اتوار, مارچ 29, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 124

ممتا بنرجی کی دبئی ایئرپورٹ پر سری لنکائی صدر سے ہوئی ملاقات، ’انڈیا اتحاد‘ پر سوال کا دیا دلچسپ جواب

0
ممتا-بنرجی-کی-دبئی-ایئرپورٹ-پر-سری-لنکائی-صدر-سے-ہوئی-ملاقات،-’انڈیا-اتحاد‘-پر-سوال-کا-دیا-دلچسپ-جواب

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 13 ستمبر کو دبئی ہوائی اڈے پر سری لنکائی صدر رانیل وکرماسنگھے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اچانک ہوئی اور دونوں ہی لیڈران ایک دوسرے کو ایئرپورٹ پر دیکھ کر حیران ہوئے۔ پھر دونوں کے درمیان کچھ دلچسپ باتیں ہوئیں۔ وکرماسنگھے نے ممتا بنرجی سے سوال کیا کہ کیا وہ انڈیا اتحاد کی قیادت کریں گی؟ اس پر ممتا نے جواب دیا ’’یہ تو عوام پر منحصر کرتا ہے۔‘‘

دراصل ممتا بنرجی دبئی اور اسپین کے 12 روزہ دورے پر ہیں۔ ممتا بنرجی منگل کی صبح دبئی اور اسپین کے دورے پر روانہ ہوئی تھیں۔ اس دوران وہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے کاروباری اجلاس میں شریک ہوں گی۔ اس درمیان منگل کی شام وہ دبئی پہنچیں۔ بدھ کی صبح وہ اسپین کے لیے پرواز بھرنے کے مقصد سے دبئی ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ اسی دوران ان کی سری لنکائی صدر سے اچانک ملاقات ہو گئی۔

ممتا بنرجی نے اپنے ایکس ہینڈل پر اس ملاقات کے تعلق سے بتایا کہ ’’وکرماسنگھے نے مجھے ہوائی اڈے کے لاؤنج میں دیکھا۔ اس کے بعد انھوں نے مجھے کچھ بات چیت کے لیے بلایا۔ میں ان کے خیر مقدم سے حیران ہو گئی ہوں۔ میں نے انھیں کولکاتا میں بنگال گلوبل بزنس سمٹ 2023 کے لیے مدعو بھی کیا ہے۔‘‘ ممتا نے یہ بھی جانکاری دی کہ وکرماسنگھے نے انھیں سری لنکا دورہ کے لیے بھی مدعو کیا ہے۔

جموں و کشمیر: دہشت گردوں سے تصادم میں کرنل، میجر اور ڈی ایس پی شہید

0
جموں-و-کشمیر:-دہشت-گردوں-سے-تصادم-میں-کرنل،-میجر-اور-ڈی-ایس-پی-شہید

جموں و کشمیر کے اننت ناگ واقع کوکیرناگ علاقہ میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم کے دوران آرمی کرنل، میجر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) شہید ہو گئے۔ اس سلسلے میں افسران نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 13 ستمبر کو کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش، جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ گولی باری میں سنگین طور پر زخمی ہوئے تھے، بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔ افسران کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق ہمایوں بھٹ کی جان بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

اس سے قبل پولیس کے ایک افسر نے اننت ناگ کے گاڈولے علاقے میں چھپے دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان بدھ کی صبح تصادم شروع ہونے کی جانکاری دی تھی۔ جموں و کشمیر میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان راجوری میں بھی تصادم کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے افسران کے حوالے سے بتایا کہ راجوری میں بدھ کو ہی تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز نے مزید ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ اس سے راجوری ضلع کے دوردراز واقع نارلا گاؤں میں تین دنوں سے جاری مہم کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے۔

موصولہ خبروں سے پتہ چلا ہے کہ نارلا گاؤں میں منگل کے روز ہوئے تصادم میں ایک مشتبہ پاکستانی دہشت گرد ہلاک ہوا۔ اس گولی باری میں فوج کا ایک جوان شہید ہوا اور فوج کی شوان یونٹ کی 6 سالہ مادہ لیبراڈور کینٹ بھی شہید ہو گئی۔ اس تصادم میں تین سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

انڈیا اتحاد: رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں لیے گئے کئی اہم فیصلے، مشترکہ اجلاس پر لگی مہر

0
انڈیا-اتحاد:-رابطہ-کمیٹی-کی-پہلی-میٹنگ-میں-لیے-گئے-کئی-اہم-فیصلے،-مشترکہ-اجلاس-پر-لگی-مہر

