سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین تصادم آرائی میں جیش محمد نامی دہشت گرد تنظیم کے ایک کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ یار علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین تصادم آرائی میں جیش محمد نامی دہشت گرد تنظیم کے ایک کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے اپنے ایک ٹویٹ میں اس انکاؤنٹر کے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس تصادم آرائی میں کالعدم تنظیم جیش محمد سے وابستہ ایک کمانڈر اور ایک غیر مقامی دہشت گرد مارا گیا۔
#PulwamaEncounterUpdate: #Terrorist commander of proscribed #terror outfit JeM Yasir Parray, an IED Expert & foreign terrorist Furqan #neutralised. Both were involved in several terror #crime cases. A big #success: IGP Kashmir@JmuKmrPolice https://t.co/ahzk4nEFcm
— Kashmir Zone Police (@KashmirPolice) December 1, 2021
انہوں نے مہلوکین کی شناخت یاسر پرے جو جیش محمد کا کمانڈر تھا اور فرقان کے طور کی۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ یاسر ایک آئی ای ڈی ایکسپرٹ تھا جبکہ فرقان غیر مقامی دہشت گرد تھا۔
پولیس نے ان دو دہشت گردوں کی ہلاکت کو ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کئی ملی ٹنسی سے متعلق جرائم میں ملوث تھے۔
قبل ازیں ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ’منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پلوامہ کے قصبہ یار راجپورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران 2 ملی ٹنٹ مارے گئے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ گاؤں میں تلاشی آپریشن ابھی جاری ہے۔

