل ناتھ کو ‘ناتھ’ بتایا اور کہا کہ کمل تو بی جے پی کا ہے، مگر ناتھ ہمارے ہیں۔

‘کوئی جھنجھٹ نہیں، مل بیٹھ کر سب طے ہو جائے گا’، اپوزیشن اتحاد اِنڈیا کے کنوینر کو لے کر لالو یادو کا بڑا بیان

0
‘کوئی-جھنجھٹ-نہیں،-مل-بیٹھ-کر-سب-طے-ہو-جائے-گا’،-اپوزیشن-اتحاد-اِنڈیا-کے-کنوینر-کو-لے-کر-لالو-یادو-کا-بڑا-بیان

آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے صدر لالو پرساد یادو اپنی بیوی رابڑی دیوی اور بیٹے تیج پرتاپ یادو کے ساتھ منگل کے روز بہار کے گوپال گنج میں اپنے آبائی گاؤں پھلوریا پہنچے۔ انھوں نے اس دوران کہا کہ اپوزیشن اتحاد اِنڈیا میں کنوینر عہدہ کو لے کر کوئی جھنجھٹ نہیں ہے۔ جلد ہی مل بیٹھ کر سب طے ہو جائے گا۔ انھوں نے اس دوران تیجسوی یادو کے وزیر اعلیٰ بنائے جانے والے ایشو پر بھی بات کی۔

لالو پرساد یادو نے اپوزیشن اتحاد کا کنوینر نتیش کمار کو بنائے جانے کے تذکرے پر کہا کہ کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسے لے کر کوئی جھنجھٹ والا معاملہ نہیں ہے۔ سبھی لوگ مل بیٹھ کر طے کر لیں گے۔ لالو پرساد نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ چار پانچ ریاستوں پر بھی ایک کنوینر ہوگا جو متعلقہ ریاستوں کے کاموں کو دیکھے گا۔

اس دوران نتیش کمار کے ساتھ بہار میں اتحاد قائم کیے جانے کے دوران تیجسوی یادو کو لے کر کسی طرح کے ہوئے معاہدہ کو مسترد کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا کہ ابھی اس طرح کی باتیں کرنے کا وقت نہیں ہے۔ ابھی ہمارا اصل مقصد متحد رہنے کا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 18 پارٹیاں ایک ساتھ آئی ہیں اور سبھی کا مقصد صرف نریندر مودی کو ہٹانا اور جمہوریت کو بچانا ہے۔ کارکنان کی خواہش کے مطابق تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا یا نہیں، اس سوال پر انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ لیکن ابھی وہ نائب وزیر اعلیٰ ہیں، بعد میں ملک کی عوام اور سبھی مل کر طے کریں گے۔ فی الحال بی جے پی کو مرکز سے ہٹانے کا معاملہ ہے۔ اس کے لیے سبھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

لالو یادو نے ایک پرائیویٹ نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے اپنی کڈنی مجھے دی۔ اس نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر اپنی کڈنی دے کر میری جان بچائی۔ لالو یادو نے بتایا کہ اب بھی وہ سنگاپور کے ڈاکٹروں کے رابطے میں ہیں۔ لگاتار انھیں جانچ کی رپورٹ بھیجی جاتی ہے اور ڈاکٹروں کے مشورہ پر عمل کر رہے ہیں۔ حالانکہ لالو یادو نے بتایا کہ نان ویج کھانے کی وجہ سے ابھی ذیابیطس کی سطح کچھ بڑھ گئی ہے۔

پی ایم مودی برکس سمیلن میں شرکت کے لیے جوہانسبرگ پہنچے، ایئرپورٹ پر ہوا شاندار استقبال

0
پی-ایم-مودی-برکس-سمیلن-میں-شرکت-کے-لیے-جوہانسبرگ-پہنچے،-ایئرپورٹ-پر-ہوا-شاندار-استقبال

وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں پندرہویں برکس سمیلن میں حصہ لینے کے لیے منگل کے روز وہاں پہنچ گئے۔ شام تقریباً سوا پانچ بجے جب وہ جوہانسبرگ واقع ایئرپورٹ پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پی ایم مودی جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا کی دعوت پر جوہانسبرگ پہنچے ہیں اور 24 اگست تک وہ وہاں مہمان رہیں گے۔