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر متحد ہوئی اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد ’انڈیا‘ مودی حکومت کے خلاف پوری طرح سرگرم دکھائی دے رہا ہے۔ آج اس اتحاد کی کوآرڈنیشن کمیٹی (رابطہ کمیٹی) کی پہلی میٹنگ این سی پی چیف شرد پوار کے دہلی واقع گھر پر ہوئی۔ اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے جن میں سے ایک سبھی ریاستوں میں مشترکہ اجلاس منعقد کیے جانے کا بھی ہے۔ یعنی 14 رکنی رابطہ کمیٹی نے مشترکہ اجلاس پر مہر لگا دی ہے، لیکن یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ یہ اجلاس کب کب اور کہاں کہاں منعقد ہونے ہیں۔

آج رابطہ کمیٹی کی ہوئی میٹنگ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے میڈیا کو سیٹوں کی تقسیم سے متعلق انتہائی اہم جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ کوآرڈنیشن کمیٹی نے سیٹوں کی تقسیم کے لیے سرگرمی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ساتھی پارٹیاں بات چیت کر کے جلد از جلد کوئی فیصلہ لیں گی۔

رابطہ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کانگریس کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے بھی کچھ اہم جانکاریاں دی گئی ہیں۔ پوسٹ میں کے سی وینوگوپال کا بیان دیا گیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں 12 پارٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔ کمیٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں مشترکہ اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلا عوامی جلسہ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں بھوپال میں منعقد ہوگا۔‘‘ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ’’ہم بی جے پی کے دور حکومت میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی جیسے مسائل اٹھائیں گے۔ سبھی پارٹیوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کا معاملہ اٹھانے پر بھی اتفاق ظاہر کیا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ انڈیا اتحاد نے ممبئی میں ہوئی میٹنگ کے دوران 14 رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ ترنمول کانگریس کے ابھشیک بنرجی اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے کیونکہ ای ڈی نے آج انھیں ایک معاملے میں پیش ہونے کے لیے کہا تھا۔ سی پی ایم کا بھی کوئی لیڈر رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں شامل نہیں ہو سکا کیونکہ ابھی تک سی پی ایم نے کمیٹی میں شامل ہونے کے لیے کسی کا نام ہی نہیں بھیجا ہے۔

’خبروں کا سب سے قابل اعتبار ذریعہ اخبار ہے، یہ برقرار رہیں گے‘، میڈیا اجلاس میں اظہارِ خیال

0
’خبروں-کا-سب-سے-قابل-اعتبار-ذریعہ-اخبار-ہے،-یہ-برقرار-رہیں-گے‘،-میڈیا-اجلاس-میں-اظہارِ-خیال

’’آج بھی خبروں کے معاملے میں اخبار سب سے قابل اعتبار ذریعہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے تیزی سے پھیلنے کے بعد بھی ہندوستان میں اخباروں کا سرکولیشن بڑھ رہا ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ آج بھی لوگوں میں اخبار کی اپنی اہمیت ہے۔‘‘ یہ اظہار خیال 13 ستمبر کو پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے دہلی میں منعقد پہلے میڈیا اجلاس میں شریک مختلف زبانوں کے اخبارات سے منسلک صحافیوں نے متفقہ طور پر کیا۔

میڈیا اجلاس میں ہندوستانی زبانوں کے اخبارات کی وسعت اور تکنیک کی بڑھتی مداخلت پر ماہرین نے اپنے خیالات ظاہر کیے۔ اس دوران میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مشہور ہستیوں نے کہا کہ اخبار آج بھی سب سے بھروسہ مند ذریعہ ہے۔ قارئین دن بھر ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا پر خبریں دیکھنے کے بعد بھی اخبار پڑھتے ہیں، جس سے ظاہر ہے کہ وہ اخبار کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔

’امر اجالا‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر تنمے مہیشوری نے اس موقع پر کہا کہ ’’ہمارے یہاں لوگوں کو 5 سے 7 روپے میں اخبار مل جاتا ہے۔ بیرون ممالک میں یہی اخبار 40-30 روپے میں ملتا ہے، اور اس میں بھی لاجسٹکس کا خرچ لگتا ہے۔ عام طور سے ہمارے یہاں کوئی سامان منگوانے پر ہر پیکٹ پر 50 سے 60 روپے لاجسٹکس کی لاگت آتی ہے، لیکن ہم ان سب اخراجات کے بعد بھی صرف 5 سے 7 روپے میں اخبار دستیاب کراتے ہیں۔ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ یہ فرق کہاں سے آ رہا ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’اخبار اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت ہر طرح کا پلیٹ فارم برقرار رہے گا اور آگے بڑھتا بھی رہے گا۔ یہ فکر بے بنیاد ہے کہ نئے زمانے میں اخبارات ختم ہو جائیں گے۔‘‘

