بہار کی نائب وزیر اعلیٰ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی وزیر رینو دیوی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ فی الحال ریاست میں 15 اضلاع کے 82 بلاک سیلاب کی زد میں ہیں۔
پٹنہ: بہار کی نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی نے آج کہا کہ ریاست کے 15 اضلاع کے 82 بلاک سیلاب کی زد میں ہیں اور اس سے اب تک پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی وزیر رینو دیوی نے یہاں ہفتہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ فی الحال ریاست میں 15 اضلاع کے 82 بلاک سیلاب کی زد میں ہیں۔ ان میں پٹنہ، مظفرپور، دربھنگہ، سہرسہ، سپول، لکھی سرائے، بھاگل پور، بھوج پور، کھگڑیا، سارن، بکسر، بیگوسرائے، کٹہار، مونگیر اور سمستی پور اضلاع شامل ہیں۔
محترمہ رینو دیوی نے کہا کہ ان 15 اضلاع کے 82 بلاک میں راحت اور بچاؤ کیمپ چلائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح کل 178 کمیونٹی کچن چلائے جا رہے ہیں، جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد کے لئے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں کی ٹیم بھی کیمپ کر رہی ہے اور ضرورت ہونے پر لوگوں کی جانچ کے ساتھ ہی دوا بھی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مویشیوں کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اب تک سیلاب سے پانچ لوگوں کی موت ہونے کی اطلاع
نائب وزیر نے کہا کہ اب تک سیلاب سے پانچ لوگوں کی موت ہونے کی اطلاع ہے۔ حکومت ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہے جس سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ متاثرہ علاقوں میں 1729 کشتیاں چلائی جا رہی ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) و اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ندیوں کے بڑھتی آبی سطح پر محکمہ آبی وسائل کے انجینئر 24 گھنٹے گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے راگھوپور کے سیلاب متاثرہ علاقے کے دورہ کے تعلق سے کہا کہ ان کے پاس صرف ایک اسمبلی حلقہ ہے جبکہ میرے پاس ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہی ہوں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار مسلسل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے افسران کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں۔
محترمہ رینو دیوی نے اپوزیشن لیڈر کے سیلاب متاثرین کو چھ ہزار روپے دینے کے بجائے مزید رقم دینے پر انہوں نے کہا کہ جتنا بجٹ ہے اس حساب سے کام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پر مرکزی حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی کام کیا جاتاہے۔

