چین کی وزارت خارجہ کے یورپی امور کے شعبہ کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر وانگ لوٹونگ نے کہا ’’یوکرین کی طرف سے ایسی کسی درخواست کی معلومات مجھے نہیں ہے‘‘
بیجنگ: چین نے ہفتے کے روز واضح کیا کہ اسے یوکرین کی جانب سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی کہ چین اس کا سکیورٹی گارنٹر بنے۔
چین کی وزارت خارجہ کے یورپی امور کے شعبہ کے ڈائریکٹر جنرل وانگ لوٹونگ نے یہ اطلاع دی۔ مسٹر وانگ نے کہا ’’یوکرین کی طرف سے ایسی کسی درخواست کی معلومات مجھے نہیں ہے‘‘۔
روس کے ساتھ مذاکرات کرنے والے یوکرائنی وفد کے رکن ڈیوڈ ارخامیا نے منگل کے روز بتایا کہ یوکرین کے لیے سکیورٹی گارنٹی کا ایک نیا نظام تجویز کیا گیا ہے ساتھ ہی کہا کہ ترکی، جرمنی، کینیڈا، اٹلی، پولینڈ اور اسرائیل کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو یوکرین اپنے سکیورٹی گارنٹر کے طور پر دیکھتا ہے۔
مسٹر وانگ نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کے درمیان جمعہ کو ہونے والی میٹنگ کے دوران اس معاملے پر بات نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چین یوکرین اور روس کے درمیان صلح کی کوشش کر رہا ہے، لیکن اس کے کردار کو زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہیے کیونکہ جنگ صرف اس لیے نہیں رک جائے گی کہ چین ایسا چاہتا ہے۔