اے بی پی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو افسر دھروب مکھرجی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائپرلوکل تک پہنچنا اخبارات کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ جہاں عام طور سے بڑے ٹی وی چینل پہنچ ہی نہیں پاتے ہیں۔ ’ایناڈو‘ گروپ کے ڈائریکٹر آئی وینکٹ نے اجلاس میں ’فیکٹ چیک‘ پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اعتبار حاصل کرنے کے لیے فیکٹ چیک کے انتظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔‘‘ علاوہ ازیں دینک بھاسکر کے نیشنل ایڈیٹر لکشمی پنت نے کہا کہ ’’نچلے اور چھوٹے علاقوں کے صحافی آج ایڈمنسٹریشن کے سامنے سب سے سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔ نئے لوگ خواندہ ہو رہے ہیں۔ خبروں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس کے پلیٹ فارم بدل رہے ہیں۔‘‘

اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کا ’ایکس ہینڈل‘ معطل، شرد پوار گروپ کی شکایت پر ہوئی کارروائی

0
اجیت-پوار-کی-قیادت-والی-این-سی-پی-کا-’ایکس-ہینڈل‘-معطل،-شرد-پوار-گروپ-کی-شکایت-پر-ہوئی-کارروائی

اجیت پوار گروپ والے این سی پی (نیشلسٹ کانگریس پارٹی) کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر کی قیادت والی الگ ہوئی این سی پی کے ’ایکس ہینڈل‘ کو ایک عشرہ سے زیادہ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی لیڈران نے ہی جانکاری دی ہے۔ دراصل ’ایکس‘ پر جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق @NCPSpeaks1 اکاؤنٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ حالانکہ اس کے لیے کوئی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی نے اپنے آفیشیل ایکس اکاؤنٹ (@NCPspeaks) سے مبینہ طور پر ایک شکایت کی تھی کہ اجیت پوار گروپ کا ایکس اکاؤنٹ (@NCPSpeaks1) اس کے اپنے آفیشیل اکاؤنٹ کے یکساں تھا۔ حالانکہ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکس اکاؤنٹ بدھ کو بحال ہونے کا امکان ہے۔

اِنڈیا-بھارت تنازعہ کے درمیان ’بلو ڈارٹ‘ نے اپنی ایک سروس کو دیا نیا نام

0
اِنڈیا-بھارت-تنازعہ-کے-درمیان-’بلو-ڈارٹ‘-نے-اپنی-ایک-سروس-کو-دیا-نیا-نام

ایک طرف سیاسی حلقوں میں انڈیا-بھارت تنازعہ جاری ہے، اور دوسری طرف لاجسٹک کمپنی ’بلو ڈارٹ‘ نے اپنی ایک سروس کا نام بدل کر ’بھارت پلس‘ رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی نے آج اس سلسلے میں جانکاری دی کہ اپنی پریمیم سروس ’ڈارٹ پلس‘ کا نام بدل کر ’بھارت پلس‘ کر دیا ہے۔ بلو ڈارٹ نے بدھ کے روز کمپنی فائلنگ میں بتایا کہ یہ اسٹریٹجک تبدیلی ہے جس کو کمپنی کے سفر میں ایک سنگ میل کی طرح دیکھا جانا چاہیے۔

بلو ڈارٹ نے اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’’یہ قدم ہمارے صارفین کی لگاتار وسیع ہوتی ضرورتوں کے ساتھ قدم ملانے کی کوشش ہے۔‘‘ کمپنی نے مزید کہا کہ وہ سبھی اسٹیک ہولڈرس کو اس تبدیلی والے سفر سے جڑنے کی دعوت دیتی ہے، جس سے ہم بھارت کو پوری دنیا اور دنیا کو بھارت سے جوڑنا جاری رکھ رہے ہیں۔