پی ایم مودی نے جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اعتماد ظاہر کیا کہ یہ سمیلن رکن ممالک کو مستقبل کے پیش نظر تعاون کے شعبوں کی شناخت کرنے اور ترقی کا جائزہ لینے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ برکس گروپ میں ہندوستان کے علاوہ روس، چین، برازیل اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔ 2019 کے بعد برکس لیڈران کو پہلا موقع ملا ہے جب وہ اعلیٰ سطحی سمیلن میں آمنے سامنے ہوں گے۔

پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر (اب ایکس) پر برکس سمیلن میں اپنی شرکت کے تعلق سے لکھا ہے کہ "میں برکس- افریقہ آؤٹ ریچ اور برکس پلس ڈائیلاگ پروگراموں میں بھی شامل ہوؤں گا۔ برکس سمیلن گلوبل ساؤتھ کے لیے فکر کا سبب بنے مختلف ایشوز اور ترقی کے دیگر شعبوں پر بحث کرنے کے واسطے پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔”

ہندوستانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جنوبی افریقہ قیام کے دوران کئی مہمان ممالک کے ساتھ بات چیت کے لیے پرجوش ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں جوہانسبرگ میں موجود کچھ لیڈروں کے ساتھ دو فریقی میٹنگیں کرنے کو لے کر بھی پرجوش ہوں۔

این سی پی رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کو سپریم کورٹ نے دیا جھٹکا، قتل کی کوشش معاملے میں ہائی کورٹ کا فیصلہ منسوخ

0
این-سی-پی-رکن-پارلیمنٹ-محمد-فیضل-کو-سپریم-کورٹ-نے-دیا-جھٹکا،-قتل-کی-کوشش-معاملے-میں-ہائی-کورٹ-کا-فیصلہ-منسوخ

لکشدیپ سے این سی پی رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب سپریم کورٹ نے قتل کی کوشش والے کیس میں قصور اور سزا کو معطل کرنے کے کیرالہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو منسوخ کر دیا۔ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہی محمد فیضل کی لوک سبھا رکنیت بحال ہوئی تھی، لیکن اب ان کے لیے ایک بار پھر مشکلیں پیدا ہو گئی ہیں۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے محمد فیضل کو عبوری راحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی کورٹ نئے سرے سے سماعت کر چھ ہفتے میں فیصلہ لے۔ تب تک پرانے فیصلے کی بنیاد پر فیضل کو مل رہی سہولیات جاری رہیں گی۔

آج جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس اُجول بھوئیاں کی بنچ اس معاملے میں سماعت کر رہی تھی۔ بنچ نے حالانکہ محمد فیضل کو پارلیمانی رکنیت سے نااہلیت کے کسی بھی امکان سے محفوظ رکھا اور کہا کہ سابق حکم کے تحت تحفظ چھ ہفتے تک جاری رہے گا۔ ہائی کورٹ کو اس مدت میں لکشدیپ انتظامیہ کی نئی عرضی پر فیصلہ کرنا ہوگا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کے قصور، سزا کو معطل کرنے میں کیرالہ ہائی کورٹ نظریہ خامیوں سے بھرا تھا۔

واضح رہے کہ 2009 کے لوک سبھا انتخاب کے دوران آنجہانی مرکزی وزیر پی ایم سعید کے داماد محمد صالح کے قتل کی کوشش کے الزام میں لکشدیپ کے کورتی میں ایک سیشن عدالت نے 11 جنوری 2023 کو فیضل اور تین دیگر کو 10-10 سال کی جیل بامشقت کی سزا سنائی تھی اور ایک ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ اس حکم کو فیضل نے کیرالہ ہائی کورٹ میں چیلنج پیش کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے 25 جنوری کو فیضل کے قصور ثابت ہونے اور سزا کو معطل کر دیا تھا۔

کیرالہ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ وہ ذیلی عدالت کے حکم کے خلاف این سی پی لیڈر کی اپیل کا نمٹارا ہونے تک ان کے قصور اور سزا کو معطل کر رہا ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسا نہیں کرنے سے ان کی طرف سے خالی کی گئی سیٹ پر دوبارہ انتخاب ہوگا جس سے حکومت اور عوام پر مالی بوجھ پڑے گا۔ لکشدیپ انتظامیہ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا اور 30 جنوری کو عدالت عظمیٰ لکشدیپ انتظامیہ کی عرضی پر سماعت کے لیے راضی ہو گئی۔ سپریم کورٹ نے 29 مارچ کو ہائی کورٹ کے حکم کے بعد رکنیت بحال کرنے کی لوک سبھا سکریٹریٹ کے نوٹیفکیشن کے مدنظر رکن پارلیمنٹ کی شکل میں اپنی نااہلی کے خلاف فیضل کی علیحدہ عرضی کا نمٹارا کر دیا تھا۔

