عراق کی وزارت صحت نے کہا کہ جھڑپوں میں 125 افراد زخمی ہوئے جس میں 27 شہری ہیں اور بقیہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ہیں۔
بغداد: عراق میں گزشتہ ماہ سامنے آنے والے انتخابی نتائج کے خلاف دارالحکومت بغداد میں احتجاج کرنے والے سینکڑوں مظاہرین کی پولیس اور سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کی وزارت صحت نے کہا کہ جھڑپوں میں 125 افراد زخمی ہوئے جس میں 27 شہری ہیں اور بقیہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ہیں۔
ایران کی حمایت یافتہ حشد الشعبی کا سیاسی بازو تصور کی جانے والی جماعت کی گزشتہ انتخابات میں نشستیں کم ہوئی تھیں اور اس جماعت نے ان انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اسے فراڈ قرار دیا ہے۔
مظاہرین نے گرین زون تک جانے والے راستے تین اطراف سے بند کردیئے تاہم اس کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ کرکے انہیں منتشر ہونے پر مجبور کردیا۔
وزارت صحت کے مطابق جھڑپوں میں کوئی بھی شخص ہلاک نہیں ہوا لیکن ایران کے حامی کچھ گروپس نے پیغام رسائی کی ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ پر پولیس پر مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
تاہم وزارت صحت کے دعوت کے برعکس ہشد کے طاقتور دھڑے حزب اللہ بریگیڈ نے کہا کہ پولیس کی فائرنگ سے دو مظاہرین مارے گئے۔

