جمعہ, مارچ 13, 2026

یوکرین پر روسی حملے، 5 افراد ہلاک، شہریوں کی جنگ نہ لڑنے اور ملک چھوڑنے کی کوشش، امریکہ سے امداد کا مطالبہ

Share

سکریٹری جنرل ناٹو نے روسی صدر سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر نو فلائی زون کا نفاذ نہیں کرسکتے ورنہ بڑی جنگ ہو جائے گی

کیف: جنگ زدہ ملک یوکرین کے شہر چرنی ہیو میں روسی حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ماریوپول تھیٹر پر حملے میں کئی افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

وہیں یوکرین کے شہریوں نے جنگ لڑنے سے گریز کرتے ہوئے ہر ممکن طریقے سے ملک چھوڑنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بچوں کے کپڑوں کے ڈبے میں چھپ کر مالدوا جانے والا ایک یوکرین کے شہری حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پکڑے گئے شخص کی گاڑی بیوی چلا رہی تھی، جبکہ 2 بچے بھی گاڑی میں موجود تھے۔ میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یوکرین کی فوج نے مرد کو ڈبے میں سے نکال کر واپس بھیج دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کے شہر چرنی ہیو میں روسی فوج کے حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ماریوپول تھیٹر پر حملے میں کئی افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

زیلنسکی کا امریکہ سے امداد کا مطالبہ

جنگ کے بعد یوکرین کے صدر نے ملکی صورتحال نائن الیون اور پرل ہاربر جیسی کہہ کر امریکی کانگریس سے امداد مانگ لی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کیلئے 8 سو ملین ڈالر مزید امداد کا اعلان کرتے ہوئے روس کے صدر پیوٹن کو جنگی مجرم قرار دیا ہے۔ جو بائیڈن کے بیان پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ مغرب کی جانب سے دنیا پر غلبہ کی کوشش اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے۔

پیوٹن نے اپنے شہریوں کو ملک کے غداروں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ روس کو تباہ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین میں آپریشن جاری رہے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کے فوج پر زہریلے ہتھیاروں سے حملہ کرکے روس کو بدنام کرنے کی سازش کا دعویٰ کیا ہے۔

قبل ازیں سکریٹری جنرل ناٹو نے روسی صدر سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر نو فلائی زون کا نفاذ نہیں کرسکتے ورنہ بڑی جنگ ہو جائے گی۔

Read more

Local News