بدھ, اپریل 1, 2026

مدھیہ پردیش: اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو لگا ایک اور جھٹکا، سابق رکن اسمبلی کے بیٹے-بہو کانگریس میں شامل

Share

مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان جلد ہی ہونے والا ہے، لیکن اس سے پہلے بی جے پی کو ایک بار پھر جھٹکا لگا ہے۔ جمعرات کو ستنا ضلع کے ریگاؤں اسمبلی حلقہ کے سابق رکن اسمبلی جگل کشور باگری کے بیٹے دیوراج باگری اور ان کی بیوی وندنا باگری نے بھوپال میں کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی۔

کانگریس کے سابق صدر ارون یادو نے بی جے پی کو لگے اس جھٹکے پر کہا کہ ریاست کے الگ الگ حصوں سے بڑی تعداد میں بی جے پی کے لوگ کانگریس کا دامن تھام رہے ہیں۔ نیواڑی، چھترپور، ٹیکم گڑھ، دَتیا، شیوپوری وغیرہ مقامات سے کئی بی جے پی لیڈران کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ بی جے پی میں بری طرح بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔ اس بھگدڑ کا نتیجہ ہے کہ حکومت اب کابینہ کی توسیع کرنا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ ریگاؤں میں ہوئے ضمنی انتخاب میں بارگی جوڑا نے بی جے پی کی طرف سے ٹکٹ کی دعویداری کی تھی، لیکن انھیں ناکامی ہاتھ لگی تھی۔ لہٰذا انھوں نے پارٹی کے ذریعہ طے امیدوار پرتیما باگری کی کھل کر مخالفت کی تھی۔ ویسے اس وقت ریگاؤں اسمبلی حلقہ سے کانگریس کی رکن اسمبلی کلپنا وَرما ہیں۔

دراصل مدھیہ پردیش میں اسی سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے پہلے پارٹی بدلنے کا کھیل جاری ہے۔ لیکن اس معاملے میں کانگریس لگاتار بی جے پی پر بھاری پڑ رہی ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں کے کئی سرکردہ بی جے پی لیڈران، سابق اراکین اسمبلی، سابق اراکین پارلیمنٹ اب تک کانگریس کا دامن تھام چکے ہیں۔ اسمبلی انتخاب سے پہلے ریاست میں کانگریس کی طرف لیڈروں کے بڑھتے رجحان سے واضح ہے کہ ریاست میں ہوا پوری طرح سے بی جے پی کے خلاف ہے۔

Read more

Local News