پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ حکومت مغربی بنگال نے آج اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ لانچ کیا ہے۔ اس اسکیم سے بنگال کے نوجوان خود پر انحصار کرنے کے قابل ہوں گے۔
کلکتہ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج طلبا کے لئے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کی شروعات کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ حکومت مغربی بنگال نے آج طلبا کے لئے اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ لانچ کیا ہے۔ اس اسکیم سے بنگال کے نوجوان خود پر انحصار کرنے کے قابل ہوں گے۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ کم سود پر 10 لاکھ روپے قرض دئیے جائیں گے۔ اسکیم کے تحت مدھیامک سے لے کر پروفیشنل کورسز تک کے لئے ملک یا بیرون ملک کسی بھی تسلیم شدہ تعلیمی انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹریٹ / پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچ کے لئے قرض فراہم کیا جائے گا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ قرض یو پی ایس سی کی تیاری کرنے والوں کو بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جو آئی آئی ٹی، آئی ایم ایس، این ایل یو ایس، آئی اے ایس، آئی پی ایس اور ڈبلیو بی سی ایس جیسے دیگر مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کر رہے ہیں، انہیں بھی اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ ریاست کا کوئی بھی طالب علم روپے کی قلت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔
تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت مغربی بنگال کے متعدد اقدامات
تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت مغربی بنگال نے متعدد اقدامات کئے ہیں جیسے اسکول بیگ، جوتے، یونیفارم، کتابیں، سائیکلیں، سوامی ویویکانند میرٹ اسکالر شپ، کنیاشری جیسے اسکالرشپ شامل ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ان کی حکومت نے تعلیم پر 10 گنا اضافی خرچ کیا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے اس اسکیم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زیادہ دنوں تک نہیں چل سکے گا۔ حکومت نے اس کے لئے کوئی بھی منصوبہ نہیں بنایا ہے۔

