مغربی بنگال میں کووڈ کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند
کولکاتہ: مغربی بنگال حکومت نے اتوار کو ریاست میں کووڈ کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند کرنے اور شام 7 بجے تک 50 فیصد گنجائش کے ساتھ لوکل ٹرینوں کو چلانے کی اجازت دینے کے علاوہ دیگر پابندیوں کا اعلان کیا۔
ریاست کے چیف سکریٹری ایچ کے دویدی نے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری دفاتر، نجی دفاتر اور ادارے ایک وقت میں 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کریں گے۔ اس کے ساتھ جہاں تک ممکن ہو سکے ’گھر سے کام‘ کو فروغ دیا جائے گا۔
مسٹر دویدی نے کہا کہ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے موجودہ پابندیوں اور رعایتوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ سفارش کی ہے۔