دراصل صدر جمہوریہ کی طرف سے 9 ستمبر کو جی-20 اجلاس کے دوران ’بھارت منڈپم‘ میں منعقد ہونے والے عشائیہ کے دعوت نامہ میں ’دی پریسیڈنٹ آف بھارت‘ کی طرف سے دعوت بھیجا گیا تھا۔ اسی دعوت نامہ پر شائع ’بھارت‘ لفظ کو لے کر سیاست تیز ہو چکی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی حکومت ملک کے نام پر بھی حملہ کر رہی ہے۔ بلو ڈارٹ کا تازہ قدم انڈیا بنام بھارت کی اسی بحث کے درمیان اٹھایا گیا ہے۔

نیپا وائرس کا پھیلاؤ: دو اموات کے بعد تمل ناڈو-کیرالہ سرحد پر ہیلتھ الرٹ جاری

0
نیپا-وائرس-کا-پھیلاؤ:-دو-اموات-کے-بعد-تمل-ناڈو-کیرالہ-سرحد-پر-ہیلتھ-الرٹ-جاری

چنئی: کیرالہ کے کوزیکوڈ میں نیپا وائرس سے ہونے والی اموات کے بعد تمل ناڈو کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ پریونٹیو میڈیسن نے سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ جنوبی ریاست کیرالہ میں نیپا وائرس سے دو ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے ایک شخص رواں ماہ کے شروع میں جبکہ دوسری ہلاکت 30 اگست کو ہوئی۔

ڈاکٹر ٹی ایس ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ اینڈ پریوینٹیو میڈیسن، حکومت تمل ناڈو سیلویانگم نے ایک بیان میں کہا ’’کیرالہ سے رپورٹ ہونے والے نیپا وائرس کے دو معاملات کے پیش نظر ہم صحت کی ٹیموں کے ذریعے کیرالہ سے آنے والے مسافروں کی سرحدی چوکیوں پر اسکریننگ کریں گے۔ تمل ناڈو کے 6 اضلاع میں جو کیرالہ کے ساتھ سرحد کا اشتراک کرتے ہیں 24 گھنٹوں کے لیے ایک الگ ٹیم تعینات کی گئی ہے۔

وہ چھ اضلاع ہیں نیل گری، کوئمبٹور، تروپور، تھینی، ٹینکاسی اور کنیا کماری ہیں۔ ہیلتھ سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام علامتی بخار کے کیسز کی سرحدوں پر ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ اسکریننگ کریں۔ تمل ناڈو کے وزیر صحت ما سبرامنیم نے نیل گیری ضلع کے گڈالور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیرالہ میں نیپا پھیلنے سے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ بخار کی علامات ظاہر کرنے والوں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق نیپا وائرس جانوروں سے لگنے والا ایک وائرس ہے جب کہ وائرس مضر کھانوں اور متاثرہ شخص سے بھی لگتا ہے، کبھی کبھار وائرس میں مبتلا شخص میں اس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں تاہم کبھی کبھار متاثرہ شخص کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، یہ وائرس دماغ کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وائرس کے نتیجے میں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے جبکہ فی الحال اس کی کوئی دوا یا ویکسین موجود نہیں ہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کیرالہ میں اس صورتحال پر نظر رکھنے اور قابو پانے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم روانہ کر دی ہے۔ وہیں، کیرالہ کے وزیر صحت نے کہا کہ وائرس سے مرنے والے دونوں افراد سے رابطے میں رہنے والے 168 افراد کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

آسام کے وزیر اعلی کی اہلیہ پر بدعنوانی کا الزام، عآپ لیڈر نے کیا ای ڈی-سی بی آئی سے تحقیقات کا مطالبہ

0
آسام-کے-وزیر-اعلی-کی-اہلیہ-پر-بدعنوانی-کا-الزام،-عآپ-لیڈر-نے-کیا-ای-ڈی-سی-بی-آئی-سے-تحقیقات-کا-مطالبہ

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) آسام کے انچارج راجیش شرما نے بدھ کو آسام کے وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما کی اہلیہ رینکی بھوئیاں سرما پر بدعنوانی کا الزام لگایا۔ عآپ لیڈر کا کہنا ہے کہ سی ایم کی اہلیہ نے زمین کی نوعت میں تبدیلی کی شکل میں بدعنوانی کرتے ہوئے موٹی کمائی کی۔ راجیش شرما نے اس معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں، آسام کے وزیر اعلیٰ نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

