افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دولت اسلامیہ خراسان دہشت گرد گروہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے امریکی ڈرون حملے میں مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
کابل: افغان دارالحکومت کابل میں دولت اسلامیہ خراسان دہشت گرد گروہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے امریکی ڈرون حملے میں مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ یہ اطلاع ’الجزیرہ‘ نے پیر کو دی۔
اس سے قبل، سی این این کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چھ بچوں سمیت نو شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ ’الجزیرہ‘ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بچوں میں ایک چار سالہ، ایک تین سالہ اور دو دو سال کے بچے شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان کے رکن تھے جن کا اسلامک اسٹیٹ دہشت گرد گروپ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
اتوار کے روز میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن بل اربن نے دھماکہ خیز مواد سے بھری کار میں فضائی حملے کی تصدیق کی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا تعلق اسلامک اسٹیٹ خراسان دہشت گرد گروپ سے ہے۔
جمعرات کو دہشت گرد تنظیم نے کابل ایئرپورٹ پر خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 13 امریکی فوجی اور 170 دیگر ہلاک ہوگئے تھے۔

