مرکزی حکومت نے بدھ کے روز اعلی معیار کے اسٹیل سیکٹر کے لئے 6322 کروڑ روپے کے پروڈکشن پر مبنی مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا۔
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز اعلی معیار کے اسٹیل سیکٹر کے لئے 6322 کروڑ روپے کے پروڈکشن پر مبنی مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ جس میں 40 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری متوقع ہونے اور 68،000 افراد کو براہ راست روزگار فراہم کرنے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ نے اسٹیل کے شعبے کے لئے پیداوار پر مبنی مراعاتی پیکیج فراہم کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔
اس میٹنگ کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ رقم اگلے پانچ برسوں میں ملک میں مصنوعات کی تیاری کے لئے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے ملک میں ’ہائی گریڈ اسپیشلٹی اسٹیل‘ کی پیداوار کو فروغ ملے گا۔ اس کے علاوہ اس سے برآمدات میں اضافہ بھی ہوگا اور اعلی معیار کے اسٹیل کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔
توقع ہے کہ اس اسکیم میں لگ بھگ 40،000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 25 ٹن کی گنجائش کے اضافے کا امکان ہے۔ اس اسکیم کی مدت 2023-24 سے 2027- 28 تک شروع ہونے والے پانچ سال ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اضافی پیداوار اور سرمایہ کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اسکیم میں روزگار پیدا کرنے کی تقریبا 5.25 لاکھ صلاحیت ہے، جس میں سے 68،000 براہ راست اور بقیہ بالواسطہ ملازمت ملیں گے۔

