اتوار, مارچ 29, 2026

سرکارا مندر میں اب نہیں لگے گی آر ایس ایس کی شاخہ، ہائی کورٹ نے لگائی پابندی

Share

کیرالہ میں ترووننت پورم کے سرکارا دیوی مندر احاطہ میں آر ایس ایس کے ذریعہ شاخہ (پریکٹس سیشن) لگائے جانے پر کیرالہ ہائی کورٹ نے پابندی عائد کر دی ہے۔ ہائی کورٹ نے سرکاری دیوی مندر میں آر ایس ایس کے ٹریننگ کیمپ کو چیلنج پیش کرنے والی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ صادر کیا۔ عدالت نے کہا کہ سرکارا مندر کا انتظام و انصرام تراونکور دیوسووم بورڈ (ٹی ڈی بی) کے ہاتھوں میں ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

کیرالہ ہائی کورٹ نے کہا کہ مندر کے احاطہ میں کسی اجتماعی پریکٹس یا اسلحہ تربیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حالانکہ مندر احاطہ میں اسلحہ ٹریننگ پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے، اور اب شاخہ لگائے جانے پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ مندر احاطہ کا استعمال اجتماعی ڈرِل یا اسلحہ ٹریننگ کے لیے نہیں کیا جا سکتا ہے، وہاں صرف پوجا-تہوار منانے کی ہی اجازت ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ ٹی ڈی بی نے پہلے ہی کہا تھا کہ مندر احاطہ میں پوجا اور تہوار کے علاوہ کسی دیگر انعقاد کی اجازت نہیں ملے گی۔ حال ہی میں جسٹس انل کے. نریندرن اور جسٹس پی جی اجیت کمار کی بنچ نے اس معاملے پر ایک حکم سنایا تھا۔ اس دوران بھی بنچ نے مندر احاطہ میں کسی اجتماعی پریکٹس یا اسلحہ تربیت کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کے شاخہ پر روک لگانے کی بات کہی تھی۔

Read more

Local News