جمعرات, اپریل 2, 2026

سنجے راوت نے اجیت پوار کو کہا ’کٹھ پھوڑا‘، کہا شندے کی کرسی میں سوراخ کریں گے

Share

کچھ دن پہلے این سی پی سربراہ شرد پوار اور مہاراشٹر کے نئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی پونے میں ملاقات سے ریاست کی سیاست میں گرمی پیدا ہو گئی ۔ اس پر سیاسی حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ ان کی ملاقات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے،  رکن پارلیمنٹ اور شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راوت نے کہا، ‘ان کی ملاقات سیاست سے بالاتر تھی۔ دونوں کی ملاقات کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرد پوار اور اجیت پوار کئی غیر سیاسی تنظیموں کے لیے کام کر رہے ہیں، یہ تنظیمیں وقتاً فوقتاً میٹنگیں کرتی ہیں اور وہ ان کے کام میں شامل ہے۔

سنجے راوت نے سامنا کے ہفتہ وار مضمون میں ان کی ملاقات اور دونوں کے سیاسی طریقوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا، ‘کئی ماہرین مہاراشٹر میں پوار خاندان کی سیاست کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں’۔ ایم پی سنجے راوت نے بالاصاحب ٹھاکرے کے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ‘بالا صاحب ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے سیاسی رہنماؤں پر ایک کارٹون بنایا تھا، جس میں انہوں نے شرد پوار کو  کٹھ پھوڑا  کے طور پر دکھایا تھا۔واضح رہے کٹھ پھوڑا ایک پرندہ ہے جس کا نام ہد ہد ہے اور وہ لکڑی میں سوراخ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے  خیال میں اجیت پوار ایک کٹھ پھوڑا  کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے این سی پی میں سوراخ کر دیا ہے۔

مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم دیویندر فڑنویس پر الزام لگاتے ہوئے، انہوں نے کہا، ‘دیویندر فڑنویس اس کٹھ پھوڑا (اجیت پوار) کو ایکناتھ شندے کی کرسی میں سوراخ کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ مہاراشٹر کے ایک وفد نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وفد کا ماننا ہے کہ سی ایم شندے کو مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ بنانا بی جے پی کی سیاسی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ راوت نے کہا کہ اب بھی سی ایم شندے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں ریاست کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ایسا ہے تو اجیت پوار کو اس اتحاد میں شامل نہیں ہونا چاہئے تھا۔

ہندوستان ٹائمز میں شائع خبر کے مطابق سنجے راوت نے اجیت پوار پر طنز کرتے ہوئے کہا، ‘شرد پوار اجیت پوار کو سیاست میں لائے ہیں، اجیت پوار آج جو کچھ بھی ہیں وہ شرد پوار کی وجہ سے ہیں۔ ان سب کے باوجود اجیت پوار نے شرد پوار کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی ہلچل کے درمیان ملاقات کر رہے ہیں، اس لیے لوگوں میں کنفیوژن پیدا ہونے لازمی  ہے۔ تاہم جہاں تک انہیں  معلوم ہے یہ ملاقات غیر سیاسی تھی۔ شرد پوار کئی تعلیمی اور زرعی اداروں کے لیے کام کر رہے ہیں، اس میں انہوں نے اجیت پوار کو بھی شامل کیا ہے۔ شاید یہ ملاقات ان اداروں کے مستقبل کے پروگرام کے بارے میں تھی۔

Read more

Local News