بدھ, اپریل 1, 2026

اوٹی میں چاکلیٹ فیکٹری چلانے والی خواتین سے راہل گاندھی کی ملاقات، دیکھیں ویڈیو…

Share

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تمل ناڈو کے نیلگری میں چاکلیٹ فیکٹری چلانے والی خواتین سے متعلق ایک کہانی شیئر کی ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ’’70 ناقابل یقین خواتین کی ایک ٹیم اوٹی کی مشہور چاکلیٹ فیکٹریوں میں سے ایک کو چلاتی ہے! موڈیز چاکلیٹس کی کہانی ہندوستان کے ایم ایس ایم ایز کی عظیم صلاحیت کا ایک قابل ذکر ثبوت ہے۔ میں نے اپنے حالیہ نیلگری کے سفر کے دوران جو دیکھا وہ پیش خدمت ہے۔‘‘

خیال رہے کہ 13 اگست کو راہل گاندھی نے نیلگری میں تھلائی کوندھا کے قریب ٹوڈا قبائلی بستی موتھنادمنڈ کا بھی دورہ کیا تھا اور قبائلی برادری کے ارکان سے بات چیت کی تھی۔ یہاں انہوں نے مندروں کا بھی دورہ بھی کیا تھا۔

کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ حال ہی میں وائناڈ کا دورہ کرتے ہوئے مجھے اوٹی کے مشہور برانڈز میں سے ایک موڈیز چاکلیٹس کی فیکٹری کا دورہ کر کے خوشی ہوئی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اس چھوٹے سے کاروبار کے پیچھے جوڑے مرلیدھر راؤ اور سواتی کا کاروباری جذبہ متاثر کن ہے۔ اس کے ساتھ کام کرنے والی تمام خواتین کی ٹیم یکساں طور پر قابل ذکر ہے۔ 70 خواتین کی یہ سرشار ٹیم بہترین چاکلیٹ بناتی ہے، جس کا میں نے بھی ذائقہ لیا۔

انہوں نے کہا ’’تاہم، ملک بھر میں ان گنت دیگر چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کی طرح ان کا کاروبار بھی گبر سنگھ ٹیکس (جی ایس ٹی) کے بوجھ سے دوچار ہے۔ ایک ایسے منظر نامے میں جہاں حکومت ایم ایس ایم ای سیکٹر کو نقصان پہنچاتے ہوئے بڑے کارپوریٹس کی حمایت کرتی نظر آتی ہے۔ یہ ان خواتین جیسے محنتی ہندوستانیوں کی ہمت ہے، جن سے میں نے یہاں ملاقات کی جو ہندوستان کو ترقی کے راستہ پر گامزن رکھتے ہیں۔‘‘

Read more

Local News