افغانستان کے 20 صوبوں اور نو شہروں میں طالبان کے خلاف لڑائی جاری ہے۔ مختلف حصوں میں گزشتہ چار دنوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 967 طالبانی دہشت گرد مارے گئے اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
کابل: افغانستان کے مختلف حصوں میں گزشتہ چار دنوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 967 طالبانی دہشت گرد مارے گئے اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان سیکیورٹی اور ڈیفنس فورسز کے ترجمان جنرل اجمل شنواری نے اتوار کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے 20 صوبوں اور نو شہروں میں طالبان کے خلاف لڑائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا ’’صورتحال میں بہتری کی توقع ہے۔ ایک فوجی جنرل کی حیثیت سے میں یقین دلاتا ہوں کہ تمام افغان علاقوں کا بہادری کے ساتھ دفاع کیا جائے گا‘‘۔
ٹولو نیوز کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی صوبہ تخار کے طالقان شہر کے بیرونی علاقہ میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ یہاں کے رہنے والے مقامی لوگوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے گزشتہ دو ہفتوں سے شہر کو کنٹرول میں لے رکھا ہے۔
طالقان کے رہائشی عبدالکریم نے بتایا ’’صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ طالبان کی فائرنگ نے یہاں کے مکانات کو بھی اپنی زد میں لے لیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’حکومت کو شہر کو اس صورتحال سے باہر نکالنے کی کوشش کرنی چاہئے‘‘۔

