کانوڑ یاترا کی اجازت دینے کے اترپردیش حکومت کے فیصلے کا سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا ہے اور ریاست کو نوٹس جاری کیا ہے۔
نئی دہلی: عدالت عظمیٰ نے کانوڑ یاترا کی اجازت دینے کے اترپردیش حکومت کے فیصلے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ریاست کو نوٹس جاری کیا ہے۔
جسٹس روہنگٹن ایف نریمن کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے اترپردیش حکومت کے اس فیصلے کا از خود نوٹس لیا اور ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔
عدالت اس معاملہ پر 16 جولائی (جمعہ) کو سماعت کرے گی۔
جسٹس نریمن نے نوٹس جاری کرنے سے قبل ایک انگریزی روزنامہ میں اس سے متعلقہ خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے شہری اپنے گھر چھوڑنے کے لئے پوری طرح بے چین ہیں، انہیں نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے۔ اور یہ سب اس وقت ہو رہا ہے جب وزیر اعظم خود کورونا کی تیسری لہر کی آمد کی بات کر رہے ہیں۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کورونا وبائی امراض کے پیش نظر ایسی کسی بھی کوشش پر قد غن لگائے گی۔
قابل غور ہے کہ کانوڑ یاترا 25 جولائی سے شروع ہونا ہے۔ اتراکھنڈ حکومت نے کورونا کی ہولناکی کو دیکھتے ہوئے کانوڑ یاترا پر پابندی عائد کردی ہے۔ جبکہ اترپردیش حکومت نے اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