‘سی اے اے نافذ ہوگا اور ممتا بنرجی روک نہیں پائیں گی’، مغربی بنگال بی جے پی صدر سُکانت کا اظہارِ عزم

0
‘سی-اے-اے-نافذ-ہوگا-اور-ممتا-بنرجی-روک-نہیں-پائیں-گی’،-مغربی-بنگال-بی-جے-پی-صدر-سُکانت-کا-اظہارِ-عزم

مغربی بنگال بی جے پی کے صدر سُکانت مجومدار نے ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر آج شدید زبانی حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ "سی اے اے نافذ ہو کر رہے گا اور ممتا بنرجی اسے روک نہیں پائیں گی۔ بنگال کے لوگ آپ کی بدعنوانی کے بارے میں جانتے ہیں اور آنے والے وقت میں آپ کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے ووٹ کریں گے۔”

سُکانت مجومدار نے اس درمیان اپوزیشن اتحاد اِنڈیا پر بھی تلخ تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ "آپ (ممتا بنرجی) اپوزیشن اتحاد اِنڈیا کا حصہ ہیں، لیکن اِنڈیا (ہندوستان) آپ کے ساتھ نہیں ہے۔ ملک وزیر اعظم کے ساتھ ہے۔” دراصل حال ہی میں ممتا بنرجی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کی وداعی طے ہے اور پی ایم مودی کے پاس وزیر اعظم کی شکل میں صرف چھ ماہ کا وقت بچا ہے۔ سُکانت نے ممتا بنرجی کے اسی بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے مذکورہ بالا بیانات دیے ہیں۔

اس سے قبل مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کولکاتا کے نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں اماموں سے ملاقات کی۔ اس دوران ممتا بنرجی نے کہا کہ مذہب کو سیاست کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بی جے پی کو لے کر فکرمند نہیں ہیں اور وہ یہ یقینی کریں گی کہ کوئی مذہب دیگر مذہب کے ساتھ لڑائی جھگڑا نہ کرے۔ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ میں نے رمضان کے مہینے میں روزہ رکھا تو انھوں نے میری تصویر کا مذاق اڑایا۔ بی جے پی نے میرا نام بھی بدل دیا لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

قابل ذکر ہے کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی بنگال حکومت نے اماموں اور ہندو پجاریوں کی ماہانہ تنخواہ میں 500 روپے کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیتاجی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد تقریب مین ممتا بنرجی نے اس تعلق سے اعلان کیا۔ مغربی بنگال حکومت کے اس اعلان کے بعد اب بنگال میں اماموں کو ماہانہ بھتہ کی شکل میں تین ہزار روپے اور موذنین کو ڈیڑھ ہزار روپے ملیں گے۔ اسی طرح پروہتوں کا ماہانہ بھتہ بھی ڈیڑھ ہزار روپے ہو جائے گا۔

انڈیگو طیارہ میں مسافر کو ہوئی خون کی الٹی، پھر ملی موت کی خبر، ایئرلائنز کمپنی نے جاری کیا بیان

0
انڈیگو-طیارہ-میں-مسافر-کو-ہوئی-خون-کی-الٹی،-پھر-ملی-موت-کی-خبر،-ایئرلائنز-کمپنی-نے-جاری-کیا-بیان

انڈیگو طیارہ میں ایک مسافر کو اچانک خون کی الٹی ہوئی، اور اس سے پہلے کہ اسے ضروری علاج مل پاتا وہ موت کی نیند سو گیا۔ اس سلسلے میں انڈیگو ایئرلائنز نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ممبئی سے رانچی جا رہی فلائٹ کے اچانک ناگپور ڈائیورٹ کیے جانے کی وجہ بھی بتائی ہے۔ ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ "ممبئی سے رانچی جا رہی انڈیگو کے فلائٹ نمبر 6ای 5093 کو طبی ایمرجنسی کے سبب ناگپور ڈائیورٹ کر دیا گیا۔ بیمار مسافر کو طیارہ سے اتار دیا گیا اور اسے آگے کی طبی مدد کے لیے اسپتال لے جای اگیا۔ بدقسمتی سے مسافر کی جان نہیں بچ سکی۔ ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔”

