افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد سے طالبان کی جانب سے تشدد میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ طالبانی تشدد کو روکنے کے لیے افغان فوج نے بھی کمر کس لی ہے اور روزانہ فضائی اور زمینی کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہی ہے۔
کابل: افغانستان کے قندوز اور نیمروز صوبوں میں طالبانی تشدد کو روکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دونوں صوبوں کے طالبانی گورنروں سمیت 25 دہشت گرد مارے گئے۔
وزارت دفاع کے نائب ترجمان فواد امان نے ہفتہ کے روز ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں جمعہ کی شب افغانستان نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی فورس اور باغی فورسز کے جوانوں کے ساتھ جھڑپ میں صوبے کے طالبانی گورنر سمیت گیارہ دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبہ نیمروز کے زرنج شہر میں طالبانی دہشت گردوں کے ایک اجتماع پر فضائیہ کے حملے میں طالبانی گورنر عبدالخالق سمیت 14 دہشت گرد مارے گئے۔
اس کے علاوہ صوبہ بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد اور صوبہ تخار کے دارالحکومت تلیکان پر طالبان کے حملوں کو گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ شہروں کے مضافات میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ افغانستان سے مئی سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد سے طالبان کی طرف سے تشدد میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ طالبانی تشدد کو روکنے کے لیے افغان فوج نے بھی کمر کس لی ہے اور روزانہ فضائی اور زمینی کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہی ہے۔

