جمعہ, اپریل 3, 2026

اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کی پہلی فہرست جاری، مدھیہ پردیش کے 39، چھتیس گڑھ کے 21 امیدواروں کا اعلان

Share

رواں سال کے آخر میں 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اس تعلق سے بی جے پی نے بڑی پیش قدمی کرتے ہوئے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ مدھیہ پردیش کے 39 اور چھتیس گڑھ کے 21 امیدواروں کا اعلان بی جے پی نے کر دیا ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات کو لے کر پوری طرح کمر کس چکی ہے۔

اس سے قبل بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ بدھ کے روز نئی دہلی کے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی تھی۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ رمن سنگھ نے میٹنگ کے دوران صلاح و مشورہ میں حصہ لیا تھا۔ دیر رات تک چلی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر اشونی ویشنو اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت بی جے پی کے کئی بڑے لیڈران شامل ہوئے تھے۔

اس دوران مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سی ای سی اراکین نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تیاریوں کا تجزیہ بھی کیا۔ کمیٹی میں چھتیس گڑھ کی 90 اسمبلی سیٹوں پر سلسلہ وار بات چیت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 2 گھنٹے تک چھتیس گڑھ کی اسمبلی سیٹوں پر تبادلہ خیال چلتا رہا۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش کی اسمبلی سیٹوں پر گفتگو شروع ہوئی۔ میٹنگ کے دوران پارٹی اعلیٰ کمان کی توجہ سب سے زیادہ کمزور سیٹوں پر مرکوز تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آخر تک پانچ ریاستوں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان، تلنگانہ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ابھی کسی بھی ریاست کے لیے انتخاب کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا۔ لیکن بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر اپنا جارحانہ رخ ظاہر کر دیا ہے۔

Read more

Local News