ہماچل پردیش میں ریاستی حکومت نے کورونا پابندیوں کو 31 جنوری تک بڑھا دیا ہے
شملہ: ہماچل پردیش میں کورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے اس بابت عائد پابندیوں کو 31 جنوری تک بڑھا دیا ہے۔
پابندیوں کے تحت ریاست میں تعلیمی ادارے اب 31 جنوری تک بند رہیں گے۔ اسی طرح جو پابندیاں 14 جنوری سے 26 جنوری تک نافذ کی گئی تھیں اب 31 جنوری تک نافذ رہیں گی۔
حکومت نے 25 جنوری کو ریاستی یوم تاسیس اور 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد سے متعلق رہنما خطوط بھی جاری کیے ہیں۔ ان تقریبات میں صرف 50 فیصد افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔
اس سلسلے میں ریاستی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے تمام ضلع ڈپٹی کمشنروں اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات میں کورونا کے حوالے سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔
اس دوران سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری صرف 50 فیصد رہے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی۔ شادیوں اور دیگر سماجی، مذہبی، سیاسی، کھیل، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں میں ہال کے اندر گنجائش کا صرف 50 فیصد یا کھلے میں زیادہ سے زیادہ 100 اور 300 افراد شرکت کر سکتے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں آن لائن پڑھائی جاری رہے گی۔ ان پابندیوں کا اطلاق صحت، پولیس، فائر برگیڈ، محکمہ جل شکتی، محکمہ بجلی، بینک، ٹریزری سے متعلق ملازمین پر نہیں ہوگا۔
ریاست میں سیاسی، کھیل، تعلیمی اور ثقافتی تقریبات کے لیے متعلقہ ایس ڈی ایم سے اجازت لینی ہوگی۔ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس کو کورونا قوانین پر عمل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ دکانوں کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات مقرر کیے جائیں گے۔ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، دکانیں کھولنے اور بند کرنے کے لیے بھیڑ کم کرنے کے حوالے سے وقت کا تعین کریں گے۔