راجیش شرما نے کہا، "میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کس طرح عوام کی محنت سے کمائی گئی ٹیکس کی رقم آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے خاندان اور دوستوں کو دی جا رہی ہے۔ ان کی اہلیہ رینکی شرما بھوئیاں اپنے شوہر کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ‘آسام کی اڈانی’ بننے کی راہ پر چل پڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسام کے وزیر اعلی کی اہلیہ نے ‘وندیا انٹرنیشنل اسکول’ کے نام سے ایک پرتعیش نجی اسکول کھولا ہے اور وہ ایک چائے کے باغ اور ایک ریزارٹ کی بھی مالک ہیں۔

عآپ لیدر راجیش نے الزام لگایا ہے کہ چیف منسٹر کی اہلیہ نے آسام کے ناگون ضلع میں 106 بیگھہ (35 ایکڑ) سے زیادہ زرعی زمین خریدی ہے۔ یہاں اہم مسئلہ یہ ہے کہ آسام لینڈ سیلنگ ایکٹ کے مطابق کوئی بھی شخص آسام میں 49.50 بیگھہ سے زیادہ زرعی زمین نہیں خرید سکتا۔

تاہم وزیر اعلیٰ کی اہلیہ نے 106 بیگھہ سے زائد زمین خریدی ہے۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اس زمین میں سے 50 بیگھہ کو آٹھ ماہ کے اندر زرعی سے صنعتی زمین میں تبدیل کیا گیا اور 56 بیگھہ زمین درجہ بندی میں تبدیلی کے بعد خریدی گئی۔

عآپ لیڈر نے کہا کہ وہ زمین حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں کیونکہ ان کے شوہر ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ زمین خریدنے کے بعد 25 کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبے کے ساتھ فوڈ پروسیسنگ یونٹ کے قیام کے نام پر 50 بیگھہ کو صنعتی استعمال کے لیے تبدیل کیا گیا اور وزارت فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز نے انہیں اس منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہاں کرپشن ہوا ہے اور یہ وزیراعلیٰ کے خاندان کو سرکاری اسکیم سے براہ راست فائدہ ملنے کا معاملہ ہے۔

عآپ لیڈر راجیش شرما نے مزید کہا کہ آسام میں وزیر اعلیٰ کی اہلیہ نے وزیر اعظم کی اسکیم مستفید کے طور پر 10 کروڑ روپے کی ہیراپھیری کی، جس کی ای ڈی اور سی بی آئی کو تحقیقات کرانے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں، کانگریس کی طرف سے بھی ہیمنت بسوا کی اہلیہ پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی اور لکھا ’’وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لیے کسان سمپدا یوجنا کا آغاز کیا لیکن آسام میں وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے اپنی بیوی کی فرم کو کریڈٹ سے منسلک سبسڈی کے حصے کے طور پر 10 کروڑ روپے حاصل کرنے میں مدد کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا۔ کیا مرکزی حکومت کی اسکیمیں بی جے پی کو مالا مال کرنے کے لیے ہیں؟‘‘

گگوئی کی پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ٹوئٹ کیا، ’’میں واضح کرنا چاہوں گا کہ نہ تو میری بیوی اور نہ ہی وہ جس کمپنی سے وابستہ ہیں اس نے حکومت ہند سے کبھی کوئی مالی سبسڈی حاصل نہیں کی ہے۔‘‘

خصوصی اجلاس سے ایک دن قبل نئی پارلیمنٹ میں لہرائے گا ہندوستانی پرچم!

0
خصوصی-اجلاس-سے-ایک-دن-قبل-نئی-پارلیمنٹ-میں-لہرائے-گا-ہندوستانی-پرچم!

پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 18 ستمبر سے شروع ہونے والا ہے اور اس سے ٹھیک ایک دن قبل یعنی 17 ستمبر کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہندوستانی پرچم لہرایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے داخلی دروازے پر پرچم کشائی ہوگی اور یہ عمل راجیہ سبھا چیئرمین اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا انجام دیں گے۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے موجود رہنے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران 19 ستمبر کو پرانے پارلیمنٹ ہاؤس سے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں منتقلی کا پروگرام ہوگا۔ یعنی 18 ستمبر کو پارلیمانی اجلاس شروع ہونے کے دوسرے دن نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس ہوگا اور 22 ستمبر کو خصوصی اجلاس کا اختتام ہوگا۔ یہ بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 18 ستمبر کو پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں جب اجلاس ہوگا تو پرانے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر سے لے کر اب تک کی یادوں کو تازہ کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کے آثار ہیں، کیونکہ ابھی تک اس اجلاس سے متعلق کوئی ایجنڈا سامنے نہیں آیا ہے جس کو لے کر اپوزیشن پارٹیاں سخت ناراض ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس مین حکومت ’وَن نیشن، وَن الیکشن‘ بل لا سکتی ہے۔ ان خبروں کے بعد اپوزیشن نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا ہے۔ حال ہی میں سونیا گاندھی نے حکومت کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا تھا کہ بغیر کسی صلاح و مشورہ کے خصوصی اجلاس کا اعلان کر دیا گیا ہے جو مناسب نہیں۔

