جمعہ, مارچ 13, 2026

یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلبہ کی تعلیم سے متعلق دہلی ہائی کورٹ میں عرضی دائر

Share

عرضی میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ ہنگامی حالات میں یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلبہ کے لیے ملک کے اندر میڈیکل کالجوں میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے انتظامات کرے

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ میں یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلبہ کی پڑھائی ملک کے میڈیکل کالجوں میں دوبارہ شروع کرنے سے متعلق مرکزی حکومت کو ہدایت دینے کے لئے ایک عرضی دائر کی گئی ہے۔

اوورسیز لیگل سیل کی طرف سے دائر اس عرضی میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ ہنگامی حالات میں یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے لیے ملک کے اندر میڈیکل کالجوں میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے انتظامات کرے۔ عرضی گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ اس بارے میں باضابطہ طور پر ابھی تک کچھ نہ کئے جانے پر عدالت میں عرضی دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوکرین سے بحفاظت نکال کر لائے گئے طلبا جن میں تقریباً دو ہزار طلبا شامل، ان کا مستقبل غیر یقینی صورتحال میں پھنس گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت زندگی کے حق کی ضمانت میں ان ہندوستانی طلباء کا ملک میں تعلیم مکمل کرنے کا حق بھی شامل ہے، جو موجودہ جنگ جیسی صورتحال میں مجبوری میں بیرون ملک سے واپس آئے ہیں۔

عرضی گزار اس عرضی کے ذریعے مرکزی حکومت اور نیشنل میڈیکل کمیشن کے لئے عدالت کی جانب سے ہدایت دینے کی مانگ کر رہا ہے، تاکہ یوکرین سے واپس آنے والے ہندوستانی میڈیکل طلباء کی ملک کے میڈیکل کالجوں میں تعلیم شروع کرنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔

Read more

Local News