قومی راجدھانی میں 37 سالہ شخص کے اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ نئے معاملے کے ساتھ ہی ملک میں اومیکرون کے معاملات کی تعداد اب تک پانچ ہوگئی ہے۔
نئی دہلی: قومی راجدھانی میں حال ہی میں تنزانہ سے واپس آئے 37 سالہ شخص کے اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔
مسٹر جین نے یہاں آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مریض کو لوک نائک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں دہلی حکومت کی طرف سے اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر پائے جانے والوں کے لئے نوڈل سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریض دو دسمبر کو دہلی واپس آیا تھا اور اس میں بیماری کی ہلکی علامات نظر آئی ہیں۔ مریض کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کووڈ۔ 19 ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس کی رپورٹ پازیٹیو آنے کے بعد اسے اسپتال میں منتقل کردیا گیا اور اس کا نمونہ دہلی میں ایک آئی این ایس اے سی او جی لیباریٹری میں بھیجا گیا۔
ایک سینئر افسر نے کہا کہ آج آئی ان کی جینوم کی رپورٹ میں اومیکرون ویرئینٹ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام نے یہ بھی کہا کہ تقریباً 17 مسافروں نے مرکز کے نامزد ’خطرے والے‘ ممالک کا سفر کیا ہے۔ انہیں کووڈ سے متاثر پائے جانے کے بعد لوک نائک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
نئے معاملے کے ساتھ ہی ملک میں اومیکرون کے معاملات کی تعداد اب تک پانچ ہوگئی ہے۔ اس معاملے میں دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔ پہلے دو اومیکرون کے معاملے بنگلورو سے سامنے آئے تھے۔ تیسرا گجرات کے جام نگر کا اور چوتھا مہاراشٹر کے ڈومبی ولی میں سامنے آیا تھا۔

