جمعہ, مارچ 13, 2026

متنازعہ تبصرہ پر لیڈر کے خلاف بی جے پی کی کارروائی کے بعد احتجاج کا کوئی مطلب نہیں: نتیش

Share

نتیش نے کہا کہ ایک خاص کمیونیٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے متنازعہ تبصرہ کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کا اپنے لیڈر کے خلاف کاروائی کئے جانے کے بعد کسی احتجاج کا کوئی مطلب نہیں ہے

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج کہا کہ حال ہی میں ٹیلی ویژن چینل پر مباحثے کے دوران ایک خاص کمیونیٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے متنازعہ تبصرہ کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا اپنے لیڈر کے خلاف کاروائی کئے جانے کے بعد کسی احتجاج کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

مسٹر کمار نے سموار کو یہاں ”جنتا کے دربار میں وزیر اعلیٰ“ پروگرام کے بعد بی جے پی ترجمان رہیں نوپور شرما کے بیانات سے متعلق نامہ نگاروں کے سوال پر کہا کہ ”اس سلسلے میں بی جے پی نے کاروائی کی ہے۔ کچھ مقامات پر مظاہرے بھی ہوئے۔ جیسے ہی اس دن مجھے اس طرح کے واقعہ کا علم ہوا، میں دوسری چیزوں کا ریویو کررہا تھا لیکن اسے چھوڑ کر میں نے فوراً چیف سکریٹری سمیت انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو طلب کیا اور کہا کہ فورا ً اسے دیکھئے اور بہار میں کہیں اس طرح کی بات نہ ہو۔ اگر کوئی بات ہوتی ہے تو اسے سنجیدگی سے دیکھیں۔“

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کسی نے کوئی بیان دیا ہے تو اس پر کاروائی ہوگی۔ اس کے بعد بھی کچھ ہورہا ہے تو اس پر ضرور دھیان رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کتنا بھی اچھا کیجئے لیکن کچھ لوگ ہوتے ہیں جو جان ۔ بوجھ کر جھگڑا کروانا چاہتے ہیں۔ بہار میں کوئی ایسی صورتحال نہیں ہے۔ سب ٹھیک ہے، نارمل ہے۔

مسٹر کمار نے رانچی میں ہوئے واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ افسران کی پورے معاملے پر نظر رہے۔ کہیں کوئی واقعہ ہوتا ہے تو اس پر کاروائی ہونی چاہئے۔ یہ حکومت کا کام ہے۔ ہم لوگوں کے یہاں کوئی واقعہ ہوتاہے تو فورا ً کاروائی ہوتی ہے۔

یہاں کے وزیر کے ساتھ وہاں جو کچھ ہوا ہے، اس سے متعلق یہاں سے ساری باتیں کہی گئی ہیں۔ یہ ان کا فریضہ بنتا ہے کہ وہ سب کچھ دیکھیں۔ کسی کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکی کرنا اچھی بات نہیں ہے۔

Read more

Local News