اس سے قبل مہاراشٹر کے ناگپور واقع کے آئی ایم ایس کنگزوے اسپتال کے ڈی جی ایم (برانڈنگ اینڈ کمیونکیشنز) اعزاز سمیع نے بھی اس شخص کی موت کے بارے میں بیان جاری کیا۔ انھوں نے کہا کہ "62 سالہ ایک مرد مسافر سی کے ڈی (کرونک کڈنی ڈیزیز) اور تپ دق سے متاثر تھا اور ایک طیارہ (ممبئی سے رانچی جا رہے) میں اس کی ہیوی بلیڈنگ (خون کی الٹیاں) ہوئی تھیں اور اسے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ لاش کو آگے کی کارروائی کے لیے کے آئی ایم ایس کنگزوے اسپتال ایمبولنس میں جی ایم سی ایچ لے جایا گیا۔”

واضح رہے کہ انڈیگو ایئرلائنز کی ممبئی-رانچی پرواز میں پیر کی شام کو ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ پھر طبی ایمرجنسی کی حالت کی وجہ سے ناگپور میں اس پرواز کی اچانک لینڈنگ کرانی پڑی تھی۔ مسافر نے طیارہ میں خون کی الٹیاں کی تھیں اور اسے ایمرجنسی حالت میں ناگپور کے کے آئی ایم ایس اسپتال لے جایا گیا تھا، لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔

دہلی ریپ معاملہ :دہلی خواتین کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے اسپتال میں رات گزاری

0
دہلی-ریپ-معاملہ-:دہلی-خواتین-کمیشن-کی-سربراہ-سواتی-مالیوال-نے-اسپتال-میں-رات-گزاری

نئی دہلی: دہلی کمیشن برائے خواتین (ڈی سی ڈبلو) کی سربراہ سواتی مالیوال نے پیر کی رات اسپتال میں گزاری جب انہیں 16 سالہ لڑکی سے ملنے  نہیں دیا گیا جس کے ساتھ مبینہ طور پر  دہلی حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے جنسی زیادتی کی تھی۔

دہلی پولیس پر غنڈہ گردی میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے مالیوال نے کہا، "وہ مجھے نہ تو لڑکی سے ملنے دے رہے ہیں اور نہ ہی اس کی ماں سے۔ میں سمجھ نہیں پا رہی کہ پولیس مجھ سے کیا چھپانا چاہتی ہے۔ مجھے بتایا جا رہا ہے کہ نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) کی سربراہ  کو بچی کی والدہ سے ملنے کی اجازت دی گئی۔ جب این سی پی سی آر کی چیئرپرسن والدہ سے مل سکتے ہیں تو ڈی سی ڈبلیو چیف کو اس کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی ہے؟‘‘

ایکس (رسمی طور پر ٹویٹر) پر مالیوال نے کہا ’’کل دوپہر 12 بجے سے میں متاثرہ لڑکی یا اس کے خاندان سے ملنے کے لیے اسپتال کے باہر بیٹھی ہوں۔ رات کو اسپتال کے باہر سوئی تھی۔ این سی پی سی آر کو لڑکی کی ماں سے ملوایا جا سکتا ہے، تو مجھے رکنے کو کیوں کہا گیا؟ تم کیا چھپانے کی کوشش کر رہے ہو؟”

الزام ہے کہ لڑکی کو کئی ماہ تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہو گئی۔ پیر کو دہلی پولیس نے سرکاری اہلکار پریمودے کھاکھا (51) اور اس کی بیوی سیما رانی (50) کو گرفتار کیا تھا۔

انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمس میں شائع خبر کے مطابق ڈی سی پی (نارتھ) ساگر سنگھ کلسی نے بتایا  کہ ’’ایک نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے میں، ہم نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے، ان میں سے ایک51 سالہ پریمودے کھاکھا جو جی این سی ٹی کے محکمہ خواتین اور بچوں کی ترقی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں اور دوسری ان کی بیوی 50 سالہ سیما رانی ہیں۔‘‘

پولیس کے مطابق والد کی موت کے بعد، جو دہلی حکومت کا ملازم بھی تھا، نابالغ لڑکی  اکتوبر 2020 سے فروری 2021 تک ملزم کے ساتھ رہ رہی تھی۔ واضح رہے دہلی حکومت نے پیر کے روز ایک نابالغ متاثرہ کے ساتھ عصمت دری کرنے کے ملزم اہلکار کو معطل کر دیا۔