فوجداری مقدمات کے میڈیا ٹرائل پر سپریم کورٹ کی تشویش، مرکز کو گائیڈلائن جاری کرنے کی ہدایت

0
فوجداری-مقدمات-کے-میڈیا-ٹرائل-پر-سپریم-کورٹ-کی-تشویش،-مرکز-کو-گائیڈلائن-جاری-کرنے-کی-ہدایت

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے فوجداری مقدمات کے میڈیا ٹرائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوے مرکز سے پولیس میڈیا بریفنگ پر تفصیلی رہنما ہدایات تیار کرنے کو کہا ہے۔ ایم ایچ اے کو دو ماہ میں میڈیا بریفنگ کے حوالے سے مینول تیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ تمام ریاستوں کے ڈی جی پی ایک ماہ کے اندر ایم ایچ اے کو تجاویز دیں گے۔ اب اس کیس کی سماعت جنوری 2024 کے دوسرے ہفتے میں ہوگی۔ سپریم کورٹ فوجداری مقدمات میں پولیس کی جانب سے میڈیا بریفنگ کے لیے رہنما اصول طے کرنے کے معاملے کی سماعت کر رہا تھا۔

اس کیس کی سماعت کے دوران سی جے آئی ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا کہ میڈیا ٹرائل سے انصاف کی انتظامیہ متاثر ہو رہی ہے۔ پولیس میں حساسیت لانے کی ضرورت ہے۔ اس بات کا فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کہ تحقیقات کی تفصیلات کس مرحلے پر ظاہر کی جائیں۔ یہ ایک بہت اہم مسئلہ ہے کیونکہ اس میں متاثرین اور ملزمان کے مفادات کے ساتھ بڑے پیمانے پر عوام کا مفاد بھی شامل ہے۔

چیف جسٹس چندر چوڑ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ تین ماہ میں میڈیا بریفنگ کے لیے پولیس کو تربیت دینے کے لیے رہنما اصول وضع کرے۔ سی جے آئی نے کہا کہ یہ بہت اہم معاملہ ہے۔ ایک طرف لوگوں کو معلومات حاصل کرنے کا حق ہے لیکن اگر تفتیش کے دوران اہم شواہد سامنے آئے تو تفتیش بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ ہمیں ملزمان کے حقوق کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ایک سطح پر، ملزم جس کا طرز عمل زیر تفتیش ہے، پولیس کی طرف سے منصفانہ اور آزادانہ تفتیش کا حقدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانبدارانہ رپورٹنگ سے عوام میں یہ شک بھی پیدا ہوتا ہے کہ اس شخص نے جرم کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس متاثرین کی رازداری کی بھی خلاف ورزی کر سکتی ہیں۔ بعض صورتوں میں شکار نابالغ ہو سکتا ہے۔ متاثرہ شخص کی پرائیویسی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ میڈیا بریفنگ کے لیے پولیس کی تربیت کیسے ہونی چاہیے؟ ہماری 2014 کی ہدایات پر حکومت ہند نے کیا اقدامات کیے ہیں؟ مرکز کی جانب سے اے ایس جی ایشوریہ بھٹی نے عدالت کو یقین دلایا کہ حکومت میڈیا بریفنگ کے حوالے سے رہنما خطوط طے کرے گی۔ حکومت اس بارے میں عدالت کو آگاہ کرے گی۔

سپریم کورٹ ایک عرضی کی سماعت کر رہی ہے جس میں اس نے 2017 میں حکومت سے کہا تھا کہ وہ پولیس کی میڈیا بریفنگ کے لیے اصول طے کرے۔ کیس کے ایمیکس کیوری سینئر وکیل گوپال شنکرانارائن، نے بھی کہا کہ آروشی کیس میں بھی میڈیا ایسا ہی کر رہا تھا۔ ہم میڈیا کو رپورٹنگ سے نہیں روک سکتے لیکن پولیس کو حساس ہونے کی ضرورت ہے۔