مہاراشٹر کے ضلع احمد نگر میں کورونا معاملات میں اضافہ کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے 61 گاؤں میں مکمل لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔
پونے: مہاراشٹر کے ضلع احمد نگر میں کورونا معاملات میں اضافہ کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے پیر سے 13 اکتوبر تک 61 گاؤں میں مکمل لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔ ان گاؤں میں کسی بھی جگہ پر پانچ سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر حکم امتناعی سے متعلق احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔
احمد نگر ڈسٹرک مجسٹریٹ ڈاکٹر راجندر بھونسلے نے بتایا کہ ان گاؤوں میں روزانہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان میں کورونا پازیوٹی شرح پانچ فیصد سے زیادہ درج کی گئی ہے۔ اس کے مد نظر ان گاؤوں میں حکم امتناعی جاری کرنے کے ساتھ ہی لاک ڈاؤن بھی لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ضلع کے سنگم نیر، شری گونڈہ، راہتا، پارنیر، اکولے، کرجت، کوپرگاؤں، نواسہ اور دیگر کو ملاکر 13 تعلقہ کورونا سے بری طرح متاثر ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں صرف ادویات، دودھ اور ضروری خدمات کی فراہمی معمول کے مطابق رہے گی۔
انہوں نے لوگوں سے ضلع انتظامیہ کی ہدایات کو ماننے اور صورت حال معمول پر آنے تک ان کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا کہ ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے روزانہ 500 سے 800 معاملے آ رہے تھے اور فعال مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر دس فیصد سے زیادہ ہو گئی تھی۔ جس کے پیش نطر موجودہ حالات میں مکمل لاک ڈاؤن کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا تھا۔

